Inquilab Logo Happiest Places to Work

چھٹیوں کو بامعنی بنائیں، یہ سرگرمیاں آپ کی صلاحیتیں نکھاریں گی

Updated: April 18, 2026, 5:58 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

تعطیلات نعمت ہیں، انہیں ’’اسکرولنگ‘‘ میں صرف نہ کریں، ان سرگرمیوں میں سے ۳؍ کا انتخاب کریں اور ان پر عمل کریں، ۵۰؍ ویں دن اپنے آپ میں مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔

Gardening provides an opportunity to get closer to nature. Photo: INN
باغبانی کے ذریعے فطرت سے قریب ہونے کا موقع ملتا ہے۔ تصویر: آئی این این

گرما کی تقریباً ۵۰؍ دنوں پر مشتمل طویل تعطیلات کا آغاز ہوگیا ہےجو طلبہ کیلئے آرام کے ساتھ خود کو بہتر بنانے کا ایک سنہری موقع بھی ہے۔ ان چھٹیوں کو صرف وقت گزارنے کے بجائے بامقصد بنانے کی ضرورت ہے تاکہ طلبہ اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کر سکیں۔ اس دوران مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کا انتخاب کیا جا سکتا ہے جن سے شخصیت کی تعمیر میں معاونت ہوتی ہے۔ ان کے ذریعے طلبہ اپنی چھٹیوں کو مفید اور یادگار بنا سکتے ہیں۔ اس طرح وقت کا بہترین استعمال ممکن ہوتا ہے اور بے مقصد مصروفیاتسے بچا جا سکتا ہے۔ یہ سرگرمیاں عملی زندگی کیلئےبھی فائدہ مند ہیں۔ اگر طلبہ انہیں والدین یا بڑوں کی نگرانی میں انجام دیں تو یہ زیادہ کار گر ثابت ہوسکتی ہیں۔ یہاں ایسی سرگرمیوں کی فہرست دی گئی ہے جن میں سے کم از کم کسی ۳؍ کا انتخاب کریں اور ۵۰؍ دنوں میں ان پر عمل کریں۔ چھٹیاں ختم ہوں گی تو آپ کو اپنی شخصیت میں واضح فرق محسوس ہوگا۔ 

Journaling
جرنلنگ یا ڈائری نگاری ایک مؤثر عادت ہے جس کی مدد سے آپ اپنے خیالات، جذبات اور تجربات کو تحریر کر کے خود کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔ 
Digital detox
سوشل میڈیا سے دور رہنا ذہنی سکون اور توجہ میں اضافہ کا باعث بنتا ہے۔ اس کے ذریعے آپ اپنی اصل زندگی پر توجہ دے سکتے ہیں۔ 
Learn First Aid
آپ کو چھوٹی موٹی طبی نگہداشت جیسے کٹ لگ جانا، زخم کی مرہم پٹی وغیرہ جیسی اسکلز سے لیس ہونا چاہئے، اس سرگرمی پر بھی توجہ دیں۔ 
No phone
ایک گھنٹے کیلئے موبائل سے دوری سکون اور یکسوئی بڑھاتی ہے۔ یہ عادت مطالعہ، غور و فکر اور گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنے میں مدد دیتی ہے۔ 
Manage Money
منی مینجمنٹ طلبہ کو غیر ضروری خرچ سے روکتا ہے اور مستقبل کیلئے مالی تحفظ اور استحکام فراہم کرتا ہے۔ یہ عادت مالی طور پر خودمختار بناتی ہے۔ 
Visit Market
گھر والوں کے ساتھ مارکیٹ جانا عملی زندگی کے مشاہدے کا بہترین ذریعہ ہے جہاں ایک شخص لوگوں کے رویوں کو قریب سے دیکھتا ہے۔ 
Notice people
لوگوں کا مشاہدہ کرنا، آپ کی فہم اور تجزیاتی صلاحیتوں کو بڑھاتا ہے۔ لوگوں کو دیکھ کر ان کے متعلق لکھنا تخلیقی سوچ اور اظہار خیال کو جِلا بخشتا ہے۔ 
Copy People
ایک دن اپنی کسی پسندیدہ شخصیت کی نقل کریں۔ اس طرح آپ کو اس کی عادات اور طرزِ زندگی کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔ یہ سرگرمی اعتماد بڑھاتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایس ایس سی طلبہ؛ چند ایسے کورسیز جن کی مانگ ۵؍ سال بعد بھی ہوگی

روایتی سرگرمیاں (Traditional activities)

روایتی سرگرمیاں ہماری ثقافت اور تہذیب کی پہچان ہیں جو ماضی اور اقدار سے جوڑے رکھتی ہیں۔ یہ سرگرمیاں طلبہ میں اخلاقی تربیت، تعاون اور نظم و ضبط پیدا کرنے میں معاون ہیں۔ ان کے ذریعے معاشرتی تعلقات مضبوط ہوتے ہیں اور اجتماعی خوشی و ہم آہنگی کا احساس بڑھتا ہے۔ یہ صلاحیتیں بھی نکھارتی ہیں۔ 

بُنائی، سلائی (Crocheting, Stitching)
طلبہ اس ہنر کے ذریعے تخلیقی مہارت، صبر و تحمل اور خود کفالت سیکھ سکتے ہیں۔ 
کھانا پکانا (Cooking)
یہ طلبہ کو خود انحصاری، غذائیت کی سمجھ اور عملی زندگی کی مہارتیں سکھاتا ہے۔ 
بیکنگ (Baking)
یہ ناپ تول کی درستگی اور تخلیقی انداز میں کھانے تیار کرنے کی مہارت سکھاتی ہے۔ 
ڈرائنگ، اسکیچنگ (Drawing, Sketching)
طلبہ کی تخلیقی صلاحیت، مشاہدہ کرنے کی قوت اور فنکارانہ اظہار کو بہتر بناتی ہیں۔ 
خطاطی، خوش خطی (Calligraphy, Handwriting)
طلبہ کی تحریر کو خوبصورت، منظم اور مؤثر بنانے کی صلاحیت کو بہتر بناتی ہے۔ 
غیر نصابی کتابوں کا مطالعہ (Reading)
علم میں اضافہ، سوچنے سمجھنے کی صلاحیت اور زبان و بیان کی بہتری پیدا کرتا ہے۔ 
خط نویسی (Letter writing)
شائستہ زبان کے استعمال اور خیالات کو منظم انداز میں پیش کرنا سکھاتی ہے۔ 
موسیقی کی تربیت (Learning music)
موسیقی کی تربیت تخلیقی صلاحیت، ذہنی سکون اور فنونِ لطیفہ کی سمجھ پیدا کرتی ہے۔ 
مٹی کے برتن بنانا (Pottery)
یہ طلبہ کو تخلیقی مہارت، صبر اور ہاتھوں کی کاریگری سکھاتا ہے۔ 
کمرے کو سجانا (Decorating/Organizing room)
طلبہ کو صفائی، خوبصورت ترتیب اور ذاتی جگہ کو منظم رکھنے کی مہارت سکھاتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایچ ایس سی طلبہ؛ مستقبل سے ہم آہنگ کریئر کا انتخاب ضروری

دلچسپ سرگرمیاں (Interesting activities)

یہ سرگرمیاں طلبہ کی ذہنی اور جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان سے طلبہ میں تخلیقی صلاحیت، خود اعتمادی اور تعاون کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ ان کے ذریعے طلبہ کھیل کھیل میں سیکھتے ہیں جس سے ذہنی دباؤ بھی کم ہوتا ہے۔ اس لئے دلچسپ سرگرمیاں تعلیم کے ساتھ نہایت ضروری اور مفید خیال کی جاتی ہیں۔ 

گھر کے کاموں میں والدین کی مدد (Helping parents)
طلبہ میں ذمہ داری، تعاون اور عملی زندگی کی مہارتوں کو فروغ دیتا ہے۔ 
بنیادی ویڈیو ایڈیٹنگ (Basic video editing)
طلبہ کو ڈجیٹل مہارت، تخلیقی اظہار اور مواد کو منظم انداز میں پیش کرنا سکھاتا ہے۔ 
انسٹا گرام پیج بنانا(Creating Instagram page)
انسٹاگرام پیج بنانا طلبہ کو آن لائن مؤثر رابطے کی سمجھ سکھاتا ہے۔ 
فوٹو گرافی (Photography)
مشاہدہ کرنے کی صلاحیت اور لمحات کو محفوظ کرنے کی مہارت پیدا کرتی ہے۔ 
غیر مستعمل اشیاء عطیہ کرنا (Decluttering)
یہ طلبہ میں دوسروں کی مدد، سخاوت اور نظم و ترتیب کی عادت پیدا کرتا ہے۔ 
قلیل مدتی کورس میں داخلہ ( Short-term course)
کم وقت میں عملی مہارتیں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے۔ 
رضاکارانہ کام انجام دینا (Volunteering )
طلبہ میں خدمتِ خلق، ذمہ داری اور معاشرتی تعاون کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ 
اپنے ہی شہر کی سیاحت (Exploring your own city)
اپنے شہر کی تاریخ، ثقافت اور اہم مقامات سے واقفیت کا موقع دیتی ہے۔ 
کوئی نیا کھیل سیکھیں (Trying new sports)
نیا کھیل طلبہ کی جسمانی صحت، ٹیم ورک اور خود اعتمادی کو بہتر بناتا ہے۔ 
ترغیبی پوڈ کاسٹ سنیں ( Motivational podcasts)
ترغیبی پوڈکاسٹ مثبت سوچ، خود اعتمادی اور محنت کرنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: تین ماحولیاتی دن، اِن سے آپ کی واقفیت کیوں ضروری؟

منفرد سرگرمیاں (Unusual activities)

منفرد سرگرمیاں طلبہ میں نئی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں۔ یہ سرگرمیاں طلبہ کو عام روایتی طریقوں سے ہٹ کر سیکھنے کا منفرد موقع فراہم کرتی ہیں۔ ان کے ذریعے طلبہ میں خود اعتمادی اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت بڑھتی ہے۔ اس لئے یہ منفرد اور انوکھی سرگرمیاں تعلیم اور تربیت کیلئے بہت ضروری ہیں۔

اپنی تقریر ریکارڈ کریں (Record yourself)
خود اعتمادی، بولنے کی صلاحیت اور اپنی غلطیوں کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ 
اپنی چھٹیوں کو ریکارڈ کریں (Record vacations)
یہ عمل یادداشت محفوظ رکھنے اور مشاہدہ کرنے کی صلاحیت کو فروغ دیتا ہے۔ 
کسی اجنبی سے بات چیت (Talking to a stranger)
طلبہ میں اعتماد، مؤثر ابلاغ اور سماجی میل جول کی مہارت کو بہتر بناتی ہے۔ 
صبح سویرے بیدار ہونے کی عادت (Waking up early)
یہ نظم و ضبط، وقت کی قدر اور دن بھر کی سرگرمیوں میں بہتری پیدا کرتی ہے۔ 
کچھ الگ کرنا (Do unusual things)
تاکہ خود اعتمادی، جرات اور مشکلات کا سامنا کرنے کی صلاحیت کو تقویت ملے۔ 
ایک دن غیر ضروری باتوں سے پرہیز (Silent day)
ایسا کرنا طلبہ میں توجہ، ذہنی سکون اور غور و فکر کی عادت کو فروغ دیتا ہے۔ 
’’مِنی پروجیکٹ‘‘ بنائیں (Create a "mini project")
طلبہ کے عملی طور پر سیکھنے، مسئلہ حل کرنے اور تخلیقی سوچ کو بہتر بناتا ہے۔ 
کوئی میجک ٹرک سیکھیں (Learning magic tricks)
میجک ٹرک سیکھنا طلبہ کی توجہ، قوت مشاہدہ اور اختراعی ذہن کو بڑھاتا ہے۔ 
اپنی عادتوں پر غور کریں (Track your habits)
طلبہ میں خود احتسابی، نظم و ضبط اور ذاتی بہتری کی عادت کو فروغ دیتا ہے۔ 
عوامی مقامات کا دورہ (Visit public places)
طلبہ کو سماجی رویوں، نظم و ضبط اور مختلف ماحول کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK