Updated: October 24, 2026, 10:10 PM IST
| Mumbai
عرفان خان کی اداکاری اور اپنے کام سے لگن آج بھی ان کے ساتھی فنکاروں کیلئے یادگار ہے۔ ہدایتکار ابھینے دیو نے فلم ’’بلیک میل‘‘ کی شوٹنگ کا ایک ایسا واقعہ بیان کیا ہے جس میں عرفان خان نے اپنی بیماری سے ناواقف ہدایتکار کے سامنے طبیعت خراب ہونے کے باوجود ایک مشکل منظر بار بار فلم بند کروایا۔
عرفان خان اور ابھینے دیو۔ تصویر: آئی این این
ہدایتکار ابھینے دیو نے ۲۰۱۸ء کی ڈارک کامیڈی فلم ’’بلیک میل‘‘ میں مرحوم اداکار عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کی یادیں تازہ کی ہیں۔ انہوں نے اداکار کی اپنے فن سے غیر معمولی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ طبیعت خراب ہونے کے باوجود عرفان خان نے فلم کے ایک منظر کیلئے بغیر رکے تقریباً ۲۰۰؍ میٹر دوڑ لگائی تھی۔ ابھینے دیو کے مطابق اس وقت انہیں عرفان خان کی بیماری کے بارے میں علم نہیں تھا۔ ’اسکرین‘ کو دیے گئے ایک خصوصی ویڈیو انٹرویو میں ابھینے دیو نے بتایا کہ عرفان خان کی اداکاری میں چھوٹی چھوٹی باتیں بھی انہیں ہمیشہ متاثر کرتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عرفان نہایت برجستہ اور فطری انداز میں اداکاری کرنے والے فنکار تھے اور ان کا شمار ہندوستان کے بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔
’دہلی بیلی‘ کے ہدایتکار نے کہا، ’’ان کے بارے میں کہنے کو بہت کچھ ہے۔ وہ انتہائی برجستہ اداکار تھے اور ہمارے ملک کے بہترین اداکاروں میں سے ایک تھے۔ وہ اپنے کرداروں کا گہرائی سے مطالعہ کرتے تھے، لیکن ان کی تیاری کا انداز کبھی ظاہر نہیں ہوتا تھا۔ انہیں دیکھ کر ایسا محسوس نہیں ہوتا تھا کہ وہ پہلے سے مشق کیا ہوا کوئی منظر ادا کررہے ہیں۔ ان کی اداکاری پانی کی طرح رواں تھی۔ ان کی فطری اداکاری دیکھنا ایک شاندار تجربہ تھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ایس ایس راجامولی ہالی ووڈ میں کم از کم ایک فلم کی ہدایت کاری کرنا چاہتے ہیں
طبیعت خراب تھی پھر بھی عرفان خان نے ۲۰۰؍ میٹر دوڑ لگائی تھی
فلم ’’بلیک میل‘‘ کے ایک منظر کو یاد کرتے ہوئے ابھینے دیو نے بتایا کہ انہیں عرفان خان سے ایک ہی شاٹ میں تقریباً ۲۰۰؍ میٹر تک مسلسل دوڑنے کی ضرورت تھی۔ دوڑ مکمل کرنے کے بعد انہیں رک کر اپنے چہرے کے تاثرات کے ذریعے ایسے شخص کی ذہنی کشمکش دکھانی تھی جس نے ابھی اپنی بیوی کو کسی دوسرے شخص کے ساتھ دیکھا ہو۔ ابھینے دیو نے کہا، ’’فلم میں ایک منظر تھا جس میں مجھے ان سے تقریباً ۲۰۰ میٹر تک بغیر رکے دوڑنے کو کہنا تھا، اور یہ سب ایک ہی شاٹ میں ہونا تھا۔ دوڑ کے اختتام پر انہیں رک کر اس شخص کی ذہنی کیفیت اور اضطراب اپنے تاثرات سے ظاہر کرنا تھا جس نے اپنی بیوی کو کسی اور کے ساتھ دیکھ لیا ہو۔ انہوں نے بس دوڑ لگائی کیونکہ اس منظر کو فلم بند کرنے کا کوئی دوسرا طریقہ نہیں تھا۔ اس وقت مجھے معلوم نہیں تھا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔‘‘ ہدایتکار کے مطابق انہوں نے عرفان خان سے کہا تھا کہ اگر یہ منظر ایک ہی شاٹ میں مکمل ہوگیا تو بہت اچھا ہوگا ورنہ اسے دوبارہ فلم بند کرنا پڑے گا۔ عرفان نے جواب دیا کہ وہ ایسا کرلیں گے۔ انہوں نے پہلی اور دوسری مرتبہ منظر فلم بند کروایا، لیکن تیسری کوشش کے دوران جب ابھینے نے مزید قریب سے شاٹس لینے کیلئے ایک آخری ٹیک کی تجویز دی تو عرفان نے انہیں خبردار کیا۔
ابھینے دیو نے بتایا، ’’عرفان نے کہا، ’ابھینے، یہ آخری ٹیک ہے، کیونکہ اس کے بعد ممکن ہے کہ میں گر پڑوں۔‘ یہ سن کر میں حیران رہ گیا۔ میں نے سوچا کہ شاید وہ تھک گئے ہیں کیونکہ اس وقت آدھی رات گزر چکی تھی۔‘‘ ہدایتکار کے مطابق، شوٹنگ ختم ہونے کے چند روز بعد انہیں معلوم ہوا کہ عرفان خان کو کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’چند دن بعد مجھے پتا چلا کہ انہیں کینسر ہے۔ یہ ان کی اپنے کام سے وابستگی کی سطح تھی کہ اس حالت میں بھی وہ مسلسل دوڑتے رہے۔ یہ یادیں میرے لیے بہت خاص ہیں، کیونکہ یہ مجھے ایک عظیم فن کار کی کام کے دوران کی تصویر دکھاتی ہیں جو اپنے فن کیلئے پوری طرح وقف تھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: والد کے انتقال کے ۱۷؍ سال بعد پہلی بار فردین خان نے ان کی کاؤبوائے ہیٹ پہنی
’بلیک میل‘ کے دوسرے حصے پر بھی بات ہوئی تھی
ابھینے دیو نے بتایا کہ فلم ’’بلیک میل‘‘ کی شوٹنگ کے آخری دنوں میں ہی انہوں نے عرفان خان سے فلم کے دوسرے حصے کے بارے میں گفتگو شروع کردی تھی، کیونکہ انہیں فلم کی کامیابی پر اعتماد تھا۔ عرفان خان بھی اس کہانی کو آگے بڑھانے کے امکان پر پُرجوش تھے۔ بعد میں جب عرفان نے فلم کا ابتدائی ایڈیٹ دیکھا تو ان کی صحت مزید خراب ہوچکی تھی۔ اس وقت ابھینے دیو کو بھی ان کی بیماری کے بارے میں معلوم تھا۔ انہوں نے اداکار سے دوبارہ ساتھ کام کرنے کے امکان پر بات کی۔ ابھینے دیو نے بتایا، ’’شوٹنگ کے اختتام پر ہی میں نے ان سے دوسرے حصے کے بارے میں بات شروع کردی تھی، کیونکہ مجھے فلم پر اعتماد تھا۔ وہ بھی اس خیال سے بہت خوش تھے۔ جب انہوں نے فلم کا ابتدائی ایڈیٹ دیکھا تو اس وقت تک ہم سب جان چکے تھے کہ ان کی صحت کافی خراب ہوگئی ہے۔ میں نے ان سے کہا، ’عرفان، آپ جہاں بھی جارہے ہیں، جرمنی یا کہیں اور، وہاں جائیے، صحت یاب ہوکر جلد واپس آئیے، ہمیں فلم کا دوسرا حصہ بنانا ہے۔‘ یہ سن کر وہ ہنسنے لگے اور کہا، ’ہاں، ہاں، ہم بنائیں گے۔‘ لیکن کہیں نہ کہیں انہیں معلوم تھا کہ ان کے پاس وقت کم رہ گیا ہے۔‘‘ واضح ہو کہ عرفان خان ۲۹؍ اپریل ۲۰۲۰ء کو ۵۳؍ سال کی عمر میں نیورواینڈوکرائن ٹیومر کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ ان کی موت فلم ’’بلیک میل‘‘ کی ریلیز کے تقریباً دو سال بعد ہوئی، جس کے نتیجے میں ان اور ابھینے دیو کے درمیان زیرِ بحث آنے والا فلم کا دوسرا حصہ حقیقت کا روپ نہ دھار سکا۔