Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرسٹوفر نولن کی ’’دی اوڈیسی‘‘ نے پہلے ہفتے میں ساڑھے ۲۵؍ ارب روپے کمائے

Updated: July 20, 2026, 4:03 PM IST | Mumbai

کرسٹوفر نولن کی تاریخی رزمیہ فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ نے عالمی باکس آفس پر شاندار آغاز کرتے ہوئے ریلیز کے صرف تین دن میں ۱ء۲۶۴؍ ملین امریکی ڈالر (تقریباً ۲۵۴۰؍ کروڑ روپے) سے زائد کی کمائی کی ہے۔ فلم نے ہندوستان میں بھی زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے تین دن میں ۶۱؍ کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا، جبکہ یہ نولن کے کریئر کی ہندوستان میں سب سے بڑی اوپننگ ویک اینڈ فلم بن گئی۔

The Odyssey. Photo: INN
دی اوڈیسی۔ تصویر: آئی این این

آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کار کرسٹوفر نولن کی نئی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ (The Odyssey) نے عالمی باکس آفس پر ریکارڈ ساز آغاز کرتے ہوئے ریلیز کے پہلے ہی ویک اینڈ میں ۱ء۲۶۴؍  ملین امریکی ڈالر کی کمائی کر لی ہے۔ فلم نے صرف تین دن میں دنیا بھر میں شاندار بزنس کرتے ہوئے نولن کے کریئر کی کامیاب ترین ابتدائی ریلیز میں جگہ بنا لی ہے۔ ہندوستانی باکس آفس پر بھی فلم کو غیرمعمولی پذیرائی ملی۔ ابتدائی تین دنوں میں ۶۱؍ کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کے ساتھ یہ ہندوستان میں کرسٹوفر نولن کی اب تک کی سب سے بڑی اوپننگ ویک اینڈ فلم بن گئی۔ انگریزی ورژن نے ہی تقریباً ۵۰؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا، جبکہ ہندی سمیت دیگر زبانوں میں بھی فلم کو اچھی کامیابی حاصل ہوئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: فلموں میں آنے سے قبل روی کشن، اداکار متھن جیسا بننے کا خواب دیکھتے تھے

عالمی سطح پر فلم نے ۵ء۱۲۴؍ ملین ڈالر امریکہ اور کنیڈا سے جبکہ ۶ء۱۳۹؍ ملین ڈالر بین الاقوامی مارکیٹس سے حاصل کیے۔ یوں اس کا مجموعی عالمی بزنس ۱ء۲۶۴؍ ملین ڈالر تک پہنچ گیا، جو نولن کے کریئر کی سب سے بڑی اوپننگ ثابت ہوا۔ تقریباً ۲۵۰؍ ملین ڈالر کے بجٹ سے بننے والی اس فلم کو مکمل طور پر آئی میکس (IMAX) کیمروں سے فلمایا گیا ہے، جو عالمی سنیما کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے۔ فلم کی کامیابی میں آئی میکس اسکرینوں کا نمایاں کردار رہا، جہاں سے تقریباً ۸ء۵۱؍ ملین ڈالر کی آمدنی ہوئی۔ غیرمعمولی طلب کے باعث کئی سنیما گھروں نے آدھی رات اور صبح سویرے کے اضافی شوز بھی چلائے۔ 

یہ بھی پڑھئے: جب بیشتر فنکاروں کے پاس کار بھی نہیں ہوا کرتی تھی، موتی لال جہاز اُڑایا کرتے تھے

ہومر کی لازوال رزمیہ داستان پر مبنی اس فلم میں میٹ ڈیمن نے مرکزی کردار اوڈیسیئس ادا کیا ہے، جبکہ ٹام ہالینڈ، اینی ہیتھوے، زندایا، رابرٹ پیٹنسن، لوپیتا نیونگو اور دیگر معروف اداکار بھی اہم کرداروں میں نظر آتے ہیں۔ ناقدین اور ناظرین دونوں نے فلم کو بھرپور سراہا ہے، جس کے نتیجے میں اسے A CinemaScore اور ۹۷؍ فیصد شائقین کی مثبت ریٹنگ حاصل ہوئی ہے۔ فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق ’’دی اوڈیسی‘‘ کی شاندار اوپننگ نے نہ صرف نولن کی عالمی مقبولیت کو ایک بار پھر ثابت کیا ہے بلکہ ۲۰۲۶ء کو وبا کے بعد سنیما انڈسٹری کے لیے سب سے کامیاب برس بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ موجودہ رفتار برقرار رہی تو فلم آئندہ چند ہفتوں میں باکس آفس کے کئی مزید ریکارڈ توڑ سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK