Updated: July 10, 2026, 8:57 PM IST
| Los Angeles
ہالی ووڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار جے کے سیمنز نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ’’اسپائیڈر مین: فار فرام ہوم‘‘ اور ’’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘‘ میں جے جونا جیمسن کا کردار ادا کرنے کے باوجود اب تک ٹام ہالینڈ سے کبھی نہیں ملے۔ ان کے مطابق دونوں فلموں میں ان کے مناظر الگ الگ شوٹ کیے گئے تھے، جس کی وجہ سے انہیں سیٹ پر ہالینڈ کے ساتھ کام کرنے یا ملاقات کا موقع نہیں ملا۔
ٹام ہالینڈ اور جے کے سیمنز۔ تصویر: آئی این این
ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور آسکر ایوارڈ یافتہ جے کے سیمنز نے ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مارول کی دو اسپائیڈر مین فلموں میں جے جونا جیمسن کا کردار ادا کرنے کے باوجود ان کی اب تک ٹام ہالینڈ سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔ انٹرٹینمنٹ ویکلی کے مطابق، جے کے سیمنز نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اگرچہ انہوں نے Spider-Man: Far From Home اور Spider-Man: No Way Home میں مشہور اخبار ڈیلی بگل کے سخت گیر ایڈیٹر جے جونا جیمسن کا کردار دوبارہ نبھایا، تاہم ان کے تمام مناظر الگ سے فلمائے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے انہیں کبھی ٹام ہالینڈ کے ساتھ سیٹ شیئر کرنے یا ان سے ملاقات کرنے کا موقع نہیں ملا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’فوجی‘‘ کے سیٹ پر حادثہ، راجیش شرما اسپتال میں، اکشے کمار نے صحت یابی کی دعا کی
Happy Sad Confused پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جے کے سیمنز نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’’میں ٹام ہالینڈ سے کبھی نہیں ملا۔ مجھے لوگوں نے بتایا ہے کہ وہ بہت اچھے انسان ہیں۔‘‘جے کے سیمنز نے انکشاف کیا کہ Spider-Man: Far From Home میں جے جونا جیمسن کے طور پر ان کی واپسی دراصل پوسٹ پروڈکشن کے آخری مرحلے میں طے پائی تھی۔ ان کے مطابق یہ کیمیو کافی غیر متوقع تھا اور اسے فلم میں آخری لمحات میں شامل کیا گیا، جس کے باعث انہیں فلم کی مرکزی کاسٹ کے ساتھ شوٹنگ کا موقع نہیں ملا۔
اداکار نے اس موقع پر آنے والی مارول فلم Spider-Man: Brand New Day سے متعلق قیاس آرائیوں کا بھی خاتمہ کردیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس نئی فلم کا حصہ نہیں ہیں، جس کا مطلب ہے کہ شائقین اس بار انہیں جے جونا جیمسن کے کردار میں نہیں دیکھ سکیں گے۔ خیال رہے کہ جے کے سیمنز کا شمار ہالی ووڈ کے صفِ اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ۲۰۱۴ء کی فلم Whiplash میں شاندار اداکاری پر اکیڈمی ایوارڈ (آسکر) اپنے نام کیا، جبکہ اسپائیڈر مین فرنچائز میں جے جونا جیمسن کے کردار نے انہیں دنیا بھر میں غیرمعمولی شہرت دلائی۔
یہ بھی پڑھئے: آرین خان: شاہ رخ خان کے بیٹے کو مداحوں کے ہجوم نے گھیر لیا
اس کے علاوہ وہ ایچ بی او کی مشہور سیریز ’’او زی‘‘ میں ورنن شلنگر، ’’آرڈر لا‘‘ میں ڈاکٹر ایمل سکوڈا، ’’جنو‘‘، ’’برن آفٹر ریڈنگ‘‘، ’’لا لا لینڈ‘‘ اور ’’ڈی سی یونیورس‘‘ میں کمشنر گورڈن کے کردار بھی ادا کر چکے ہیں۔
Spider-Man: Brand New Day کی ہدایت کاری ڈیسٹن ڈینیئل کریٹن کر رہے ہیں اور یہ اسپائیڈر مین سیریز کی چوتھی فلم ہوگی۔ فلم میں ٹام ہالینڈ ایک مرتبہ پھر پیٹر پارکر / اسپائیڈر مین کے کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ زینڈایا بھی اپنی سابقہ کردار میں واپسی کریں گی۔ فلم کی دیگر نمایاں کاسٹ میں جیکب بٹالون، سیڈی سنک، جون برنتھل، مارک رفالو، مائیکل مینڈو اور ٹریمل ٹل مین شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق Spider-Man: Brand New Day کی کہانی No Way Home کے واقعات کے چار سال بعد سے شروع ہوگی۔ اس فلم میں پیٹر پارکر ایک ایسی زندگی گزار رہا ہوگا جہاں دنیا اس کی شناخت بھلا چکی ہے۔ وہ تنہا زندگی گزار رہا ہے کیونکہ اس نے خود ہی اپنے قریبی لوگوں کی یادداشتوں سے اپنی شناخت مٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ فلم ۳۰؍ جولائی کو ہندوستان سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔