مشہور برطانوی یوٹیوبر اور انٹرٹینر KSI نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے انہیں ’’کنگ‘‘ اور ’’لیجنڈ‘‘ قرار دیا ہے۔ کے ایس آئی نے واضح کیا کہ وہ کنگ خان سے ذاتی طور پر ملنا چاہتے ہیں، کسی مواد یا ویڈیو کی خاطر نہیں۔
EPAPER
Updated: January 10, 2026, 10:05 PM IST | Mumbai
مشہور برطانوی یوٹیوبر اور انٹرٹینر KSI نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے انہیں ’’کنگ‘‘ اور ’’لیجنڈ‘‘ قرار دیا ہے۔ کے ایس آئی نے واضح کیا کہ وہ کنگ خان سے ذاتی طور پر ملنا چاہتے ہیں، کسی مواد یا ویڈیو کی خاطر نہیں۔
برطانوی یوٹیوبر، باکسر اور موسیقار کے ایس آئی جن کا اصل نام Olajide Olayinka Williams Olatunji ہے، نے بالی ووڈ کے آئیکون شاہ رخ خان کیلئے گہری محبت اور احترام کا اظہار کیا ہے۔ زوم کے ساتھ ایک حالیہ گفتگو کے دوران کے ایس آئی نے کہا کہ وہ شاہ رخ خان کو ’’کنگ‘‘ اور ’’لیجنڈ‘‘ سمجھتے ہیں اور مستقبل میں ان سے ذاتی طور پر ملنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ ملاقات کسی کانٹینٹ یا ویڈیو بنانے کے لیے نہیں بلکہ خالصتاً ذاتی دلچسپی کے تحت ہوگی۔ شاہ رخ خان کی اداکاری اور فلمی ورثے پر بات کرتے ہوئے یوٹیوبر نے کہا کہ ’’وہ ایک کنگ ہیں، ایک مکمل لیجنڈ۔ مَیں بس ان کا کام دیکھتا رہتا ہوں، اور اس سے متاثر ہوتا رہتا ہوں۔ ایک دن میں واقعی ان سے ملنا چاہوں گا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:آدرش گورو اور شنایا کپور کی فلم ’’تو یا میں‘‘ کا ٹیزر جاری
واضح رہے کہ کے ایس آئی کے یہ تاثرات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم ’’کنگ‘‘ کے متعلق بہت پُرجوش ہیں۔ اس ایکشن تھریلر کی ہدایتکاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں، جس میں شاہ رخ خان دوہرا کردار ادا کریں گے۔ فلم کی اسٹار کاسٹ میں دپیکا پڈوکون، رانی مکھرجی، جے دیپ اہلاوت، ارشد وارثی، ابھیشیک بچن اور دیگر نمایاں اداکار شامل ہیں۔ ’’کنگ‘‘ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی بطور اداکارہ پہلی فلم بھی ہوگی۔ فلم کی پہلی جھلک گزشتہ سال شاہ رخ خان کی ۶۰؍ ویں سالگرہ پر جاری کی گئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق، مختصر وقفے کے بعد شاہ رخ خان نے ۲۰؍ دسمبر کو دوبارہ شوٹنگ شروع کی، جہاں پیچیدہ ایکشن مناظر، کوریوگرافی اور جدید کیمرہ سیٹ اپ پر کام کیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ فلم ۲۰۲۶ء کے دوسرے نصف میں ریلیز ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے:یامی گوتم فلم ’’نئی نویلی ‘‘ میں بھوتنی کا رول ادا کریں گی
اس کے علاوہ، شاہ رخ خان اپنی بلاک بسٹر فلم ’’پٹھان‘‘ کے سیکوئل ’’پٹھان ۲‘‘ میں بھی نظر آئیں گے۔ اطلاعات کے مطابق، اس فلم کا پروڈکشن اسی سال کے اوائل میں شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ فلم کو ۲۰۲۷ء میں بڑے پیمانے پر سنیماگھروں میں ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے۔