• Mon, 08 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنگ زدہ فلسطین اور شام فیفا عرب کپ کے کوارٹر فائنل میں داخل

Updated: December 08, 2025, 4:02 PM IST | Doha

میزبان قطر گروپ مرحلے میں ہی باہر۔ شام نے بھی اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ فیفا عرب کپ ۲۰۲۵ء میں ایک بڑا اُلٹ پھیر ہوا ہے، جہاں ایشیائی چیمپئن اور ٹورنامنٹ کے فیورٹ میزبان قطر گروپ اسٹیج سے باہر ہو گیاہے۔

Palestine Match.Photo:INN
فسلطینی کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این

فیفا عرب کپ ۲۰۲۵ء میں ایک بڑا اُلٹ پھیر ہوا ہے، جہاں ایشیائی چیمپئن اور ٹورنامنٹ کے فیورٹ میزبان قطر گروپ اسٹیج سے باہر ہو گیاہے۔ اس کے برعکس، جنگ سے متاثرہ ملک فلسطین نے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے پہلی بار کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
تیونس نے ایشین چیمپئن قطر کو ۰۔۳؍گول سے شکست دی  جبکہ فلسطین نے شام کے ساتھ بغیر گول کے میچ برابری پر ختم کرکے پہلی بار عرب کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔ الریان کے ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں شام کے خلاف فلسطین کا ۰۔۰؍سے ڈرا ہی کوارٹر فائنل تک رسائی کے لیے کافی ثابت ہوا۔ دوسری جانب میزبان اور فیورٹ سمجھی جانے والی قطر کی ٹیم ال خو حر کے البیت اسٹیڈیم میں تیونس سے۰۔۳؍گول  کی عبرتناک شکست کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
گروپ اے کے آخری راؤنڈ میں داخل ہوتے وقت فلسطین اور شام پوائنٹس ٹیبل میں سبقت لے چکے تھے  جبکہ قطر کو اگلے مرحلے میں جانے کے لیے تیونس  کے خلاف بڑی جیت درکار تھی، جو اسے حاصل نہ ہوسکی۔ قطر کا دفاع بکھر گیا، تیونس نے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ قطر کی دفاعی کمزوری میچ کے ۱۶؍ویں منٹ میں ہی سامنے آگئی جب گول کیپر مشعل برشام کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محمد علی بن رومضان نے قریب سے گیند جال میں پہنچا دی۔
اگرچہ پہلے ہاف میں مزید گول ہونے سے قطر نے خود کو بچائے رکھا، لیکن اکرم عفیف کی قیادت میں حملہ آور لائن حد درجہ تھکی ہوئی نظر آئی اور ۶۰؍ فی صد بال پزیشن کے باوجود خطرناک حملے بنانے میں ناکام رہی۔

 

۶۲؍ویں منٹ میں یاسین مریاح نے کارنر کی بدولت ہیڈر کے ذریعے تیونس کی برتری۰۔۲؍گول  کردی۔ چند لمحوں بعد سیف الدین جازیری ریڈ کارڈ کے ذریعے میدان سے باہر بھیجے گئے، مگر ایک کھلاڑی کی کمی کے باوجود قطر مخالف کی کمزوریوں سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔ اختتامی لمحات میں محمد بن علی نے تیسرا گول اسکور کرکے تیونس کی جیت پر مہر ثبت کردی ،تاہم دوسری جانب فلسطین اور شام کے میچ کا نتیجہ آنے کے بعد تیونس بھی قطر کے ساتھ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں فلسطین اور شام نے انتہائی دباؤ والے مقابلے کے بعد۰۔۰؍ سے میچ ختم کیا، جس کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔فلسطین نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں قطر کو میزبان کے ہی  اپنےگول کے باعث شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ دوسرے میچ میں فدائی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے تیونس کے خلاف  ۲۔۲؍ سے ڈرا کھیلا۔ شام نے بھی اپنا پہلا میچ تیونس کے خلاف ۰۔۱؍ سے جیت کر مضبوط آغاز کیا تھا اور آخری گروپ میچ کے لیے دونوں ٹیموں کو صرف ایک پوائنٹ درکار تھا۔

یہ بھی پڑھئے:برآمدات میں کمی آنے سے پیاز کی قیمت میں بڑی گراوٹ

ریفری کے آخری  سٹی کے ساتھ ہی دونوں جانب کے کھلاڑی جذبات سے مغلوب ہوگئے۔ فلسطینی کھلاڑیوں نے پرچم، کفیہ اور نعروں کے ساتھ جشن منایا جبکہ شامی کھلاڑی بھی خوشی سے سرشار نظر آئے۔ غزہ سے تعلق رکھنے والے فلسطینی ڈیفینڈر محمد صالح نے فلسطین اور شام دونوں کے پرچم اٹھا کر جذباتی منظر پیش کیا۔

یہ بھی پڑھئے:مغربی بنگال : پلاسٹک کا کچرا جمع کرانے پر ’ماں کینٹین‘ سے مفت کھانے کی سہولت

عرب کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ
یہ نتیجہ فٹبال دنیا کے لیے حیران کن ہے۔ جنگ زدہ فلسطین اور شام نہ صرف مالی وسائل سے محروم ہیں بلکہ عالمی درجہ بندی میں بھی کہیں پیچھے ہیں۔فلسطین فیفا رینکنگ میں ۹۶؍ویں، شام ۸۷؍ویں جبکہ قطر ۴۵؍ویں پوزیشن پر ہے۔تیونس دنیا میں ۴۰؍ویں نمبر پر موجود افریقہ کی چھٹی بہترین ٹیم ہے۔قطر ۲۰۲۶ء ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی چھ عرب ٹیموں میں شامل ہے  جبکہ نہ فلسطین اور نہ ہی شام نے کبھی فٹبال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔فلسطین اور شام دونوں کی ٹیمیں اب کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں، جہاں ان کی نظریں تاریخ رقم کرنے پر ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK