• Sat, 12 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی میں سربراہان مملکت اکٹھا، آج سےسربراہی اجلاس

Updated: September 12, 2026, 10:51 AM IST | Ahmadullah Siddiqui/Agency | New Delhi

برکس نے دنیا کے طاقتور ترین گروپ جی ۷؍ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ پوتن، پیزشکیان اور دیگر نے کہا : ہم دنیا کی۵۰؍ فیصد آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں۔

Prime Minister Modi on stage with other heads of state during the BRICS summit. Photo: INN
برکس اجلاس کے دوران وزیراعظم مودی اسٹیج پر دیگر سربراہان مملکت کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

جمعہ کو  برکس بزنس فورم کےاجلاس  کے بعد ہندوستان ۱۲؍ ستمبر کوبرکس کے ۱۸؍ویںسربراہی اجلاس کی میزبانی کیلئے پوری طرح سے تیار ہے۔  دو روزہ اس کانفرنس میں ۱۱؍ بڑی ابھرتی ہوئی اور ترقی پذیر معیشت کے حامل ممالک جمع ہوں  گے۔ ان ممالک میں برازیل، چین، مصر، ایتھوپیا، انڈونیشیا،  ہندوستان، ایران، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ بیلاروس، بولیویا، کیوبا، قزاقستان،ملیشیا نائجیریا، تھائی لینڈ، یوگنڈا، ازبکستان اور ویتنام برکس کےشراکت دار ممالک کے طور پر شرکت کررہے ہیں۔دنیا بھر کی نگاہیں برکس اجلاس کے مشترکہ بیان پر جمی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:لداخ کو ریاست کا درجہ نہیں ملے گا، بلکہ ایک منفرد منتخب باڈی دی جائے گی: حکومت

جمعہ کو برکس بزنس فورم میں وزیراعظم مودی،روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ایران کے صدر مسعود پیز شکیان ودیگر نے گرو پ کو مزید مؤثر بنانے اور ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تعاون کووسیع کرنے پر زور دیا۔ جہاں ایک طرف روس کے صدر نے برکس کا جی ۷؍ سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح برکس نے دنیا کے طاقتور ترین گروپ جی ۷؍ کو پیچھے چھوڑدیا،وہیں وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ کس طرح ڈھائی فیصدعالمی جی ڈی پی کے مقابلہ میں  برکس کی جی ڈی پی میں ساڑھے چار گنا اضافہ ہوا۔

وزیر اعظم  نے برکس لیڈروں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ’اس سال ہم برکس کے۲۰؍ سال کا جشن منا رہے ہیں۔ جب یہ گروپ ۲۰۰۶ء میں شروع کیا گیا تھا، اس میں صرف چار ممالک شامل تھے اور آج برکس اور اس کے شراکت داروں سمیت، ہمارے پاس ۲۱؍ممالک کا خاندان ہے۔آج برکس ممالک دنیا کی۵۰؍ فیصد آبادی، جی ڈی پی کا۴۰؍ فیصد اور۲۵؍ فیصد سے زیادہ تجارت کی نمائندگی کرتے ہیں۔ان برسوں میں عالمی جی ڈی پی میں تقریباً ڈھائی گنا اضافہ ہوا ہے، برکس ممالک کی مشترکہ جی ڈی پی تقریباً ساڑھے چار گنا بڑھی ہے۔برکس ممالک عالمی اختراعات اور حل کے لیے اہم مرکز کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ ہمارے ممالک میں جدت طرازی کے نئے امکانات شکل اختیار کر رہے ہیں، جن میں نچلی سطح کے اقدامات سے لے کر جدید ترین ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔برکس کا بڑھتا ہوا دائرۂ کار، رفتار اور توقعات ہم سب کے درمیان واضح طور پر دکھائی دے رہی ہیں۔ ہندوستان میں منعقد ہونے والا یہ فورم اب تک کا سب سے بڑا برکس بزنس فورم ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ایس آئی آر: وی وی ایس لکشمن، مہیش بابو، راجامولی کو الیکشن کمیشن کا نوٹس!

 آج برکس اجلاس میں کیا ہوگا
برکس سربراہ اجلاس کا آغاز سنیچر کو رکن ممالک کیلئے ’جامع عالمی طرز حکمرانی اور کثیر الجہتی نظام کی مضبوطی‘کے موضوع پر ایک بند کمرہ سے ہوگا۔ رکن ممالک کے رہنما بھارت منڈپم میں ہندوستانی اختراع کی نمائش کا مشاہدہ کریں گے۔ وہ شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیں گے۔ اس کے بعد وزیر اعظم مودی کے عشائیے کا اہتمام ہوگا۔ وزیر اعظم  اجلاس کے دوران  برکس لیڈروں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK