عالمی میوزک اسٹار اینریک ایگلیسیاس کے ۲؍ روزہ کنسرٹ سے مہاراشٹر کی سیاحت کو ۱۰؍ ملین امریکی ڈالر (تقریباً ۸۹؍ کروڑ روپے) کا اقتصادی فائدہ پہنچا۔ ایونٹ میں جونیتا گاندھی اور پروگریسو برادرز نے بھی پرفارم کیا جبکہ متعدد بالی وڈ شخصیات نے شرکت کی۔
EPAPER
Updated: November 08, 2025, 10:15 PM IST | Mumbai
عالمی میوزک اسٹار اینریک ایگلیسیاس کے ۲؍ روزہ کنسرٹ سے مہاراشٹر کی سیاحت کو ۱۰؍ ملین امریکی ڈالر (تقریباً ۸۹؍ کروڑ روپے) کا اقتصادی فائدہ پہنچا۔ ایونٹ میں جونیتا گاندھی اور پروگریسو برادرز نے بھی پرفارم کیا جبکہ متعدد بالی وڈ شخصیات نے شرکت کی۔
گزشتہ ہفتے عالمی شہرت یافتہ ہسپانوی گلوکار اینریک ایگلیسیاس نے ۱۳؍ سال بعد ہندوستان میں اپنی شاندار واپسی کی۔ انہوں نے ممبئی کے ایم ایم آر ڈی اے میدان میں ۲؍ روزہ کنسرٹ کے ذریعے ہزاروں مداحوں کو جھومنے اور تھرکنے پر مجبور کر دیا۔ یہ ایونٹ، جو ایوا لائیو کے زیر اہتمام منعقد ہوا، مکمل طور پر فروخت ہوچکا تھا اور ۶۰؍ ہزار سے زائد شائقین نے اس میں شرکت کی۔ سرکاری اندازوں کے مطابق اس کنسرٹ سے مہاراشٹر کی سیاحت کو تقریباً ۱۰؍ ملین ڈالر (تقریباً ۸۹؍ کروڑ روپے) کا فائدہ پہنچا۔
یہ بھی پڑھئے: اجے دیوگن کی فلم ’’دے دے پیار دے ۲‘‘ کو بغیر کسی ترمیم کے سینسر بورڈ کا سرٹیفکیٹ
۲۹؍ اور ۳۰؍ اکتوبر کو منعقد ہونے والے ان کنسرٹس میں اینریک نے ۹۰؍ منٹ طویل شو کیا جس میں انہوں نے اپنے مشہور ۱۹؍ نغمے پیش کئے۔ اس موقع پر انڈو کنیڈین گلوکارہ جونیتا گاندھی اور مشہور ای ڈی ایم جوڑی پروگریسو برادرز نے بھی زبردست پرفارمنسز دیں۔
اینریک کے کنسرٹ کا جوش صرف ممبئی تک محدود نہیں تھا۔ آسام سے تمل ناڈو تک ۲۷؍ ریاستوں سے شائقین کنسرٹ میں شریک ہوئے۔ کنسرٹ میں متعدد بالی وڈ اسٹارز بھی شریک ہوئے جن میں ملائکہ اروڑہ، ودیا بالن، راکل پریت سنگھ، انو ملک، نتاشا دلال، گرمیت چودھری، دیبینا بونرجی، دویا دتہ، آہانہ کامرا اور دیگر شامل تھے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ بگ باس ۱۹‘‘ کے دورانیہ میں توسیع کی افواہیں دم توڑ گئیں، فائنل ۷؍ دسمبر کو
اس کنسرٹ نے صرف تفریح فراہم نہیں کی بلکہ مہاراشٹر کی سیاحت اور مقامی معیشت کو بھی نئی توانائی دی۔ ہوٹلز، ریسٹورنٹس، اور مقامی کاروباروں کو ہزاروں مداحوں کی آمد سے خاطر خواہ فائدہ ہوا۔یہ ایونٹ ثقافتی سیاحت کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا عملی ثبوت بن گیا۔ ایوا لائیو اور اس کے شراکت داروں نے کنسرٹ کو عالمی معیار پر منعقد کرنے کیلئے جدید سہولیات فراہم کیں۔