• Sun, 27 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’بگ باس مراٹھی‘‘ فیم دویا شندے پر ڈاکٹر سے ۵ ؍لاکھ روپے مانگنے اور مارپیٹ کا الزام

Updated: September 27, 2026, 10:01 PM IST | Mumbai

’’بگ باس مراٹھی‘‘کی سابق مقابلہ کنندہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسردویا شندے ایک سنگین تنازع میں گھِر گئی ہیں۔ پونے پولیس نے ایک ریٹائرڈ سرکاری ڈاکٹر کی شکایت پر دویا شندے اور دیگر افراد کے خلاف مبینہ طور پر گھر میں گھس کر مارپیٹ کرنے، ۵ ؍لاکھ روپے کی رقم طلب کرنے، دھمکی دینے اور گھر میں توڑ پھوڑ کرنے کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔

Divya Shinde.Photo:INN
دویا شندے۔ تصویر:آئی این این

’’بگ باس مراٹھی‘‘کی سابق مقابلہ کنندہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسردویا شندے  ایک سنگین تنازع میں گھِر گئی ہیں۔ پونے پولیس نے ایک ریٹائرڈ سرکاری ڈاکٹر کی شکایت پر دویا شندے اور دیگر افراد کے خلاف مبینہ طور پر گھر میں گھس کر مارپیٹ کرنے، ۵ ؍لاکھ روپے کی رقم طلب کرنے، دھمکی دینے اور گھر میں توڑ پھوڑ کرنے کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ 
شکایت کنندہ ڈاکٹر ودیادھر گائیکواڑ پونے کینٹونمنٹ بورڈ کے سابق چیف میڈیکل آفیسر ہیں۔ ان کی شکایت کے مطابق معاملہ ’کلا آویشکار مہوتسو‘ نامی پروگرام کی تشہیر سے متعلق رقم کے مطالبے سے شروع ہوا۔ یہ پروگرام یکم سے ۳ ؍ستمبر کے درمیان بال گندھرو آڈیٹوریم میں منعقد ہوا تھا اور ڈاکٹر گائیکواڑ اس پروگرام کا انعقاد کرنے والی  کرونادیپ فاؤنڈیشن  سے وابستہ تھے۔  

یہ بھی پڑھئے:پی وی سندھو اور انتی ہڈا کی شکست، ایشین گیمز میں ہندوستان کی بیڈمنٹن مہم ختم

ایف آئی آر کے مطابق ڈاکٹر گائیکواڑ سے مبینہ طور پر اگست سے فون کالز اور پیغامات کے ذریعے ۵؍ لاکھ روپے  دینے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ دویا شندے نے دعویٰ کیا کہ پروگرام کو تشہیر ان کی وجہ سے ملی، اسی بنیاد پر ان سے رقم مانگی گئی۔ ڈاکٹر کے بھائی مہندر کے مطابق تقریباً  ۵۰ ؍ہزار روپے  جی پے کے ذریعے منتقل بھی کیے گئے تھے، تاہم مبینہ طور پر مزید رقم کا مطالبہ جاری رہا۔ 
شکایت کے مطابق  ۱۷؍ ستمبر  کو دویا شندے، انا ڈھمڈھیرے اور کچھ دیگر افراد مبینہ طور پر ڈاکٹر گائیکواڑ کے محمدواڑی واقع گھر پہنچے اور دوبارہ ۵؍ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر نے مبینہ طور پر انہیں بتایا کہ وہ فالج کے مریض ہیں اور پروگرام کی مالی معاملات میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔اس کے بعد  ۲۳ ؍ستمبر  کو ڈاکٹر کو ایک ہوٹل میں بلائے جانے اور وہاں بھی رقم کا مطالبہ کیے جانے کا الزام ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں گھر پر لوگوں کو بھیج کر مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے:’انڈین آئیڈل: لیجنڈز ریٹرن‘ میں ہِمیش ریشمیا کی بطور جج واپسی

شکایت کے مطابق  ۲۴ ؍ستمبر کی رات تقریباً ساڑھے ۸؍ بجے  دویا شندے سمیت کئی افراد مبینہ طور پر ڈاکٹر گائیکواڑ کے گھر پہنچے اور زبردستی اندر داخل ہوگئے۔ ڈاکٹر نے الزام لگایا کہ ان پر لکڑی کی لاٹھی، بیلٹ اور دھاتی برتن سے حملہ کیا گیا۔ بعض رپورٹس میں تیز دھار ہتھیاروں کے استعمال کا الزام بھی شکایت کے حوالے سے درج کیا گیا ہے۔  ڈاکٹر کے مطابق حملے کے دوران ان کے چہرے، پیٹ اور پیٹھ پر لاتوں اور گھونسوں سے بھی مارپیٹ کی گئی۔ گھر میں موجود سامان کو نقصان پہنچانے اور ان کے بیٹے کو بھی دھمکی دینے کا الزام شکایت میں شامل ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر کو بعد میں علاج کے لیے  سسون جنرل اسپتال  لے جایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ 
شکایت میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ ۵ ؍لاکھ روپے ادا نہ کرنے کے بعد ملزمین ڈاکٹر کی کار لے گئے۔ بعض رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے رقم نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی بھی دی تھی۔ پولیس نے معاملے سے متعلق عمارت کے سی سی ٹی وی  فوٹیج  حاصل کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔  پونے کے  کالے پڈل پولیس اسٹیشن  میں ڈاکٹر ودیادھر گائیکواڑ کی شکایت پر دویا شندے، انا ڈھمڈھیرے اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مختلف رپورٹس میں ملزمین  کی تعداد ۸ ؍سے ۱۰؍ افراد  بتائی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK