• Fri, 11 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویمنز ایشیا کپ: شفالی ورما کی بنگلہ دیش کے خلاف ہاف سنچری

Updated: September 11, 2026, 1:05 PM IST | Agency | Dubai

شِفالی ورما کی شاندار نصف سنچری اور بنگلہ دیش کی ناقص فیلڈنگ کی بدولت  ہندوستان نے جمعرات کو ویمنز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کے خلاف ۵؍ وکٹوں پر ۱۴۹؍رنوں کا چیلنجنگ اسکور کھڑا کیا۔

Shafali Verma scored 64 runs off 40 balls. Photo: INN
شفالی ورما نے ۴۰؍گیندوں پر ۶۴؍رن نبائے۔ تصویر: آئی این این
شِفالی ورما کی شاندار نصف سنچری اور بنگلہ دیش کی ناقص فیلڈنگ کی بدولت  ہندوستان نے جمعرات کو ویمنز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کے خلاف ۵؍ وکٹوں پر ۱۴۹؍رنوں کا چیلنجنگ اسکور کھڑا کیا۔ مشکل پچ پر ہندوستانی بلےبازوںکی جدوجہد کے درمیان شِفالی نے ۴۰؍ گیندوں پر ۶۴؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو باوقار اسکور تک پہنچایا۔ شِفالی کو ان کی اننگز کے دوران ۳؍ بار زندگی ملی۔ وہ ذاتی اسکور ۶؍، ۱۱؍ اور ۵۶؍ رن پر کیچ چھوٹنے کی وجہ سے بچ گئیں۔

 
بنگلہ دیشی گیندبازوں نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور انہوں نے زیادہ تر وقت ہندوستانی بلے بازوں  کو کھل کر رن بنانے کا موقع نہیں دیا۔ اس کے باوجود بنگلہ دیش کی فیلڈنگ نے ان کا کام مشکل بنا دیا۔ ٹیم نے کل ۴؍ کیچ چھوڑے، ورنہ  ٹیم انڈیا کا اسکور ۱۲۰؍رنوں کے قریب ہی رک جاتا۔ شِفالی نے اکیلے دم پر ہندوستانی اننگز کو رفتار دی۔ سرفہرست ۴؍ ہندوستانی  بلے بازوںکا اسٹرائیک ریٹ ۱۰۰؍سے کم رہا جبکہ شِفالی نے ۱۶۰؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۶۴؍ رن بنائے۔ ان کی اننگز میں ۳؍ چھکے شامل تھے، جو  اسپن بولرز کے خلاف لگائے گئے۔
جارح بلے باز شِفالی نے میدان کے چاروں طرف شاٹس کھیلے۔ انہوں نے تیز گیند باز معروفہ اختر کے خلاف فرنٹ فٹ پل شاٹ لگایا، جبکہ اسپنرز کے سامنے ریورس سویپ اور سیدھے میدان کے اوپر سے بڑے شاٹس کھیل کر رن بنائے۔ ٹیم انڈیا نے پاور پلے میں ایک وکٹ پر ۴۵؍رن بنا کر اچھی شروعات کی لیکن درمیانی اوورز میں رنوں کی رفتار بڑھانے میں اسے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ رچا گھوش نے بھی شروع میں رن بنانے کے لئے جدوجہد کی لیکن انہوں نے ۱۶؍گیندوں پر ۲۱؍رن بنا کر ٹیم کے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔
 
 
ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور، جو عام طور پر اسپن بولنگ کے خلاف اچھی بلے باز مانی جاتی ہیں، اس میچ میں زیادہ تر وقت فارم حاصل کرنے کیلئے پریشان رہیں۔ انہوں نے اپنی پہلی ۱۶؍ گیندوں پر صرف ۴؍رن بنائے۔ تاہم اننگز کے آخری مرحلے میں انہوں نے لگاتار ۲؍ چھکے لگا کر کچھ حد تک اس کی تلافی کی اور ناٹ آؤٹ ۲۴؍ رن بنائے۔ کم اسکور والے ٹورنامنٹ کے پیش نظرہندوستانی ٹیم اب ۱۴۹؍ رن کے اسکور کا دفاع کرنے کے حوالے سے پُر اعتماد ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK