• Mon, 21 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی: صفائی اصولوں کی خلاف ورزی، سلیمان عثمان مٹھائی والا سمیت ۱۲؍ لائسنس منسوخ

Updated: September 21, 2026, 10:00 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی میں مشہور مٹھائی فروش سلیمان عثمان مٹھائی والا (محمد علی روڈ)، ذائقہ ہوٹل (ورسوا)، لکھنوی کباب (ورسوا)، سویگی (بیلارڈ اسٹیٹ) اور سواد اسنیکس (لال باغ) سمیت کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے والے اداروں کے ۱۲؍ فوڈ لائسنس منسوخ کیے گئے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے کمشنر تکارام منڈے کی قیادت میں کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں، ریستورانوں اور مٹھائی کی دکانوں کی جانچ اور چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔ ایف ڈی اے کی جانب سے پیر کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق محکمہ نے ۱۷؍ تا ۲۰؍ ستمبر کے درمیان کروڑوں روپے مالیت کی غیر معیاری اشیا ضبط کیں، جبکہ ممبئی میں مشہور مٹھائی فروش سلیمان عثمان مٹھائی والا (محمد علی روڈ)، ذائقہ ہوٹل (ورسوا)، لکھنوی کباب (ورسوا)، سویگی (بیلارڈ اسٹیٹ) اور سواد اسنیکس (لال باغ) سمیت کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے والے اداروں کے ۱۲؍ فوڈ لائسنس منسوخ کیے گئے۔ اس دوران ریاست بھر میں ممنوعہ اشیا، بالخصوص گٹکھا اور پان مسالہ وغیرہ کی سپلائی کے معاملے میں ۱۴؍ ایف آئی آر درج کی گئیں اور ایک کروڑ ۳۸؍ لاکھ روپے مالیت کا سامان بھی ضبط کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’۱۴؍ فٹ سے اونچے جھوپڑوں پرکارروائی سے ایک لاکھ ۵۰؍ ہزار غریب خاندانوں کے بے گھر ہونے کا خطرہ‘‘

ایف ڈی اے کی ممبئی ڈویژن میں کارروائی

مشہور حلوائیوں اور اداروں کے لائسنس معطل: ایف ڈی اے کے مطابق ممبئی میں ۱۰؍ فوڈ اسٹیبلشمنٹس کے فوڈ لائسنس صفائی کی ناقص صورتحال، کیڑے مکوڑوں کی موجودگی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کے باعث معطل کیے گئے۔ ان میں سلیمان عثمان مٹھائی والا (محمد علی روڈ)، ذائقہ ہوٹل (ورسوا)، لکھنوی کباب (ورسوا)، سویگی (بیلارڈ اسٹیٹ)، سواد اسنیکس (لال باغ)، گو گرین فوڈ ہاسپیلیٹی (گھاٹکوپر)، جین سویٹس اینڈ بھیل پوری ہاؤس (کاندیولی)، نائس انٹرپرائزز (چمبور)، امیزون کا ویئرہاؤس ایکو لاجکس سپلائی چین سولیوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ (کاندیولی)، ست گرو سویٹس اینڈ فرسان مارٹ (ملاڈ) اور سوئسنٹا ای این ٹی پرائیویٹ لمیٹڈ (سویگی انسٹا مارٹ ڈارک اسٹور) شامل ہیں۔

قلابہ کے دو معروف کیفے کے لائسنس بھی معطل

اس سے قبل قلابہ کے مشہور کیفے مونڈیگر اور اولمپیا کافی ہاؤس کے لائسنس بھی صفائی ستھرائی میں سنگین خامیوں کے باعث معطل کیے گئے تھے۔

ملاوٹی ماوا کی بڑی کھیپ ضبط

گنیش اتسو اور آئندہ تہواروں کے پیش نظر ایف ڈی اے کی ٹیم نے ریاست بھر میں کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ ۳۶؍ لاکھ روپے مالیت کا غیر معیاری کھویا، ماوا، پیڑا، گھی، تیل، برفی اور دیگر اشیا ضبط کیں۔

یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آر: تاریخ ِ پیدائش کے مطابق ثبوت پیش کرنے ہوں گے

اسپتال کنزیومبلز کی قیمتوں پر رہنما خطوط کی سفارش

ایف ڈی اے کمشنر نے نیشنل فارماسیوٹیکل پرائسنگ اتھارٹی (این پی پی اے) کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں اسپتالوں میں استعمال ہونے والے سامان، مثلاً سرنج، آئی وی سیٹ اور کیتھیٹر وغیرہ کی اصل قیمت اور پرنٹ شدہ ایم آر پی کے درمیان بڑے فرق اور منافع خوری کو کنٹرول کرنے کے لیے رہنما خطوط طے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

عوام سے اپیل

ایف ڈی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی ملاوٹ یا غیر معیاری خوراک سے متعلق شکایت براہِ راست محکمہ کو کریں۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی صحت کے معاملے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی۔ شہری ٹول فری ہیلپ لائن نمبر ۱۸۰۰۲۲۲۳۶۵ یا ای میل complaints.mahafda.in کے ذریعے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK