Inquilab Logo Happiest Places to Work

کپل دیو نے عمران خان کی حمایت میں کہا: ’’میں اپنے دوست کی حمایت کرنا چاہتا ہوں‘‘

Updated: August 26, 2026, 6:04 PM IST | New Delhi

ہندوستان کے سابق عالمی کپ فاتح کپتان کپل دیو نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور سابق کرکٹر عمران خان کے لیے انسانی بنیادوں پر بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ کپل دیو نے عمران خان کو اپنا دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی درخواست کسی سیاسی یا قانونی معاملے کے بارے میں نہیں بلکہ ایک قیدی کو بنیادی انسانی سہولیات اور مناسب علاج فراہم کرنے سے متعلق ہے۔

Kapil Dev And Imran Khan.Photo:INN
عمران خان اور کپل دیو۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان کے سابق عالمی کپ فاتح کپتان کپل دیو  نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور سابق کرکٹر  عمران خان  کے لیے انسانی بنیادوں پر بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ کپل دیو نے عمران خان کو اپنا دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی درخواست کسی سیاسی یا قانونی معاملے کے بارے میں نہیں بلکہ ایک قیدی کو بنیادی انسانی سہولیات اور مناسب علاج فراہم کرنے سے متعلق ہے۔ 
کپل دیو نے کہا ’’میں اپنے دوست کی حمایت کرنا چاہتا ہوں، جن کے خلاف ہم نے کرکٹ کھیلا اور جن کی کرکٹ کی مہارت کی ہم نے ہمیشہ تعریف کی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پاکستان کے قانون یا عمران خان کے خلاف چلنے والے قانونی معاملات کی تفصیلات معلوم نہیں، لیکن  انسانیت کے ناطے ہر قیدی کو بنیادی سہولیات ملنی چاہئیں، چاہے وہ کوئی بھی ہو۔  کپل دیو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان سابق وزیر اعظم ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا کے عظیم کرکٹرز میں بھی شمار ہوتے ہیں اور ان کے لیے بہترین طبی علاج کی فراہمی ہی ان کی درخواست ہے۔ 
 خیال رہے کہ کپل دیو کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب ۲۱؍سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں  نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر عمران خان کو مناسب طبی علاج فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ یہ چھ ماہ کے اندر سابق کرکٹ کپتانوں کی جانب سے پاکستانی حکومت کو دوسری مشترکہ اپیل بتائی جا رہی ہے۔  خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان ۷۳؍ سال  کے ہیں اور تین سال سے زیادہ عرصے سے حراست میں ہیں۔ سابق کپتانوں نے قانونی اور سیاسی معاملات سے خود کو الگ رکھتے ہوئے صرف عدالت کی جانب سے مقرر کردہ طبی عمل کو مکمل کرنے اور مناسب علاج کی فراہمی پر زور دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:عید میلاد پر ہر طرف خوشیاں، چراغاں، پرچم اورجلوس

 عمران خان کی صحت، خاص طور پر ان کی  دائیں آنکھ کی بینائی کے حوالے سے تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ رپورٹس میں ان کی بینائی میں شدید کمی کا دعویٰ کیا گیا ہے  جبکہ ان کے خاندان اور وکلا نے طبی سہولیات کے مناسب انتظام نہ ہونے پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔  دوسری جانب پاکستانی حکام کی جانب سے عمران خان کی صحت میں بہتری کی بات کہی گئی ہے، تاہم ان کی طبی حالت سے متعلق مختلف دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔ 
  کپل دیو اور عمران خان کا تعلق کرکٹ کے ایک ایسے دور سے ہے جب دونوں ہندوستان اور پاکستان کی ٹیموں کی قیادت کرتے تھے۔ کپل دیو نے۱۹۸۳ء میں ہندوستان کو ورلڈ کپ جتایا  جبکہ عمران خان نے ۱۹۹۲ء میں پاکستان کو پہلی مرتبہ ورلڈ کپ چیمپئن بنایا۔  دونوں کھلاڑیوں کے درمیان میدان میں سخت مقابلہ ہوتا تھا، لیکن میدان سے باہر ایک دوسرے کے لیے احترام بھی رہا۔ کپل دیو نے ماضی میں بھی عمران خان کے ساتھ اپنی پرانی دوستی اور کرکٹ کے دنوں کی یادیں شیئر کی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:پہلی فلم کی کامیابی کے باوجود وجیتا پنڈت زیادہ مشہور نہیں

کپل دیو نے واضح کیا کہ ان کی اپیل کسی سیاسی مطالبے کے طور پر نہیں دیکھی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کو  بہترین ممکنہ طبی علاج  فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی جواب یا سیاسی وضاحت کا مطالبہ نہیں کر رہے، بلکہ صرف انسانی بنیادوں پر درخواست کر رہے ہیں کہ عمران خان کو مناسب علاج اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK