Updated: August 29, 2026, 10:05 PM IST
| Los Angeles
امریکی کنٹری میوزک اسٹار ڈولی پارٹن نے اپنی زندگی میں ایک گانا خفیہ طور پر ریکارڈ کرکے ٹائم کیپسول میں محفوظ کرایا تھا، جسے ۲۰۴۶ء تک نہیں کھولا جائے گا۔ ’’مائی پلیس اِن ہسٹری‘‘ نامی یہ گانا ان کی ۱۰۰؍ ویں سالگرہ کے موقع پر عوام کے سامنے لایا جائے گا۔
امریکی کنٹری میوزک کی معروف گلوکارہ ڈولی پارٹن نے خفیہ طور پر ایک نیا گانا ریکارڈ کیا تھا، جسے ایک ٹائم کیپسول میں محفوظ کرکے رکھا گیا ہے اور اسے ۲۰۴۶ء تک نہیں کھولا جائے گا۔ گانے کا عنوان ’’مائی پلیس اِن ہسٹری‘‘ (My Place in History) ہے۔ یہ گانا ڈولی پارٹن نے لکڑی کے ایک ڈبے میں محفوظ کرکے ڈالی ووڈ کے ڈریم مور ریزورٹ میں رکھوایا تھا۔ یہ ریزورٹ ۲۰۱۵ء میں کھولا گیا تھا۔ ڈولی پارٹن نے اپنی کتاب ’’سانگ ٹیلر: مائی لائف اِن لیرکس‘‘ میں انکشاف کیا کہ ریزورٹ کے عملے کو خصوصی طور پر ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اس ڈبے کو مقررہ تاریخ تک نہ کھولیں۔ یہ تاریخ ۱۹؍ جنوری ۲۰۴۶ء ہے، جو ڈولی پارٹن کی ۱۰۰؍ ویں سالگرہ ہوگی۔ انہوں نے کتاب میں بتایا کہ یہ ایک ایسا گانا ہوگا جو ریزورٹ کھلنے کے ۳۰؍ سال مکمل ہونے تک کسی کو سننے کو نہیں ملے گا۔
یہ بھی پڑھئے: ناگ ارجن نے تیلگو کے ساتھ ہندی فلموں میں بھی نام کمایا ہے
ڈولی پارٹن کے مطابق ٹائم کیپسول میں گانا محفوظ کرنے کا خیال ان کے مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ عملے نے ان سے کہا تھا کہ جب تک یہ ڈبہ کھولا جائے گا، ’’آپ بہت پہلے دنیا سے جاچکی ہوں گی۔‘‘ اس پر ڈولی پارٹن نے جواب دیا کہ ’’ایسا ضروری نہیں، میں اس وقت ۹۹؍ سال کی ہوں گی۔ میں نے لوگوں کو اس سے زیادہ عمر تک زندہ رہتے دیکھا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ بات کچھ عجیب اور غیر معمولی تھی کہ ان سے ایسا پراسرار گانا لکھنے کو کہا گیا جسے کئی دہائیوں تک کوئی نہیں سن سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتیں کہ وہ ۱۰۰؍ سال کی عمر تک زندہ رہنا چاہیں گی یا نہیں، لیکن زندگی کا کچھ بھروسا نہیں، ممکن ہے وہ اس وقت موجود ہوں اور اگر ایسا ہوا تو وہ گانے کو عوام کے سامنے چلائے جانے کے موقع پر ضرور شریک ہوں گی۔ ڈولی پارٹن نے اس تجربے کو اپنے کسی بچے کو دفن کرنے یا اسے برف میں محفوظ کرنے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انہوں نے اپنی کسی اولاد کو دفن کردیا ہو اور وہ خود اس کی دوبارہ زندگی دیکھنے کیلئے موجود نہ ہوں۔
ڈولی پارٹن نے ۱۹۸۶ء میں گریٹ اسموکی ماؤنٹینز کے دامن میں قائم ۱۶۵؍ ایکڑ پر محیط تفریحی پارک ڈالی ووڈ کی مشترکہ بنیاد رکھی تھی۔ اس پارک میں ان کے بچپن کے گھر کی نقل بھی موجود ہے جبکہ ایک میوزیم میں ان کی زندگی اور فنی سفر کو محفوظ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ بگ باس ۲۰‘‘ میں بڑا اپ ڈیٹ، سلمان خان نے انکشاف کیا
ڈولی پارٹن گانے کے بارے میں پہلے بھی بات کرچکی تھیں
ڈولی پارٹن نے ۲۰۲۲ء میں دی کیلی کلارکسن شو میں شرکت کے دوران بھی اس گانے کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے مذاقاً کہا تھا کہ انہیں اس بات پر شدید جھنجھلاہٹ ہوتی ہے کہ مزید دو دہائیوں تک کوئی بھی یہ گانا نہیں سن سکے گا۔ انہوں نے پروگرام کی میزبان اور گلوکارہ کیلی کلارکسن سے کہا تھا کہ انہیں اندازہ نہیں کہ یہ گانا انہیں کتنا پریشان کرتا ہے اور وہ اسے کھود کر نکالنے کیلئے بے حد بے تاب ہیں۔ ان کے مطابق یہ ایک بہت اچھا گانا ہے۔ تاہم ڈولی پارٹن نے اس وقت بھی کہا تھا کہ انہیں یقین نہیں کہ جب ’’مائی پلیس اِن ہسٹری‘‘ کو عوام کیلئے چلایا جائے گا تو وہ خود اسے سننے کیلئے موجود ہوں گی یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’ممکن ہے میں یہاں موجود ہوں، ممکن ہے نہ ہوں۔‘‘
ڈولی پارٹن کا انتقال
دو کمروں پر مشتمل لکڑی کے ایک گھر میں پیدا ہونے والی ڈولی پارٹن نے اپنے فن کے ذریعے دنیا کی امیر ترین کنٹری میوزک اسٹارز میں جگہ بنائی۔ ’’۹ ٹو ۵‘‘ اور ’’جولین‘‘ سمیت ان کے متعدد گانے عالمی سطح پر مقبول ہوئے۔ ڈولی پارٹن ۲۵؍ اگست کو ۸۰؍ سال کی عمر میں ’’کینسر سے مختصر جنگ‘‘ کے بعد انتقال کرگئیں۔ ان کے خاندان نے ان کی موت کی تصدیق کی۔ ان کے انتقال کے بعد دنیا بھر سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ۲۶؍ اگست کو ان کی منہ بولی بیٹی اور پاپ گلوکارہ مائلی سائرس نے بھی ڈولی پارٹن کو یاد کرتے ہوئے انہیں ’’فرشتہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ ان سے محبت کریں گی اور انہیں فخر محسوس کرانے کی کوشش کرتی رہیں گی۔ مائلی سائرس نے کہا کہ ان کا دل دنیا، ڈولی پارٹن کے خاندان اور ان کے دوستوں کیلئے ٹوٹ گیا ہے، جو انہیں بے حد یاد کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: فلم ’’ریس ۴‘‘میں عامر خان کے ساتھ سدھارتھ ملہوترا اور ٹائیگر شروف کا داخلہ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی ڈولی پارٹن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے امریکہ میں سرکاری پرچم سرنگوں رکھنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈولی پارٹن کی موت لاکھوں لوگوں کیلئے ایک حقیقی نقصان ہے اور ان جیسا کوئی پہلے کبھی نہیں تھا اور نہ ہی آئندہ ہوگا۔ سابق بیٹلر پال میک کارٹنی نے ڈولی پارٹن کی گیت نگاری، گلوکاری اور فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کنٹری میوزک کی دنیا میں ان کی خدمات کا کوئی ثانی نہیں۔