Updated: May 12, 2026, 5:48 PM IST
| Mumbai
بھاگیہ شری نے انکشاف کیا ہے کہ ۱۹۸۹ء کی سپرہٹ فلم ’’می نے پیار کیا‘‘ میں انہیں سلمان خان سے زیادہ معاوضہ ملا تھا کیونکہ اُس وقت وہ زیادہ بڑی اسٹار سمجھی جاتی تھیں۔ اداکارہ کے مطابق فلمی دنیا میں معاوضہ ’’رسد اور طلب‘‘ کے اصول پر منحصر ہوتا ہے اور اس وقت سلمان خان نئے اداکار تھے۔ بھاگیہ شری نے یہ بھی کہا کہ اداکاراؤں کو برابر معاوضے کے لیے اجتماعی طور پر آواز اٹھانی ہوگی، ورنہ انڈسٹری میں فرق برقرار رہے گا۔
بھاگیہ شری اور سلمان خان۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ اداکارہ بھاگیہ شری نے اپنی مشہور فلم ’’میں نے پیار کیا‘‘سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فلم کے ہیرو سلمان خان سے زیادہ معاوضہ دیا گیا تھا۔ یہ فلم ۱۹۸۹ء میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے نہ صرف سلمان خان کو راتوں رات اسٹار بنا دیا بلکہ بھاگیہ شری کو بھی بالی ووڈ کی نمایاں اداکاراؤں میں شامل کر دیا۔ تاہم، اداکارہ کے مطابق اُس وقت فلمی صنعت میں ان کی مارکیٹ ویلیو سلمان خان سے زیادہ تھی، اسی لیے ان کا معاوضہ بھی زیادہ رکھا گیا۔ ایک انٹرویو کے دوران بھاگیہ شری نے کہا کہ فلمی دنیا میں معاوضے کا تعین جذبات سے زیادہ ’’سپلائی اور ڈیمانڈ‘‘ کے اصول پر ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اجے دیوگن کی ’’درشیم ۳‘‘ کا ہندی ورژن ملیالم فلم سے مختلف ہوگا: ابھیشیک پاٹھک
انہوں نے کہا، ’’یہ ایک سادہ کاروبار ہے۔ اگر پروڈیوسر یا ہدایت کار کو لگتا ہے کہ کسی اداکارہ کی جگہ کوئی دوسرا کم قیمت پر دستیاب ہے تو وہ اسی حساب سے فیصلہ کرتے ہیں۔‘‘ اداکارہ نے مزید کہا کہ خواتین کو برابر معاوضہ حاصل کرنے کے لیے اجتماعی طور پر کھڑا ہونا پڑے گا، ورنہ انفرادی طور پر تبدیلی لانا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب تک خواتین اکٹھی ہو کر یہ نہ کہیں کہ ہمیں مساوی معاوضہ چاہیے، تب تک صورتحال تبدیل نہیں ہوگی۔‘‘ بھاگیہ شری نے وضاحت کی کہ اُس وقت وہ پہلے ہی ’’بیوی ہو تو ایسی‘‘ جیسی فلم کے ذریعے پہچان بنا چکی تھیں، جبکہ سلمان خان نسبتاً نئے اداکار تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بالکل فطری تھا کہ ایک زیادہ معروف اداکارہ کو نئے اداکار کے مقابلے میں زیادہ معاوضہ دیا جائے۔ اداکارہ نے معاوضے کے معاملے کو ایک کاروباری حکمت عملی قرار دیتے ہوئے مثال دی کہ جیسے لوگ بہتر سہولیات والے فلیٹ کے لیے زیادہ رقم ادا کرنے پر آمادہ ہوتے ہیں، ویسے ہی فلم انڈسٹری میں بھی اداکار کی مارکیٹ ویلیو اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’کبھی کبھی بات صرف پیسے کی نہیں ہوتی بلکہ یہ بھی اہم ہوتا ہے کہ آپ کس شخص کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور اس کی مارکیٹ میں کتنی قدر ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’لکڑبگھا۲: دی منکی بزنس‘‘ کی خصوصی اسکریننگ کانز فلم فیسٹیول میں ہوگی
واضح رہے کہ سلمان خان آج بالی ووڈ کے سب سے بڑے اور مہنگے ستاروں میں شمار کیے جاتے ہیں، لیکن بھاگیہ شری کے مطابق انہوں نے بھی اپنی پوزیشن آہستہ آہستہ بنائی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ’’می نے پیار کیا‘‘ نہ صرف سلمان خان کے کریئر کی بڑی کامیابی بنی بلکہ اسے بالی ووڈ کی کلاسک رومانوی فلموں میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔ فلم کی موسیقی، جذباتی کہانی اور سلمان بھاگیہ شری کی جوڑی نے اسے تاریخی کامیابی دلائی، اور آج بھی یہ فلم ناظرین میں مقبول ہے۔