Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہر فلمساز میٹ ڈیمن کیساتھ کام کرنا چاہیگا: ہالی ووڈ اسٹار کی خواہش پر شیکھر کپور کا دلچسپ جواب

Updated: July 12, 2026, 9:03 PM IST | Mumbai

ہالی ووڈ اداکار میٹ ڈیمن کی جانب سے ہندوستانی فلم ساز شیکھر کپور کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کے اظہار کے بعد دونوں کے درمیان دلچسپ اور جذباتی مکالمہ سامنے آیا ہے۔ ممبئی میں فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ کی پریس کانفرنس کے دوران میٹ ڈیمن نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ دو دہائیوں سے شیکھر کپور کے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے۔ اس پر شیکھر کپور نے کہا کہ دنیا کا ہر فلم ساز میٹ ڈیمن جیسے اداکار کے ساتھ کام کرنے کا خواہش مند ہوگا۔

Matt Damon and Shekhar Kapur. Photo: INN
میٹ ڈیمن اور شیکھر کپور۔ تصویر: آئی این این

ہالی ووڈ کے معروف اداکار میٹ ڈیمن اور ہندوستانی فلم ساز شیکھر کپور کے درمیان دو دہائیوں پر محیط ایک ادھورا خواب ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے۔ فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ (The Odyssey) کی تشہیر کے سلسلے میں ممبئی آئے میٹ ڈیمن نے انکشاف کیا کہ وہ طویل عرصے سے شیکھر کپور کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند رہے ہیں، جس پر ہندوستانی ہدایت کار نے بھی انتہائی گرمجوشی اور محبت بھرے انداز میں ردعمل دیا۔ ممبئی میں منعقدہ فلم کی پریس کانفرنس کے دوران میٹ ڈیمن سے پوچھا گیا کہ وہ کس ہندوستانی فلم ساز کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے۔ اس پر انہوں نے بلا جھجھک شیکھر کپور کا نام لیا اور بتایا کہ ان کے ساتھ کام نہ کر پانا آج بھی ان کے کریئر کی ایک ادھوری خواہش ہے۔

یہ بھی پڑھئے: وجے کی آخری فلم ’’جنا نائیگن ‘‘کو A سرٹیفکیٹ، کئی مناظر پر سینسر بورڈ کی قینچی

میٹ ڈیمن نے کہا کہ ’’مجھے یاد ہے جب ہم اپنے کریئر کے ابتدائی مرحلے میں تھے تو ہر کوئی شیکھر کپور کے ساتھ کام کرنا چاہتا تھا۔ میں ’’دی فور فیدرز‘‘ نہ کر سکنے پر بہت مایوس ہوا تھا۔ میرا خیال ہے کہ اس وقت میں ’’بورن‘‘ فلم کے لیے معاہدہ کر چکا تھا۔ اسی وجہ سے یہ موقع ہاتھ سے نکل گیا۔ شیکھر کپور ہمیشہ میری خواہشات کی فہرست میں رہے ہیں اور میں اب بھی ان کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ ایسا ہے جیسے میں گزشتہ بیس برسوں سے ایک چھوٹا سا قرض اپنی جیب میں لیے پھر رہا ہوں۔‘‘ 
میٹ ڈیمن کے اس بیان پر شیکھر کپور نے بھی بھرپور محبت اور احترام کے ساتھ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے نہیں لگتا کہ دنیا میں کوئی بھی فلم ساز ایسا ہوگا جو میٹ ڈیمن جیسے اداکار کے ساتھ کام کرنے کا موقع حاصل نہ کرنا چاہے۔ ان جیسی جذباتی گہرائی رکھنے والے اداکار بہت کم ہوتے ہیں۔‘‘ شیکھر کپور نے میٹ ڈیمن کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے فلم ’’گڈ ول ہنٹنگ‘‘ کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ ’’رابن ولیمز کے ساتھ ان کا وہ مشہور منظر،‘It’s not your fault’، کون بھول سکتا ہے۔ وہ لمحہ آج بھی دنیا بھر کے فلم بینوں کے دلوں میں زندہ ہے۔‘‘ اس کے بعد شیکھر کپور نے اپنے مخصوص فلسفیانہ انداز میں کہا کہ ’’واقعات ماضی، حال اور مستقبل کے درمیان سفر کرتے رہتے ہیں، جبکہ وقت ہمارے تخیل کی تخلیق ہے۔ شاید اب وقت آ گیا ہے کہ میٹ ڈیمن اور میں آخرکار ایک ساتھ کام کریں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: فلم’ستیہ‘ میں شیفالی شاہ کو شامل کروانے کیلئے منوج باجپئی نےڈائریکٹر کو منایا تھا

دونوں کے درمیان یہ دوستانہ تبادلہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں فلمی شائقین اس ممکنہ تعاون کو حقیقت بنتا دیکھنے کی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شیکھر کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’دی فور فیدرز‘‘ بالآخر ۲۰۰۲ء میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں مرکزی کردار مرحوم اداکار ہیتھ لیجر نے ادا کیا تھا۔ ابتدائی منصوبے میں میٹ ڈیمن کے نام پر بھی غور کیا گیا تھا، تاہم شیڈول کے مسائل کے باعث وہ اس فلم کا حصہ نہ بن سکے۔ میٹ ڈیمن اس وقت ہدایت کار کرسٹوفر نولن، پروڈیوسر ایما تھامس اور اداکار ٹام ہالینڈ کے ساتھ فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ کی تشہیری مہم کے سلسلے میں ہندوستان میں موجود ہیں۔ یونانی شاعر ہومر کی رزمیہ داستان پر مبنی اس فلم میں میٹ ڈیمن افسانوی بادشاہ اوڈیسیئس کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو ٹروجن جنگ کے بعد اپنے وطن واپسی کے طویل اور خطرناک سفر پر نکلتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: شیکھر سمن کے قریبی ساتھی اور پروڈیوسر دھرمیش سنگانی کیخلاف ای ڈی کی کارروائی

فلم میں اینی ہیتھ وے، زینڈایا، لوپیتا نیونگ، رابرٹ پیٹنسن، شارلیز تھیرون اور جون برنتھل بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ’’دی اوڈیسی‘‘ ۱۷؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ اگرچہ فی الحال میٹ ڈیمن اور شیکھر کپور کے درمیان کسی مشترکہ فلم کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا، تاہم دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کے لیے کیے گئے تعریفی بیانات نے فلمی حلقوں میں ایک نئے ممکنہ بین الاقوامی تعاون کی امید ضرور پیدا کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK