جگہ جگہ چٹانوں کے کھسکنے کے واقعات، ۱۶؍ ٹرینیں منسوخ، لمبی دوری کی ۹؍ گاڑیوں کے روٹ تبدیل کئے گئے، ایس ٹی سروس بھی روک دی گئی۔
یہ مسنگ لنک کا حال ہے جس کا ۲؍ ماہ قبل ہی افتتاح ہوا تھا-تصویر:آئی این این
پیر کے روز ہونے والی زور دار بارش کے نتیجے میں پونے ضلع میں متعدد حادثات پیش آئے جس کی وجہ ممبئی تا پونے آمدورفت کے ذرائع بند ہو گئے۔ پونے میں کئی مقامات پر چٹان کھسکنے ، پٹریاں اکھڑ جانے اور سرنگوں میں پانی بھر جانے کے واقعات پیش آئے جس کی وجہ سے ممبئی تا ٹرین سروس اس کے بعد ایس ٹی سروس بھی بند کر دی گئی اور حکومت کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا کہ اس روٹ پر کوئی سفرنہ کرے۔
اطلاع کے مطابق کرجت۔ لوناولہ پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سینٹرل ریلوے کو ۱۶؍ ٹرینیں منسوخ کرنی پڑی ہیں جبکہ لمبی دوری کی ۹؍ ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ نیز ممبئی۔پونے ایکسپریس وے پر مسنگ لنک روڈ اور پرانی ممبئی۔ پونے ہائی وے کے پہاڑوں پرچٹانوں کے کھسکنے سےٹریفک میں خلل پڑا۔ اسلئے انتظامیہ نے ممبئی۔پونے ٹریفک سے بچنے کی اپیل کی ہے۔ سنٹرل ریلوے کے مطابق لوناولہ اور کرجت کے درمیان جنوب مشرقی گھاٹوں میں شدید بارش کی وجہ سے پہاڑ کے تودے گرے ہیں۔ پٹریوں پر کیچڑ اور پتھروں کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت روکنی پڑی۔ اگرچہ ریلوے عملہ ملبہ ہٹانے کیلئے جنگی پیمانے پر کام کر رہا ہے لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے کام میں رکاوٹیں آ رہی ہیں۔ اندریانی ایکسپریس، دکن کوئین، دکن ایکسپریس، پرگتی ایکسپریس، سنہہ گڑھ ایکسپریس، انٹرسٹی ایکسپریس سمیت کل ۱۶؍ ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ نیز ۹؍ ٹرینیں بشمول احمد آباد۔کولہاپور، احمد آباد۔ پونے دورنتو، چنئی۔سی ایس ایم ٹی میل، ناندیڑ۔پنویل ایکسپریس متبادل روٹ پر چلائی گئیں۔
حفاظتی وجوہات کی بناء پر ممبئی۔پونے ایکسپریس وے پر کھنڈالہ گھاٹ میں مسنگ لنک روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کی وجہ سے ٹریفک روک دی گئی۔ نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا، مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، پولیس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر کام شروع کر دیا۔ اگرچہ اس کے بعد کسی حد تک ٹریفک بحال ہو گئی لیکن گاڑیوں کی بڑی قطار لگی رہی۔ پرانی ممبئی۔پونے شاہراہ پر کھوپولی۔کھنڈالا گھاٹ علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کی رفتار بھی سست پڑ گئی۔ احتیاطی اقدام کے طور پر گھاٹ میں کچھ مقامات پر ٹریفک کو کنٹرول کیا گیا جس کی وجہ سے پونے جانے اور آنے والے ڈرائیوروں کو کئی گھنٹے کی تاخیر برداشت کرنی پڑی۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے ممبئی، تھانے، رائے گڑھ اور پونے گھاٹ کے علاقوں میں مزید موسلادھار بارش کی وارننگ دی ہے۔ اسلئے انتظامیہ نے ممبئی اور پونے کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کرنے سے پہلے ریل اور سڑک ٹریفک کی تازہ ترین معلومات کو چیک کریں۔
یاد رہے کہ مسنگ لنک کو ابھی ابھی تعمیر کیا گیا ہے اور بڑے زور وشور سے ۲؍ ماہ قبل اس کا افتتاح کیا گیا تھا لیکن پہلی ہی بارش نے اس سڑک کو بند کر دیا۔ ہرچند کہ سڑک پر سے مٹی کے تودے کو ہٹانے اور راستے کو دوبارہ کھولنے کی ہر ممکن کوشش جاری تھی لیکن مسلسل بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے اس میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ اس دوران لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے پیش نظر ایس ٹی انتظامیہ نے بھی پیر کی دوپہر ممبئی تا پونے تمام بسوں کو روک دیا ۔ اس طرح نہ صرف ٹرین بلکہ سڑک کے راستے بھی مسافروں کیلئے پونے تا ممبئی سفر مسدود ہو گیا۔ منگل کے روز بھی زور دار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔