• Wed, 18 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرانس میں کیوں چلتا ہے شاہ رخ خان کا جادو؟

Updated: February 18, 2026, 1:18 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ کے کنگ خان یعنی شاہ رخ خان کی مقبولیت صرف ہندوستان تک محدود نہیں بلکہ دنیا کے تقریباً۱۲۰؍ چھوٹے بڑے ممالک تک پھیلی ہوئی ہے، جہاں ان کا رومانوی انداز سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

Shah Rukh Khan.Photo:INN
شاہ رخ خان۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ کے کنگ خان یعنی شاہ رخ خان کی مقبولیت صرف ہندوستان تک محدود نہیں بلکہ دنیا کے تقریباً۱۲۰؍ چھوٹے بڑے ممالک تک پھیلی ہوئی ہے، جہاں ان کا رومانوی انداز سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔چاہے بات دبئی کی ہو یا پیرس کی، شاہ رخ نے جس ملک میں بھی شوٹنگ کی ہے وہاں ان کے مداحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ان دنوں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ منگل کے روز انہوں نے بالی ووڈ ستاروں سے ملاقات بھی کی، لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ شاہ رخ خان کی مقبولیت پورے فرانس میں قائم ہے۔
فرانس اور ہندوستان کا رشتہ ہمیشہ سے سنیما اور ثقافت کے ذریعے مضبوط رہا ہے۔ ہندی سنیما کی کئی فلموں کی شوٹنگ فرانس کے مختلف مقامات پر ہو چکی ہے۔ خود شاہ رخ خان نے فلم ’’پٹھان‘‘ کی شوٹنگ فرانس میں کی تھی، اور آنے والی فلم ’’کنگ‘‘ کے کچھ حصوں کی شوٹنگ بھی وہیں ہوگی۔ تاہم کم لوگ جانتے ہیں کہ شاہ رخ خان کو فرانس کا اعزاز ’’نائٹ آف دی لیجن آف آنر‘‘ بھی مل چکا ہے، جسے انہوں نے نہایت عاجزی کے ساتھ اپنی والدہ کی سالگرہ کے موقع پر قبول کیا تھا۔ سال ۲۰۱۴؍ میں انہیں فرانس کے وزیر خارجہ لاراں فابیئس نے سنیما اور ثقافتی تنوع میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:فلم ’’دو دیوانے شہر میں‘‘کی روشنی مجھ سے کافی ملتی جلتی ہے: مرونال ٹھاکُر


دیوانگی کا عالم یہیں ختم نہیں ہوتا۔ شاہ رخ بالی ووڈ کے واحد ایسے اسٹار ہیں جن کے اعزاز میں گریون میوزیم میں سونے کا سکہ جاری کیا گیا۔ اس سکے پر شاہ رخ خان کی فلم ’’ڈی ڈی ایل جے‘‘ والے انداز کی تصویر کندہ کی گئی ہے۔ یہ اعزاز انہیں ان کے ۳۰؍ سالہ شاندار فلمی کیریئر کے اعتراف میں دیا گیا تھا۔ اسی وجہ سے شاہ رخ خان کو نہ صرف بالی ووڈ بلکہ پوری دنیا کا ’’کنگ‘‘ کہا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:اسمرتی مندھانا ’انڈین اسپورٹس وومن آف دی ایئر‘ قرار دی گئیں


فرانس میں سال ۲۰۰۸؍میں اداکار کا مومی مجسمہ بھی بنایا گیا تھا۔ ان کے ساتھ اداکارہ ایشوریہ رائے اور اداکار رنویر سنگھ کے مجسمے بھی بنائے گئے، لیکن سونے کا سکہ صرف شاہ رخ خان کے نام جاری ہوا۔ یہ اعزاز اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ دنیا کے قدیم ترین گریون میوزیم نے عالمی سطح کی۱۴؍ بڑی شخصیات کو منتخب کیا تھا، مگر سکہ صرف شاہ رخ خان کے نام کا جاری کیا گیا۔ شاہ رخ خان کی فلمیں ’’پٹھان‘‘، ’’جوان‘‘ اور ’’ڈنکی‘‘ نے فرانس میں اچھی کمائی کی، اور اس سے پہلے بھی ان کی کئی فلمیں وہاں ریلیز ہو چکی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK