غزہ نسل کشی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مشہور ترک اداکار براق اوزچیویت اور ان کی اہلیہ فخریہ اوجن نے اسرائیل کی حمایت کرنے والی کمپنی کی ۱۵۰؍ ملین لیرا (کم و بیش ۳۲؍ کروڑ روپے) کی پیشکش ٹھکرا دی۔
EPAPER
Updated: August 18, 2025, 9:00 PM IST | İstanbul
غزہ نسل کشی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مشہور ترک اداکار براق اوزچیویت اور ان کی اہلیہ فخریہ اوجن نے اسرائیل کی حمایت کرنے والی کمپنی کی ۱۵۰؍ ملین لیرا (کم و بیش ۳۲؍ کروڑ روپے) کی پیشکش ٹھکرا دی۔
ترکی کے مشہور اداکار اور ماڈل براق اوزچیویت اور ان کی اہلیہ فخریہ اوجن نے اسرائیل کی حمایت کرنے والی ایک کمپنی کے ۱۵۰؍ ملین لیرا کے ایک بڑے اشتہاری منصوبے کو یہ کہتے ہوئے ٹھکرا دیا کہ وہ غزہ نسل کشی میں حصہ دار نہیں بننا چاہتے اور نہ ایسے لوگوں سے وابستہ ہونا چاہتے ہیں جو فلسطین کی خودمختاری میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ واضح رہے کہ براق اوزچیویت نے فلم اور ٹی وی سیریل شائقین میں مقبول ’’ارطغرل‘‘ کے اگلے حصے’’کورولوش: عثمان‘‘ میں ’’عثمان غازی‘‘ کا کردار ادا کیا ہے جنہیں خلافت عثمانیہ کا بانی کہا جاتا ہے۔ ترک میڈیا کی رپورٹس کے اسرائیل کی حمایت کرنے والی ایک کمپنی نے جب ایک بڑے اشتہاری منصوبے کیلئے براق اور ان کی اہلیہ فخریہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے پروجیکٹ میں کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم غزہ نسل کشی میں ملوث افراد کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند نہیں ہیں پھر چاہے وہ ہمیں کتنی ہی بڑی رقم ادا کریں۔‘‘ دونوں نے مزید کہا کہ ’’فلسطین کی خود مختاری میں رکاوٹ بننے والے ہر فرد اور تنظیم سے وہ رابطہ میں نہیں رہنا چاہتے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: پرائم ویڈیو کی ’’راکھ‘‘ میں علی فضل پولیس کا کردار ادا کریں گے
خبروں کے مطابق براق کسی ڈرامے کے ایک سیزن میں کام کرنے کیلئے ہر ایپی سوڈ کے ۴؍ ملین لیرا (کم و بیش ۸۶؍ لاکھ روپے) معاوضہ لیتے ہیں۔ اشتہاری منصوبے کیلئے انہیں ۱۵۰؍ ملین لیرے (۳۲؍ کروڑ روپے) تک پیشکش کی گئی تھی۔ اہم بات یہ ہے کہ یورپی ثقافت میں پرورش پانے کے باوجود براق اپنی نیک دلی اور انسان دوست فطرت کیلئے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ گزشتہ ماہ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ ’’کورولوش:عثمان‘‘ کے نئے سیزن میں نظر نہیں آئیں گے۔ اس کا ساتواں سیزن جلد ہی نشر ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: لوگوں نے مجھے منع کیا کہ رنویر سنگھ کو ’’شکتی مان‘‘ نہ بننے دیں: مکیش کھنہ
براق اوزچیویت کون ہیں؟
براق ۲۴؍ دسمبر ۱۹۸۴ء کو استنبول، ترکی میں پیدا ہوئے۔ ۲۰۰۵ء میں انہیں ’’ترکی کا بہترین ماڈل‘‘ کے خطاب سے نوازا گیا تھا جس کے بعد وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچے اور بعد میں انٹرنیشنل بیسٹ ماڈل آف دی ورلڈ مقابلے میں ترکی کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اپنے اداکاری کے کریئر کا آغاز سیریز ’’مائنس ۱۸‘‘ سے کیا۔