• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ونڈیز کے تیز گیندبازوں نے بنگلہ دیش کو مشکلات میں ڈالا

Updated: November 07, 2026, 3:21 PM IST | Agency | Sylhet

ویسٹ انڈیز کے ۳۵۶؍رنوں کے جواب میں میزبان ٹیم نے۸۸؍رنوں پر۳؍وکٹیں گنوا دیں۔

West Indies bowler Shamar Joseph. Photo: INN
ویسٹ انڈیز کے گیندباز شمر جوزف۔ تصویر: آئی این این

 جیڈن سیلز، جسٹن گریوز اور شمر جوزف کی شاندار گیندبازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعہ کو کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش کے ۳؍ وکٹ ۸۸؍رن پر گرا دئیے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز ۳۵۶؍ رنوں پر ختم ہو گئی تھی۔ بنگلہ دیش اب بھی ۲۶۸؍ رن پیچھے ہے۔ مشفق الرحیم (ناٹ آؤٹ ۱۹) اور توحید ہردوئے (ناٹ آؤٹ ۲۹) نے چوتھی وکٹ کیلئے۳۷؍ رنوں کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا۔ خراب روشنی کے باعث دن کا کھیل وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا۔

دوسرے سیشن میں ویسٹ انڈیز کی اننگز ختم ہونے کے بعد بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ اپنے ٹیسٹ کریئر میں نعیم حسن کو اننگز کا آغاز کرنے بھیجا  لیکن وہ صرف۶؍ گیندیں کھیل کر پانچویں اوور میں جیڈن سیلز کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ تنزید حسن بھی زیادہ دیر نہیں ٹک سکے۔ وہ جسٹن گریوز کی گیند پر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیون وکہم کے ہاتھوں شاندار کیچ آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے: بمراہ اور جڈیجہ ٹیسٹ سیریز سے قبل انڈیا ’اے‘ ٹیم میں شامل

چائے کے وقفے کے بعد شمر جوزف نے کپتان نجم الحسن شانتو کو پویلین بھیج دیا۔ شانتو نے ۶۵؍گیندوں پر ۱۸؍رن بنائے۔ اس کے بعد مشفق الرحیم نے ذمہ داری سنبھالی اور ۲۵؍ویں اوور میں چوکا لگا کر بنگلہ دیش کی جانب سے طویل عرصے سے جاری باؤنڈری کے خشک سلسلے کو ختم کیا۔ اگلے اوور میں جومیل واریکن نے توحید ہردوئے کا ایک مشکل کیچ اینڈ بولڈ موقع گنوا دیا۔ جےڈن سیلز نے شارٹ پچ گیندوں سے دونوں بلے بازوں کو پریشان کیا تاہم دونوں نے دن کا اختتام وکٹ پر جمے رہ کر کیا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں ۳۵۶؍ رن بنائے۔ ایک وقت ٹیم کا اسکور ۴؍ وکٹ پر ۲۶۴؍رن تھا، لیکن اس کے بعد اس کی ۸؍ وکٹیں ۳۰۱؍رن پر گر گئیں۔ تاہم آخری ۴؍ بلے بازوں نے مجموعی طور پر ۸۱؍ رن جوڑ کر ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچا دیا۔بنگلہ دیش کے تیز گیند باز حسن محمود نے ۹۰؍ رن دے کر۶؍ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے دوسری نئی گیند سے گزشتہ روز سنچری بنانے والے عامر جنگو کو بولڈ کیا۔ جنگو نے ۲۱۲؍گیندوں پر ۱۳؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۱۳۳؍ رن بنائے۔ یہ ان کی ابتدائی ۱۰؍ ٹیسٹ اننگز میں دوسری سنچری تھی۔ انہوں نے پہلے دن کیون وکہم کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے ۱۳۳؍ اور جسٹن گریوز کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے۱۰۶؍  رنوں کی شراکت قائم کی تھی۔

حسن محمود نے اگلی ہی گیند پر روسٹن چیز کو بھی آؤٹ کر دیا۔ ان کی تیز اندر آتی گیند بلے کا اندرونی کنارہ لیتی ہوئی وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ اس کے بعد جوشوا بشپ کے خلاف بھی انہوں نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی، لیکن ریویو میں گیند بلے سے لگنے کی تصدیق ہوئی اور وہ ہیٹ ٹرک سے محروم رہے۔ بعد میں لٹن داس کے اسٹمپس کے قریب آنے کے باعث بشپ اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔حسن محمود کی ۶؍ وکٹوں کے علاوہ مہدی حسن  نے بھی ۲؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی آخری جوڑی جیڈن سیلز اور جومیل واریکن نے ۱۱؍ اوور سے زیادہ وقت تک وکٹ پر رہتے ہوئے ۳۳؍رن جوڑے اور ٹیم کو ۳۵۶؍ رن تک پہنچا دیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK