Updated: August 23, 2026, 3:59 PM IST
| Mumbai
کنڑ سپر اسٹار یش کی چار سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی کروانے والی فلم’’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اپس‘‘ ریلیز سے پہلے ہی باکس آفس پر زبردست ہائپ پیدا کر رہی ہے۔ فلم کی ایڈوانس بکنگ میں خاص طور پر ہندی مارکیٹ میں آنے والے اعداد و شمار نے فلمی تجزیہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔
فلم ٹاکسک میں یش۔ تصویر:آئی این این
کنڑ سپر اسٹار یش کی چار سال بعد بڑی اسکرین پر واپسی کروانے والی فلم’’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اپس‘‘(Toxic: A Fairy Tale for Grown-Ups) ریلیز سے پہلے ہی باکس آفس پر زبردست ہائپ پیدا کر رہی ہے۔ فلم کی ایڈوانس بکنگ میں خاص طور پر ہندی مارکیٹ میں آنے والے اعداد و شمار نے فلمی تجزیہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔ یش نے’’کے جی ایف:چیپٹروَن ‘‘ اور ’’کے جی ایف چیپٹر۲‘‘کی کامیابی کے بعد پورے ملک میں اپنی مضبوط شناخت بنائی تھی۔ اب ’’ٹاکسک ‘‘ سے یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا وہ پین انڈیا اسٹارڈم کے معاملے میں پربھاس، اللو ارجن، جونیئر این ٹی آر اور دیگر بڑے جنوبی ستاروں کو سخت مقابلہ دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پرھئے:روزانہ شکر آمیز سوڈا پینا، معدے کے کینسر کا خطرہ ڈھائی گنا بڑھا دیتا ہے: تحقیق
’’ٹاکسک‘‘ کی ایڈوانس بکنگ ۲۱؍اگست سے شروع ہوئی اور ابتدائی ۲۴؍ گھنٹوں میں فلم کے ۵۳ء۲؍ لاکھ سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہونے کی رپورٹ سامنے آئی۔ اس سے ایڈوانس بکنگ کی آمدنی تقریباً ۱۹؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی جبکہ بلاک سیٹس کو شامل کرنے پر یہ رقم تقریباً ۲۰؍کروڑ روپے بتائی گئی۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق صرف پی وی آر آئی ناکسمیں بکنگ شروع ہونے کے پہلے پانچ گھنٹوں میں ۲۰؍ ہزار سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہوئے،جبکہ پہلے دن کے اختتام تک یہ تعداد ۴۵؍ ہزار سے تجاوز کر گئی۔ اسی رفتار کی بنیاد پر ہندی ورژن کے لیے تقریباً ۴۰؍ سے ۵۰؍ کروڑ روپے کی اوپننگ کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ تاہم یہ اعداد و شمار ابتدائی اندازے ہیں، حتمی کلیکشن فلم کی ریلیز کے بعد ہی واضح ہوگا۔
یش کی سب سے بڑی طاقت ان کی ’’کے جی ایف ‘‘ فرنچائز اور ’’راکی بھائی‘‘ کی مقبولیت ہے۔’’ کے جی ایف چیپٹر۲‘‘ نے ملک بھر میں تقریباً ۱۲۰۰؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا تھا اور یش کی ہندی بیلٹ میں بھی زبردست فین فالوئنگ بن گئی تھی۔ ’’ٹاکسک‘‘ کی موجودہ بکنگ اس بات کا ابتدائی اشارہ دے رہی ہے کہ ان کی شمالی ہندوستان میں مقبولیت اب بھی مضبوط ہے۔ اس کا موازنہ دیگر بڑے جنوبی ستاروں سے بھی کیا جا رہا ہے۔ مثال کے طور پر پربھاس کی’’باہوبلی‘‘ کے بعد ہندی مارکیٹ میں ’’ساہو‘‘نے مضبوط آغاز کیا تھا، لیکن ان کی بعد کی کچھ فلموں نے اسی سطح کی کارکردگی نہیں دکھائی۔ اسی طرح جونیئر این ٹی آر، رام چرن اور وجے کی کچھ حالیہ فلموں کو ہندی مارکیٹ میں محدود کامیابی ملی۔
یہ بھی پڑھئے:ایک کہانی پر ۴؍مختلف زبانوں میں فلم بنائی گئی، چاروں سپر ہٹ ثابت ہوئیں
فلم میں یش کے ساتھ کیارا اڈوانی، نین تارا، تارا ستاریا، رکمنی وسنتھ اور ہما قریشی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔ فلم کی ہدایت کاری معروف فلم سازگیتو موہن داس نے کی ہے۔ فلم کو ہندوستان سمیت دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر ریلیز کرنے کی تیاری ہے، اور رپورٹس کے مطابق اسے ۱۲؍ہزار سے زائد اسکرینز پر ریلیز کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ فلم کو ہندوستانی سینسر بورڈ نے ’A‘ سرٹیفکیٹ دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم میں کوئی بڑا سین کٹ نہیں کیا گیا، البتہ دو الفاظ کو میوٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس کا مطلب ہے کہ فلم صرف بالغ ناظرین کے لیے ہوگی۔ فلم کے ٹریلر اور گانے ’’تباہی‘‘ کے بعد خواتین کے کرداروں کی عکاسی پر کچھ تنقید بھی ہوئی۔ حیدرآباد میں پری ریلیز ایونٹ کے دوران یش نے کہا کہ فلم میں خواتین کی ایک مضبوط آواز موجود ہے اور مکمل فلم دیکھنے کے بعد اس پہلو کو زیادہ بہتر طور پر سمجھا جا سکے گا۔ انہوں نے گیتو موہن داس کے وژن پر بھی اعتماد ظاہر کیا۔