Inquilab Logo Happiest Places to Work

میسی نے جو کہا وہ گولڈ میڈل سے کم نہیں

Updated: July 24, 2026, 4:36 PM IST | Madrid

ورلڈ کپ جیتنے والے لامین یمال نے کہا کہ میسی نے مجھے گلے لگاکر کہا کہ مستقبل تمہاری نسل کا ہے،اسی طرح آگے بڑھو۔

Messi (right) hugging and congratulating Lamin Yamal. (PTI)
میسی(دائیں) لامین یمال کو گلے لگاکرمبارکباد دیتے ہوئے۔(پی ٹی آئی)

اسپین کے ۱۸؍ سالہ اسٹار فٹبال کھلاڑی لامین یمال نے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائناکے خلاف تاریخی فتح کے بعد فٹ بال کی دنیا کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی کے ساتھ ہونے والی جذباتی اور ناقابلِ فراموش گفتگو کا احوال بیان کر دیا۔عالمی چمپئن بننے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لامین یمال نے انکشاف کیا کہ فائنل کی آخری سیٹی بجتے ہی، جہاں ایک طرف ان کے ساتھی کھلاڑی فتح کا جشن منا رہے تھے، وہیں وہ سب سے پہلے اپنے بچپن کے ہیرو لیونل میسی کو خراجِ تحسین پیش کرنے گئے۔

یہ بھی پڑھئے: فیفا کی بہترین ۱۱؍ کھلاڑیوں کی ٹیم میں ووزنہا منتخب

نوجوان اسٹار نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’سچ کہوں تو یہ بالکل دیوانگی ہے۔ اگر آپ چند سال پہلے مجھ سے کہتے کہ میں ۱۸؍ سال کی عمر میں فائنل میں لیونل میسی کے خلاف کھیل کر ورلڈ کپ اٹھاؤں گا، تو میں آپ کو پاگل سمجھتا۔ اِس وقت میں اپنے آنسو روکنے کی کوشش کر رہا ہوں کیونکہ یہ وہ لمحہ ہے جس کے میں نے بچپن سے خواب دیکھے ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاریخی فتح ان کے خاندان، ان کے آبائی علاقے روکا فونڈا اور اسپین کے ان تمام مداحوں کے نام ہے جنہوں نے مشکل وقت میں ٹیم کا ساتھ دیا۔

فائنل کی سیٹی بجتے ہی، یمال سیدھے میسی کی طرف بڑھے اور اس شخص کا شکریہ ادا کرنے کیلئے پُرعزم تھے جس نے بچپن سے انہیں متاثر کیا۔ فٹ بال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی کا سامنا کرنے کے تجربے کو سحر انگیز قرار دیتے ہوئے یمال نے بتایا کہ شکست کے باوجود لیونل میسی نے جس عاجزی کا مظاہرہ کیا وہ ان کے دل میں گھر کر گیا۔یمال کے مطابق’’جب فائنل ختم ہوا تو میں سیدھا میسی کے پاس گیا۔ انہوں نے نہایت عاجزی سے مجھ سے ہاتھ ملایا اور گلے لگاکر کہا’’یوں ہی آگے بڑھتے رہو، مستقبل تمہاری نسل کا ہے۔‘‘یہ الفاظ سونے کے تمغے کی طرح خاص ہیں۔اسپین کے نوجوان ہیرو نے اختتام پر کہا کہ اپنے آئیڈیل کے منہ سے یہ الفاظ سننا ان کے لئے ورلڈ کپ کے گولڈ میڈل کی طرح ہی خاص ہے اور وہ ان الفاظ کو اپنے پورے کریئر میں یاد رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈ کپ فائنل نے امریکہ میں ناظرین کی تعداد کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

کھیل کے ماہرین کے مطابق فائنل کے بعد دونوں ستاروں کے درمیان اس مصافحے اور گفتگو نے عالمی کپ کے اس تاریخی معرکے کو ہمیشہ کے لئے یادگار بنا دیا ہے، جہاں فٹ بال کے ایک عظیم دور کی مشعل نئے ابھرتے ہوئے سُپر اسٹار کے ہاتھ میں منتقل ہوتی دکھائی دی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK