Inquilab Logo Happiest Places to Work

۴؍ برس کی تاخیر، ہما قریشی، مرنال ٹھاکر کی ’’پوجا میری جان‘‘ زی ۵؍ پر ریلیز ہوگی

Updated: July 20, 2026, 6:59 PM IST | Mumbai

مرنال ٹھاکر اور ہما قریشی کی سماجی تھریلر فلم ’پوجا میری جان‘ تقریباً چار برس کی طویل تاخیر کے بعد بالآخر او ٹی ٹی پلیٹ فارم ZEE5 پر ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ فلم کی شوٹنگ ۲۰۲۲ء میں مکمل ہو گئی تھی، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر اس کی ریلیز مسلسل مؤخر ہوتی رہی۔ اگرچہ ZEE5 نے اپنی نئی ہندی مواد کی فہرست میں فلم کو شامال کر لیا ہے، لیکن اس کی حتمی اسٹریمنگ تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔

Mrunal Thakur and Huma Qureshi Photo: INN
مرنال ٹھاکر اور ہما قریشی۔ تصویر: آئی این این

مرنال ٹھاکر اور ہما قریشی کی طویل عرصے سے التوا کا شکار فلم ’پوجا میری جان‘ بالآخر ناظرین تک پہنچنے کے لیے تیار ہے۔ تقریباً چار برس کے انتظار کے بعد فلم کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم ZEE5 کی آئندہ ہندی پیشکش میں شامل کر لیا گیا ہے، جس سے شائقین کو امید ہے کہ فلم جلد اسٹریمنگ کے لیے دستیاب ہوگی۔ زی فائیو نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آئندہ ہندی مواد کی فہرست جاری کی، جس میں ’پوجا میری جان‘ کے علاوہ کئی دیگر بڑے منصوبوں کا بھی اعلان کیا گیا۔ اس فہرست میں سابق ہندوستانی کرکٹر ونود کامبلی کی زندگی پر مبنی ’کامبلی‘، ’دی اسکیم: لیکڈ‘، ’کافی کنگ‘، ’جینا اسی کا نام ہے ۰ء۲‘، جس کی میزبانی آر مادھون کریں گے، اور مقبول زی ہارر شو بھی شامال ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: مداحوں کی تشویش کے درمیان سلمان خان کی خفیہ پوسٹ

اس کے علاوہ ’رنگ باز‘، ’جناور‘ اور ’بکیتی‘ جیسی معروف فرنچائزز بھی نئے سیزن کے ساتھ واپس آ رہی ہیں۔ ’پوجا میری جان‘ کی شوٹنگ اگست ۲۰۲۲ء میں مکمل ہو گئی تھی، تاہم اس کے بعد فلم کی ریلیز کے حوالے سے طویل عرصے تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ اب اگرچہ فلم کو باضابطہ طور پر ZEE5 کی آئندہ ریلیز کا حصہ بنا دیا گیا ہے، لیکن اس کی اسٹریمنگ کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔ رواں سال فروری میں فلم کے ہدایت کار نوجوت گلاٹی نے انکشاف کیا تھا کہ پروڈیوسر دنیش وجن کی میڈاک فلمز فلم کی فروخت مناسب قیمت پر کرنا چاہتی تھی اور اسی وجہ سے اسے اس وقت دستیاب او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کی پیشکشوں پر فروخت نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: فلم ’’الفا‘‘ میں بوبی دیول کے ڈی ایجنگ نے توجہ حاصل کی

ابتدائی منصوبے کے مطابق فلم کو جیو سنیما پر ریلیز کیا جانا تھا، لیکن جیو سنیما اور ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار کے انضمام کے بعد تقسیم کا منصوبہ متاثر ہوا اور پروڈیوسرز کو فلم کے لیے نیا پلیٹ فارم تلاش کرنا پڑا۔ بعد ازاں فلم کو ۲۰۲۴ء کے آخر میں سنیما گھروں میں ریلیز کرنے پر بھی غور کیا گیا، تاہم بڑے منصوبوں کی ریلیز کے باعث اس منصوبے کو مؤخر کرتے ہوئے اسے ۲۰۲۵ء تک منتقل کر دیا گیا۔ ’پوجا میری جان‘ ایک سماجی تھریلر فلم ہے، جس کی ہدایت کاری نوجوت گلاٹی نے کی ہے، جبکہ اسے دنیش وجن کی پروڈکشن کمپنی میڈاک فلمز نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کی کہانی پوجا نامی ایک نوجوان خاتون کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار مرنال ٹھاکر ادا کر رہی ہیں۔ پوجا ایک پراسرار اور خطرناک اسٹاکر کا نشانہ بن جاتی ہے، جس کے بعد وہ اس شخص کی اصل شناخت بے نقاب کرنے کی کوشش میں ایک سنسنی خیز سفر پر نکلتی ہے۔ فلم میں مرنال ٹھاکر اور ہما قریشی کے علاوہ وکرم سنگھ چوہان اور وجے راز بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK