Inquilab Logo Happiest Places to Work

گڈچرولی : سیلاب کے سبب ۶؍ گاؤں کا رابطہ منقطع

Updated: August 03, 2026, 9:17 AM IST | Agency | Gadchiroli

پُلیا ندی کے پانی میں ڈوب گئی ۔ ایمبولنس نہ پہنچنے پر لوگوں نے جان خطرے میں ڈال کر حاملہ خاتون کو بیل گاڑی کے ذریعے اسپتال پہنچایا۔ بجلی نہ ہونے سے بھی دشواریاں۔

The Villagers Are Facing Severe Difficulties Due To Floods In Gadchiroli.Photo:INN
گڈچرولی میں سیلاب کے سبب خاص طورپر گاؤں والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے- تصویر:آئی این این
گڈچرولی میں موسلادھار بارش سے سیلاب آگیاہے جس کی وجہ سے عوام کو دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ یہاںگمل کنڈا علاقہ کے ۶؍ گاؤں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ نتیجتاً ایک  حاملہ خاتون کو  دردِ زہ  ہونے پر  بیل گاڑی کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔  گڈچرولی میں سرونچا تحصیل کی گرام پنچایت گمل کنڈا کے تحت آنے والے گائوں گمل کنڈا، مکتا پور، سومنور، مکیڈی گُتا، جونا سومنور اور نیا سومنور کا سیلاب کی وجہ سے   رابطہ مکمل طورپر منقطع ہوگیا۔ مکتا پور کی پُلیا پر ندی کا پانی آجانے سے  گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہو گئی جس سے گاؤں والوں کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔
 
 
صورت حال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک حاملہ خاتون کو زچگی کیلئے اسپتال لے جانے  کیلئے ایمبولنس بلائی گئی تھی لیکن وہ نہیں پہنچ سکی جس کی وجہ سے  گاؤں والوں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر خاتون کو بیل گاڑی کے ذریعے محفوظ مقام پر پہنچایا۔
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں پُلیا ڈوبنے کے بعد مریضوں کو علاج کیلئے سِرونچا سب ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔   ایمرجنسی حالات ہونے پر لوگوں کی زندگی خطرے میں پڑسکتی ہے۔’انڈیا ٹی وی‘ کی خبر کے مطابق  بارش اور پلیاڈوبنے سے سرکاری کام، طلبہ کی تعلیم، اسکول آنے جانے، ضروری خدمات، بازاروں اورگاؤں والوں کی روزمرہ کی زندگیوں پر  برا اثر پڑا ہے۔
بھامرا گڑھ   سیلاب  کے پانی  سے گھیر گیا  جس  کے نتیجے میں تعلقہ کا ضلع ہیڈکوارٹرز سے ۳؍ دن تک رابطہ منقطع ہوگیا۔  اے بی پی ماجھا کی خبر کے مطابق بجلی اور انٹرنیٹ سروس۵۰؍ گھنٹے سے زائد بند رہی۔ بیرون دنیا سے رابطہ منقطع ہونے کے سبب لوگ بے حال ہیں اور بجلی نہ ہونے سے علاقے اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ڈرون سے لی گئی تصاویر سے سیلاب کے سبب ہونے والی تباہی کا اندازہ ہورہا ہے۔
 
 
 
اونچے پل اور ہموار سڑک کا مطالبہ
گاؤں والوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مکتا پور میں ایک اونچا پل تعمیر کرنے اور سڑک کا ایسا نظام فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو ہر موسم میں  ٹریفک کو ہمواررکھنے کو یقینی بنائے۔ انہوں نے خبردار بھی کیا ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو زبردست عوامی تحریک چلائی جائے گی۔ دیوی داس لٹکری، اندراکمار گوگولا، رمیش جنگم، ہرینت کماری، سرینواس جنگم، سدوالی لٹکری، سنجے گوگولا اور دیگر کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے کارکنوں اور عہدیداروں نے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بڑے حادثے کا خطرہ
مقامی باشندوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر جائے وقوعہ کا معائنہ کرے اور مکتاپور میں ایک اونچا پل اور  ایک ہموار سڑک فراہم کرے۔ گاؤں والوں کو اندیشہ ہے کہ اگر اس مسئلے کا مستقل حل نہ نکالا گیا تو مستقبل میں کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK