Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل: فتح کے باوجود ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پر برقرار

Updated: July 30, 2026, 1:01 PM IST | Dubai

ویسٹ انڈیز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو۹۰؍ رنز سے شکست دے دی، تاہم اس کامیابی کے باوجود کیریبین ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کی پوائنٹس ٹیبل میں آٹھویں پوزیشن پر ہی برقرار ہے۔

Windies Player.Photo:X
ویسٹ انڈین کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

ویسٹ انڈیز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو۹۰؍ رنز سے شکست دے دی، تاہم اس کامیابی کے باوجود کیریبین ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کی پوائنٹس ٹیبل میں آٹھویں پوزیشن پر ہی برقرار ہے۔ موجودہ ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں ویسٹ انڈیز اب تک ۱۱؍ ٹیسٹ میچ کھیل چکا ہے، جن میں اسے صرف دو میں کامیابی ملی جبکہ سات میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس فتح کے بعد ٹیم کا جیت کا تناسب ۷۳ء۲۲؍ فیصد ہو گیا ہے۔


دوسری جانب پاکستان کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے۔ ٹیم نے موجودہ سائیکل میں پانچ میچ کھیلے ہیں، جن میں سے چار میں شکست ہوئی ہے جبکہ اس کا جیت کا تناسب صرف ۶۷ء۶؍ فیصد رہ گیا ہے۔ پاکستان پوائنٹس ٹیبل میں آخری نمبر پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھئے:جاپان میں زلزلے کے بعد سونی کا کُوما موٹو سیمی کنڈکٹر پلانٹ بند


آسٹریلیا آٹھ ٹیسٹ میچوں میں سات فتوحات کے ساتھ  ۵۰ء۸۷؍ فیصد جیت کے تناسب کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جنوبی افریقہ چار میچوں میں تین کامیابیوں اور ۷۵؍ فیصد جیت کے تناسب کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ چھ میچوں میں چار فتوحات اور ایک شکست کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ بنگلہ دیش ۳۳ء۵۸؍ فیصد جیت کے تناسب کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔ ہندوستان  نو میچوں میں چار فتوحات اور۱۵ء۴۸؍  فیصد جیت کے تناسب کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
 میچ کی بات کریں تو ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے ۲۱۱؍ رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف ۱۲۰؍ رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ قومی ٹیم کے آٹھ بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ ۵۸؍ رنز بنائے، لیکن دوسرے اینڈ سے انہیں کسی بھی بلے باز کا خاطر خواہ ساتھ نہ مل سکا۔

یہ بھی پڑھئے:شبھ من گل دوبارہ ون ڈے کے نمبر ایک بلے باز بن گئے


 ویسٹ انڈیز کی جانب سے جےڈن سیلز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف ۲۰؍ رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیمار روچ اور جسٹن گریوز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز اپنی دوسری اننگز میں ۱۸۱؍ رنز بنا کر آؤٹ ہو گیا تھا۔ پہلی اننگز میں کیریبین ٹیم نے ۳۱۱؍  رنز اسکور کیے تھے، جس کے جواب میں پاکستان نے ۲۸۲؍ رنز بنائے تھے۔ اس فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK