Inquilab Logo

آئی پی ایل میں آج رشبھ پنت پر نظر

Updated: March 23, 2024, 11:24 AM IST | Agency | Mohali

آج دہلی اور پنجاب مد مقابل۔بھیانک حادثے کے بعد میدان پر لوٹنے والے رشبھ پنت مقابلے کیلئے تیار۔

Rishabh Pant is busy in practice. Photo: INN
رشبھ پنت پریکٹس میں مصروف ۔ تصویر : آئی این این

گزشتہ سیزن کی خراب کارکردگی کو بھول کر جب سنیچرکو انڈین پریمیر لیگ کے نئے سیزن میں دہلی کیپٹلس اور پنجاب کنگز آمنے سامنے ہوں گے تو سب کی نظریں دہلی کے کپتان رشبھ پنت کی واپسی پر ہوں گی۔ مہینوں کے بعد پنت میدان پر لوٹنے والے ہیں۔ پنت جو دسمبر۲۰۲۲ء میں ایک خوفناک کار حادثے میں بال بال بچ گئے تھے، کرکٹ کیلئے اپنے جنون کی وجہ سے قبل از وقت صحت یاب ہو گئے ہیں۔ 
 رشبھ پنت کوبلے باز اور وکٹ کیپرکی حیثیت سے کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے اور وہ کپتانی کی ذمہ داری بھی سنبھالیں گے۔ انہوں نے ڈیوڈ وارنر سے کمان سنبھالی ہے، جن کی کپتانی میں دہلی گزشتہ سال۱۰؍ ٹیموں میں ۹؍ویں نمبر پر تھی۔ دہلی کے کوچ رکی پونٹنگ نے میچ سے پہلے کہاکہ پنت نے شاید اس بار آئی پی ایل سے پہلے اتنی بیٹنگ کی مشق نہیں کی ہو گی۔ وہ اپنے جسم کو دوبارہ اسی حالت میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ پنت نے سخت محنت، لڑنے کے جذبے اور ہمت کے ساتھ صحت یاب ہونے کیلئے ۱۵؍ ماہ کا وقت دیا ہے۔ ان کی واپسی سے دہلی کی ٹیم میں ایک نیا جوش ہے۔ ابھی تک یہ طے نہیں ہے کہ وہ پہلے ہی میچ سے وکٹ کیپنگ کریں گے یا نہیں۔ اگر نہیں تو ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ یا جنوبی افریقہ کے ٹرسٹن اسٹبس یہ ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔ 
 دہلی کے پاس اچھے تیز گیند باز اور جارحانہ بلے باز ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ چکے ڈیوڈ وارنر اچھی کارکردگی پیش کرکے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلوی ٹیم میں جگہ بنانا چاہیں گے۔ دہلی کے پاس پرتھوی شا، مشیل مارش، پنت اور اسٹبس جیسے جارحانہ بلے باز ہیں جبکہ گیند بازی کی قیادت اینریچ نورتجے، ایشانت شرما، مکیش کمار کریں گے۔ کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل اسپن کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: آج سے آئی پی ایل کا آغاز، پہلے مقابلے میں چنئی اور بنگلور آمنے سامنے

 دہلی کی طرح پنجاب کی ٹیم بھی ابھی تک ٹائٹل نہیں جیت سکی ہے۔ یہ صرف ایک بار فائنل میں پہنچی ہے جب اسے۲۰۱۴ء میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ اس کے بعد۲۰۱۹ء سے۲۰۲۲ء تک ٹیم مسلسل ۴؍ سیزن تک چھٹے نمبر پر رہی اور۲۰۲۳ء میں ۸؍ویں نمبر پر چلی گئی۔ شکھر دھون کی شکل میں پنجاب کے پاس ایک ایسا کپتان ہے جو قومی ٹیم سے باہر ہونے کے بعد اپنی قابلیت ثابت کرنے کیلئے بے چین ہے۔ آل راؤنڈرس سکندر رضا، سیم کرن، لیام لیونگ اسٹون اور رشی دھون کا فارم اہم ہوگا۔ کگیسو ربادا، ارشدیپ سنگھ، پٹیل اور ایلس بولنگ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ 
کولکاتا اور حیدرآباد میں مقابلہ 
کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان سنیچر کو ہونے والے میچ میں آئی پی ایل کے ۲؍ مہنگے ترین کھلاڑیوں آسٹریلوی تیز گیندبازمشیل اسٹارک اور پیٹ کمنس اور شریاس ایّرکی کارکردگی پر توجہ مرکوز کی جائے گی جو طویل عرصے کے بعد لوٹ رہے ہیں۔ وہ انجری کی وجہ سے میدان سے باہر تھے۔ شریاس، جو پچھلے سال کمر کی چوٹ کی وجہ سے پورے سیزن سے باہر تھے، کے کے آر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ انہوں نے حال ہی میں رنجی ٹرافی میں ممبئی کیلئے ۹۵؍ رن بنائے لیکن ان کی فٹنیس کو دیکھتے ہوئے یہ یقینی نہیں ہے کہ وہ تمام میچ کھیل پائیں گے یا نہیں۔ گوتم گمبھیر اب دوسری اننگز میں مینٹور کے طور پر واپس آئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK