Updated: August 22, 2026, 7:10 PM IST
| Los Angeles
کرسٹوفر نولن کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ ریکارڈ ساز تھیٹر ریلیز کے بعد ۱۷؍ نومبر کو پریمیم ویڈیو آن ڈیمانڈ (PVOD) کے ذریعے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگی۔ یونیورسل پکچرز اسی روز فلم کو 4K الٹرا ایچ ڈی، بلو رے اور ڈی وی ڈی پر بھی ریلیز کرے گا۔ میٹ ڈیمن، این ہیتھ وے اور ٹام ہالینڈ کی اداکاری سے سجی فلم نے عالمی سطح پر 1.352 ارب ڈالر کی کمائی کے ساتھ ’’ڈیڈ پول اینڈ وولورین‘‘ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی R-rated فلم کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔
دی اوڈیسی۔ تصویر: آئی این این
ورائٹی کی اطلاعات کے مطابق کرسٹوفر نولن کی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ ریکارڈ ساز تھیٹر ریلیز کے بعد ۱۷؍ نومبر کو پریمیم ویڈیو آن ڈیمانڈ (PVOD) کے ذریعے ڈیجیٹل اسٹریمنگ کے لیے دستیاب ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق یونیورسل پکچرز اسی روز فلم کو فزیکل میڈیا، بشمول ۴کے (4K) الٹرا ایچ ڈی، بلو رے اور ڈی وی ڈی پر بھی ریلیز کرے گا۔ نولن کی تحریر اور ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم نے جولائی میں ریلیز کے پہلے ہفتے کے اختتام پر شمالی امریکہ کے ۳؍ ہزار ۹۱۹؍ سینما گھروں سے تقریباً ۱۲؍ کروڑ ۴۰؍ لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔ فلم نے اگلے ہفتے بھی باکس آفس پر پہلی پوزیشن برقرار رکھی، تاہم ۳۱؍ جولائی کو فلم ’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کی ریلیز کے بعد یہ دوسرے نمبر پر آگئی۔
یہ بھی پڑھئے: کُبریٰ سیٹھ نے ’’فرضی ۲‘‘کی شوٹنگ شروع کی، سائرہ کے کردار میں نظرآئیں گی
جمعرات کو یونیورسل نے اعلان کیا کہ فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی R-rated فلم بن گئی ہے۔ بدھ کے عالمی بزنس کے بعد فلم کی مجموعی عالمی ٹکٹ فروخت۳۵۲ء۱؍ ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ڈزنی کی ملکیت والے 20th Century Studios کی فلم ’’ڈیڈ پول اینڈ وولورین‘‘ کے پاس تھا، جس نے ۲۰۲۴ء میں دنیا بھر سے ۳۳۸ء۱؍ ارب ڈالر کمائے تھے۔ رپورٹ کے مطابق فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ کو پریمیم ویڈیو آن ڈیمانڈ کے ذریعے خریدنے اور کرائے پر دیکھنے کا آپشن دستیاب ہوگا، تاہم ورائٹی نے اس کی قیمتوں کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ توقع ہے کہ فلم ایپل ٹی وی، فینڈنگو ایٹ ہوم، پرائم ویڈیو اور یوٹیوب موویز سمیت مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: پارول گلاٹی بنیں ’دی ٹریٹرز ۲‘ کی سب سے زیادہ زیرِ بحث کھلاڑی
یونانی شاعر ہومر کی شہرۂ آفاق رزمیہ نظم پر مبنی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ میں میٹ ڈیمن نے اوڈیسیئس کا کردار ادا کیا ہے، جو یونانی جزیرے ایتھاکا کا بادشاہ ہے۔ ٹروجن جنگ کے بعد وہ اپنی اہلیہ ملکہ پینی لوپ (اینی ہیتھوے) اور بیٹے شہزادہ ٹیلی ماکس (ٹام ہالینڈ) کے پاس واپس پہنچنے کے لیے ایک خطرناک اور طویل سفر پر روانہ ہوتا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں زینڈایا، شارلیز تھیرون، لوپیتا نیونگو، ہیمش پٹیل، جون برنتھل، ایلیٹ پیج، جان لیگیزامو، میا گوتھ، بینی سفڈی، کوری ہاکنز، جیمز ریمر اور بل ارون کی آواز بھی شامل ہیں۔