• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی سی جے کے روہنگیا فیصلے پر ہندوستان کا ردعمل

Updated: November 21, 2026, 8:04 PM IST | New Delhi

بین الاقوامی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) کی جانب سے میانمار کو روہنگیا نسل کشی کا ذمہ دار قرار دینے کے بعد ہندوستان نے اپنا پہلا با ضابطہ ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پناہ گزینوں کی محفوظ واپسی کی حمایت دہرائی ہے۔ تاہم، جینوسائیڈ کنونشن کے دستخط کنندہ ہونے اور ملک میں جاری سپریم کورٹ کے مقدمات کے تناظر میں یہ سوال اہم ہو گیا ہے کہ آیا یہ عالمی فیصلہ نئی دہلی پر بھی قانونی طور پر لاگو ہوتا ہے یا نہیں۔

Photo: PTI.
تصویر: پی ٹی آئی

روہنگیا معاملہ میں بین الاقوامی عدالتِ انصاف (آئی سی جے ) نے حال ہی میں فیصلہ دیا ہے کہ میانمار نے روہنگیا برادری کی نسل کشی کی ہے۔ اس فیصلے پر اپنے پہلے ردعمل میں ہندوستان نے جمعہ کو کہا کہ اس نے ہمیشہ بے گھر ہونے والی اس اقلیت کی ریاست راکھین میں واپسی کی حمایت کی ہے۔ ہندوستان نے یہ بھی کہا کہ اس نے بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں کو امدادی سامان فراہم کیا ہے۔ اس وقت بنگلہ دیش میں تقریباً ۱۲؍ لاکھ روہنگیا پناہ گزین مقیم ہیں، جبکہ ۵؍لاکھ سے زائد اب بھی میانمار میں ہیں۔ ہندوستانی سرکاری ذرائع نے ۲۰۱۷ء میں اندازہ لگایا تھا کہ ملک میں تقریباً ۴۰؍ ہزار روہنگیا موجود ہیں، جن میں سے بیشتر کے پاس دستاویزات نہیں ہیں۔ ہندوستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا، ’’ہم نے اس فیصلے کا نوٹس لیا ہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ ریاست راکھین سے بے گھر ہونے والے روہنگیا افراد کی محفوظ، تیز رفتار اور پائیدار واپسی کی حمایت کی ہے۔ اس مقصد کیلئے ہم نے ’آپریشن انسانیت‘ کے تحت پانچ قسطوں میں امدادی سامان بھیج کر بنگلہ دیش میں روہنگیا کیمپوں کی مدد کی۔ ہم نے اس غرض سے میانمار میں ریاست راکھین کے ترقیاتی پروگرام میں بھی تعاون کیا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ممبئی: عدالت نے شہر کے پہلے تبدیلیِ مذہب قانون کے مقدمے میں مسلم نوجوان کو عبوری ضمانت دی

اقوامِ متحدہ کی اس اعلیٰ ترین عدالت نے فیصلہ سنایا کہ میانمار ’’روہنگیا گروہ اور اس کے افراد کو پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ دینے کا پابند ہے۔‘‘ عدالت نے کہا کہ میانمار کو ۲۰۱۷ء میں روہنگیا کے خلاف کئے گئے کریک ڈاؤن کے دوران نسل کشی میں ملوث ہونے کے مشتبہ کسی بھی شخص کے خلاف تحقیقات شروع کرنی ہوں گی۔ آئی سی جے کے صدر یوجی ایواساوا نے کہا، ’’میانمار کو نسل کشی کے اقدامات کرنے کے معقول شبہ میں شامل تمام افراد کی تحقیقات کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں... اور اگر جرم ثابت ہو تو ان پر مقدمہ چلا کر سزا دی جائے۔‘‘ عدالت نے میانمار کو ۲۰۱۷ء کے کریک ڈاؤن کے بعد فرار ہونے والے روہنگیا پناہ گزینوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان غلط اقدامات کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے روہنگیا افراد خواہ وہ میانمار کے اندر بے گھر ہوئے ہوں یا بیرونِ ملک ان کی رہائش گاہوں پر محفوظ، رضاکارانہ اور باوقار واپسی اور خاندانوں کے دوبارہ ملاپ کی اجازت اور سہولت فراہم کی جائے۔

یہ بھی پڑھئے: ۳۵؍ سال بعد کشمیرمقامی ’دہشت گردوں‘ سے پاک ہوچکا ہے: امیت شاہ

ہندوستان کے بیان کے مطابق وہ روہنگیا کی واپسی کی حمایت کر رہا ہے، تاہم آئی سی جے کا فیصلہ یہ ثابت کرتا ہے کہ ۲۰۱۷ء میں فرار ہونے والے روہنگیا نسل کشی کا شکار تھے۔ اب چونکہ ہندوستان نے ۱۹۵۹ء میں جینوسائیڈ کنونشن (نسل کشی کے خلاف معاہدے) کی توثیق کی تھی، اس لئے وہ نسل کشی کو روکنے اور اس کی سزا دینے کا پابند ہے۔ مزید برآں، عالمی عدالت کے ازالے کے احکامات واضح طور پر کہتے ہیں کہ روہنگیا کی واپسی سلامتی، رضامندی اور وقار سے مشروط ہونی چاہئے۔ اگرچہ نئی دہلی یہ دلیل دے سکتا ہے کہ تحفظ کی ذمہ داری میانمار کی حکومت پر عائد ہوتی ہے، لیکن اس ذمہ داری کا ایک بڑا حصہ ہندوستان پر بھی آ سکتا ہے۔روہنگیا کے حوالے سے ہندوستان کے مؤقف کو ماضی کے کئی عدالتی مقدمات سے سمجھا جا سکتا ہے۔ ۲۰۱۷ء ہی میں ہندوستانی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ ملک میں روہنگیا پناہ گزینوں کی موجودگی سے قومی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ اپریل ۲۰۲۱ء میں محمد سلیم اللہ بنام یونین آف انڈیا کیس میں سپریم کورٹ نے جموں میں قید روہنگیا افراد کی ملک بدری روکنے سے انکار کر دیا تھا، البتہ یہ ہدایت دی تھی کہ کسی بھی ملک بدری کیلئے قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔ جنوری ۲۰۲۰ء میں آئی سی جے کے عبوری اقدامات کے فیصلے نے بھی ملک کی اعلیٰ عدالت کے فیصلے پر کوئی اثر نہیں ڈالا تھا۔ ۲۰۲۵ء میں یہ قانونی جنگ مزید تیز ہو گئی۔ ایک درخواست میں الزام لگایا گیا کہ درجنوں روہنگیا افراد کو سمندر میں لے جا کر میانمار کے قریب چھوڑ دیا گیا۔ جسٹس سوریہ کانت پر مشتمل سپریم کورٹ کی بنچ نے اس درخواست کو ’’ثبوتوں سے عاری ایک خوبصورتی سے گھڑی گئی کہانی‘‘ قرار دے کر مسترد کر دیا اور مشاہدہ کیا کہ غیر ملکی رپورٹس ملک کی خودمختاری پر حاوی نہیں ہو سکتیں۔ ایک الگ مقدمے میں دہلی ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی حکومت کی اسٹیٹس رپورٹ میں بتایا گیا کہ ۴۰؍ روہنگیا افراد کو غیر قانونی تارکین وطن کے طور پر واپس میانمار بھیج دیا گیا ہے۔۲؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو جسٹس سوریہ کانت جو اس وقت تک ملک کے چیف جسٹس بن چکے تھے، نے پانچ لاپتہ روہنگیا افراد سے متعلق ایک مقدمے میں حکومت سے سوال کیا کہ انہیں پناہ گزین قرار دینے والا سرکاری حکم نامہ کہاں ہے؟

یہ بھی پڑھئے: کشیدہ تعلقات کے درمیان پاکستانی وزیر مصدق مسعود کی ہندوستان آمد

ستمبر ۲۰۲۶ء  میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین ججوں کی بنچ نے کہا کہ روہنگیا کے حقوق، حراست اور ملک بدری سے متعلق وسیع تر مسائل کا جائزہ لینے سے پہلے یہ طے کرنا ضروری ہے کہ آیا انہیں پناہ گزین قرار دیا جائے یا غیر قانونی تارکین وطن۔ قانونی حیثیت کا یہ سوال اب ملک میں روہنگیا سے متعلق زیرِ التواء مقدمات کا مرکزی نکتہ بن چکا ہے اور امکان ہے کہ سپریم کورٹ کے سامنے آئی سی جے کے تازہ ترین فیصلے کا حوالہ بھی دیا جائے گا۔ تاہم سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہندوستان براہِ راست آئی سی جے کے اس فیصلے کا پابند نہیں ہے۔ بین الاقوامی عدالتِ انصاف کا فیصلہ صرف مقدمے کے فریقین پر لازم ہوتا ہے، جو یہاں گیمبیا اور میانمار ہیں اور ہندوستان اس مقدمے میں فریق نہیں تھا۔ اس کے علاوہ نئی دہلی کے قومی سلامتی کے خدشات کو جغرافیائی حقائق کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے کیونکہ ہندوستان کی سرحدیں میانمار اور بنگلہ دیش دونوں سے ملتی ہیں۔ ہندوستان یقینی طور پر بنگلہ دیش کے اس اصرار کی حمایت کر رہا ہے کہ میانمار فیصلے پر عمل کرے اور پناہ گزینوں کو واپس لے اور ساتھ ہی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے کارروائی کے برطانیہ کے مطالبے کی بھی تائید کرتا ہے۔ تاہم، اس کے باوجود نئی دہلی کو انسانی حقوق کی تنظیموں اور مبصرین کی جانب سے مسلسل ان سوالات کا سامنا رہے گا کہ آیا میانمار اور روہنگیا کے تئیں اس کے اقدامات بڑے پیمانے پر مظالم کو روکنے کے اس کے اعلان کردہ عزم سے مطابقت رکھتے ہیں یا نہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK