ٹیلی ویژن کی دنیا میں بعض کردار ایسے ہوتے ہیں جو اداکار کے نام سے زیادہ ناظرین کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔ حنا خان کیلئے ’اکشرا‘ بھی ایسا ہی کردار ثابت ہوا۔
EPAPER
Updated: October 03, 2026, 1:06 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ٹیلی ویژن کی دنیا میں بعض کردار ایسے ہوتے ہیں جو اداکار کے نام سے زیادہ ناظرین کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔ حنا خان کیلئے ’اکشرا‘ بھی ایسا ہی کردار ثابت ہوا۔
ٹیلی ویژن کی دنیا میں بعض کردار ایسے ہوتے ہیں جو اداکار کے نام سے زیادہ ناظرین کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔ حنا خان کیلئے ’اکشرا‘ بھی ایسا ہی کردار ثابت ہوا۔ اسٹار پلس کے مقبول ڈرامے ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ میں اکشرا مہیشوری سنگھانیا کا کردار ادا کرکے حنا خان نے گھر گھر اپنی شناخت بنائی۔ اس کردار نے انہیں صرف شہرت ہی نہیں دی بلکہ انہیںٹیلی ویژن کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شامل کردیا۔ بعد میں انہوں نے اس مقبول امیج سے باہر نکلنے کی کوشش کی اور منفی کردار سے لے کر ریئلٹی شوز، فلموں، او ٹی ٹی اور بین الاقوامی پلیٹ فارم تک اپنے کام کا دائرہ وسیع کیا۔
حنا خان کی پیدائش۲؍اکتوبر۱۹۸۷ءکوسری نگر میں ہوئی۔ اداکاری کی دنیا میں آنےسےپہلے انہوں نے اپنی تعلیم پر توجہ دی اور دہلی میں تعلیم کے دوران ہی ان کی زندگی نے ایک نیا رخ اختیار کیا۔ ان کے دوستوں نے انہیں ایک ٹیلی ویژن شوکے آڈیشن کے لیے جانے پر آمادہ کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حنا خود ابتدا میں اداکاری کو اپنے مستقبل کا پیشہ نہیں سمجھتی تھیں۔
یہ بھی پڑھئے:ذاکر خان نے اندور سے دہلی آنے کے بعد بدلتے رویوں کا ذکرکیا
’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کے آڈیشن کے دوران بھی ان کا تجربہ خاصامختلف تھا۔ حنا کے مطابق ان کے دوستوں کو کالجوں میں تقسیم کیےگئے پمفلٹس کے ذریعے آڈیشن کے بارے میں معلوم ہوا تھا اورانہوں نے حنا کو بھی آڈیشن دینے کے لیے بھیجا۔ آڈیشن کے دوران انہیں ایک طویل مکالمہ یاد کرکے سنانا تھا اور اسی عمل کے بعد انہیں اکشرا کے کردار کے لیے منتخب کیا گیا۔
اس ڈرامے کی کامیابی نےحنا کو ٹیلی ویژن کی صف اول کی اداکاراؤںمیں پہنچا دیا۔ لیکن ان کی خواہش صرف ایک ہی کردار تک محدود رہنے کی نہیں تھی۔ انہوں نے وقت کے ساتھ اپنی اسکرین امیج تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا اور ایسے کرداروں کا انتخاب شروع کیا جن میں انہیں اپنی اداکاری کے مختلف پہلو دکھانے کا موقع مل سکے۔
یہ بھی پڑھئے:’ ’دِریشیم: دی کنکلوژن‘‘ اجے دیوگن اور تبو کی ۱۱؍ویں مشترکہ فلم
حنا خان نے ٹیلی ویژن ڈراموں کے علاوہ ریئلٹی شوز میں بھی اپنی موجودگی درج کرائی۔ وہ ’خطروںکے کھلاڑی۸؍‘ میں شریک ہوئیں اور اس شو میں فرسٹ رنر اپ رہیں۔ اس کے بعد ۲۰۱۷ء میں ’بگ باس۱۱؍‘میں شرکت نے ان کی مقبولیت کو ایک نئی سمت دی۔ یہاں بھی وہ فرسٹ رنر اپ رہیں۔ حنا خان کے کریئر میں ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب انہوں نے’کسوٹی زندگی کی۲؍‘ میں کومولیکا کا منفی کردار ادا کیا۔ اکشرا کے سیدھےسادے کردار کے بالکل برعکس کومولیکا ایک منفی کردار تھا۔ حنا کے لیے یہ موقع اس لیے بھی اہم تھا کہ اس کے ذریعے انہوں نے ثابت کرنے کی کوشش کی کہ انہیں صرف ایک مخصوص قسم کے کردار تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔
ٹیلی ویژن پر مضبوط شناخت قائم کرنے کے بعد حنا خان نے فلموں اور او ٹی ٹی کی طرف بھی قدم بڑھایا۔ ان کی بالی ووڈ فلم ’ہیکڈ‘ تھی، جس کی ہدایت کاری وکرم بھٹ نے کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’ڈیمیجڈ۲؍‘ اور ’اسمارٹ فون‘ جیسے ڈیجیٹل منصوبوں میں بھی کام کیا۔ٹیلی ویژن سے فلم اور پھر او ٹی ٹی تک کا سفر آسان نہیں تھا، کیونکہ ٹی وی کی مقبول اداکاراؤں کے لیے ایک مخصوص امیج بن جاتی ہے۔حنا نے بھی اس تبدیلی کے دوران مختلف کردار اور مختلف میڈیم اختیار کرکے اپنی شناخت کو وسیع کرنے کی کوشش کی۔