Inquilab Logo Happiest Places to Work

گووندا بالوں کا ’’پیچ‘‘ استعمال کرتے ہیں: سنیتا آہوجا کا انکشاف

Updated: June 16, 2026, 9:05 PM IST | Mumbai

اداکار گووندہ اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔ حالیہ انٹرویو میں سنیتا آہوجا نے گووندا کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ اب ہیئر پیچ استعمال کرتے ہیں۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ انہوں نے اپنے شوہر کی صلاحیتوں اور شخصیت کی بھرپور تعریف بھی کی۔

Sunita Ahuja and Govinda. Photo: INN
سنیتا آہوجا اور گووندا۔ تصویر: آئی این این

گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق قیاس آرائیوں اور مختلف عوامی بیانات کے باعث خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ اب ایک حالیہ انٹرویو میں سنیتا آہوجا نے گووندا کے بارے میں ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے، جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ میش ایبل انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سنیتا نے اپنی شادی کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ گووندا اس وقت انتہائی خوبصورت نظر آتے تھے اور ان کی شخصیت بے حد پرکشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’اب بھی وہ خوبصورت لگتے ہیں، لیکن اُس وقت ان کے اصلی بال تھے، اب وہ ہیئر پیچ استعمال کرتے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ویر پہاڑیہ اور ورون شرما ایکشن تھریلر فلم ’’نام۔ ٹو لِو اِز وار‘‘ میں جلوہ گر

سنیتا کے اس تبصرے پر میزبان کی ہنسی کے بعد انہوں نے وضاحت کی کہ ہیئر پیچ کا استعمال کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے اور فلم انڈسٹری میں بہت سے لوگ اس کا سہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس میں چھپانے والی کیا بات ہے؟ بہت سے ہیرو ایسا کرتے ہیں۔ مرد اور خواتین دونوں ہی پیچ استعمال کرتے ہیں۔‘‘ سنیتا آہوجا نے اس موقع پر اپنے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں فلمی دنیا کا منفرد فنکار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’میرے شوہر مثال ہیں۔ انڈسٹری میں ان جیسا کوئی نہیں تھا اور نہ ہی کبھی ہوگا۔‘‘ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ مہینوں میں سنیتا آہوجا کے کئی انٹرویوز نے توجہ حاصل کی، جن میں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی اور بعض ذاتی معاملات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: مجھے کہا جاتا تھا اسے کچھ کھلاؤ: مادھوری دکشت نے’ باڈی شیمنگ‘ پر اپنا قصہ سنایا

دوسری جانب، گووندا نے بھی حال ہی میں بعض خبروں اور الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بعض اوقات خاموش رہنے سے غلط تاثر پیدا ہو جاتا ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’جب ہم جواب نہیں دیتے تو لوگ سمجھتے ہیں کہ شاید ہم ہی غلط ہیں یا کمزور ہیں، اسی لیے میں اب کچھ معاملات پر وضاحت دینا ضروری سمجھتا ہوں۔‘‘ گووندا نے مزید دعویٰ کیا کہ بعض افراد ان کے خاندان کو نادانستہ طور پر ایسی صورتحال میں استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے بڑے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ اس وقت دونوں کے تعلقات کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں، تاہم نہ تو گووندا اور نہ ہی سنیتا آہوجا نے اپنی شادی کے مستقبل کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK