• Mon, 28 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جیسن سنجے نے ’سگما‘ کا اسکرپٹ وجے کو نہیں دکھایا، چاہتے ہیں کہ والد فلم دیکھیں

Updated: September 27, 2026, 5:02 PM IST | Chennai

ہدایتکار جیسن سنجے نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی پہلی فلم ’سگما‘ کا مکمل اسکرپٹ اپنے والد اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے اور دادا، معروف فلمساز ایس اے چندر شیکھر، کو بھی نہیں دکھایا تاکہ وہ فلم کو ناظرین کی طرح تازہ نقطۂ نظر سے دیکھ سکیں۔

Jason Sanjay with his father Vijay. Photo: INN
جیسن سنجے اپنے والد وجے کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

جیسن سنجے، جن کی ہدایتکاری میں بننے والی پہلی فلم ’’سگما‘‘ ۲؍ اکتوبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے، نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ انہوں نے فلم شروع کرنے سے قبل اس کا اسکرپٹ اپنے والد وجے کے ساتھ شیئر نہیں کیا تھا۔ وجے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ بھی ہیں۔ جیسن نے یہ بھی بتایا کہ ان کے دادا اور معروف فلمساز ایس اے چندر شیکھر نے بھی فلم کا اسکرپٹ پہلے نہیں دیکھا تھا۔ ’گلاتا پلس‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ۲۵؍ سالہ ہدایتکار نے کہا کہ انہوں نے جان بوجھ کر اپنے اہل خانہ سے فلم کی تفصیلات پوشیدہ رکھیں تاکہ وہ فلم ’’سگما‘‘ کو ناظرین کی طرح دیکھیں اور فلم دیکھنے سے پہلے اس کے بارے میں سب کچھ نہ جانتے ہوں۔ جیسن سنجے نے کہا، ’’میں نے اپنے خاندان کے ہر فرد کے ساتھ فلم کا خاکہ شیئر کیا تھا، لیکن تفصیلات میں نہیں گیا، کیونکہ میں چاہتا ہوں کہ وہ بھی فلم کو ایک تازہ نقطۂ نظر سے دیکھیں۔ میرا مقصد یہی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: چمبور: انوشکا شرما، وراٹ کوہلی کے آرڈر سے اس ریسٹورنٹ کی قسمت بدلی

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اس بات کے بارے میں سوچتے ہیں کہ لوگ انہیں کس نظر سے دیکھتے ہیں اور کیا وہ انہیں اپنی الگ شناخت رکھنے والے شخص کے طور پر دیکھتے ہیں یا صرف وزیر اعلیٰ وجے کے بیٹے کی حیثیت سے، تو جیسن نے کھل کر جواب دیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں ہر وقت اس بارے میں سوچتا ہوں۔ میں اس سے انکار نہیں کرسکتا۔‘‘ جیسن نے تسلیم کیا کہ ان کے خاندان کی فلمی میراث اور وجے کی سیاسی تبدیلی، یعنی تمل سنیما کے ایک بڑے اسٹار سے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ بننے تک کا سفر، نے ان پر دیگر نئے ہدایتکاروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ توجہ اور جانچ پڑتال بڑھا دی ہے۔ ان کے مطابق ان کا ہر انٹرویو، ہر بیان اور ہر تخلیقی فیصلہ پہلے اس تناظر میں دیکھا جاتا ہے کہ وہ کس کے بیٹے ہیں، اس کے بعد ان کے اپنے کام کو جانچا جاتا ہے۔ تاہم جیسن سنجے کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ وقت کے ساتھ فلم خود اس تمام بحث سے آگے نکل جائے گی۔ انہوں نے کہا، ’’میرا خیال ہے کہ فلم شروع ہونے کے پانچ منٹ بعد لوگ اسے صرف ایک فلم کے طور پر دیکھنا شروع کردیں گے۔ مجھے جو بھی تنقید ملے، چاہے وہ مثبت ہو یا منفی، میرے خیال میں میرا کام ہی یہ بتائے گا کہ میں کون ہوں۔‘‘ جیسن سنجے نے یہ بھی کہا کہ وہ فلم ’’سگما‘‘ کو اپنی منزل نہیں بلکہ اپنے کیریئر کا آغاز سمجھتے ہیں۔ ان کے بقول، فلم ’’سگما کی ریلیز کے بعد مجھے لگتا ہے کہ میں اپنی شناخت بنانے پر زیادہ توجہ مرکوز کرسکوں گا۔ فلم کی کامیابی اور اس سے ملنے والی پہچان کو استعمال کرتے ہوئے میں اپنے باقی کیریئر کی بنیاد مضبوط کرسکوں گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: سدھارتھ ملہوترا کی ۱۱؍ برس ’دی ون‘ کے ساتھ بڑی واپسی، پہلے دن ۹؍ کروڑ کی کمائی

’سگما‘ کے بارے میں

’’سگما‘‘ ایک ایکشن، ایڈونچر اور ہیسٹ کامیڈی فلم ہے، جس میں سندیپ کشن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے ساتھ فاریہ عبداللہ، راجو سندرم، سمپت راج، شیوا پنڈت، انبو تھاسن اور یوگ جپی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کی موسیقی ایس تھمن نے ترتیب دی ہے، جبکہ کرشنن وسنت نے سنیماٹوگرافی، پروین کے ایل نے ایڈیٹنگ اور ہری ہرسوتھن نے وی ایف ایکس کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔ فلم کو لائکا پروڈکشنز کے بینر تلے سباسکرن نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم ’’سگما‘‘ پہلے ۳۱؍ جولائی کو ریلیز ہونے والی تھی، تاہم وجے کی آخری فلم ’’جنا نایگن‘‘ سے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے اس کی ریلیز مؤخر کردی گئی۔ اب یہ فلم ۲؍ اکتوبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK