Updated: November 27, 2025, 5:21 PM IST
| Mumbai
میری ڈی کوسٹا نے پلاش مچھل کے مبینہ چیٹس کے اسکرین شاٹس پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی ان سے نہیں ملیں اور ان کا رابطہ صرف ایک ماہ رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ وہ کوریوگرافر نہیں جن کے ساتھ دھوکہ دہی کی افواہیں گردش کررہی ہیں۔ دوسری جانب اسمرتی مندھانا کے والد دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں جبکہ پلاش اور اسمرتی نے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
میری ڈی کوسٹا نے بدھ کی شام پلاش مچھل کی آن لائن گردش کرنے والی مبینہ چیٹس کے اسکرین شاٹس پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے صورتحال واضح کر کی۔ یاد رہے کہ حال ہی میں ایک کوریوگرافر کے ساتھ پلاش مچھل کی مبینہ چیٹس منظرِ عام پر آئیں، جن کے باعث ۲۳؍ نومبر کو اسمرتی مندھانا سے ہونے والی ان کی شادی کو غیر معینہ مدت کیلئے مؤخر کر دیا گیا تھا۔ اسی دوران اسمرتی مندھانا کے والد سری نواس مندھانا کو اتوار کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔ کچھ ہی دیر بعد پلاش مچھل کو بھی وائرل انفیکشن اور تیزابیت کی شکایت کے باعث اسپتال لے جانا پڑا۔ پلاش مچھل ایک روز بعد اسپتال سے ڈسچارج ہو گئے جبکہ اسمرتی کے والد کو منگل کے روز سانگلی کے سروہت اسپتال اینڈ میڈیکل ریسرچ سینٹر سے فارغ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ارجن رامپال کی زندگی جہد مسلسل کا دوسرا نام ثابت ہوئی ہے
انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں میری ڈی کوسٹا نے کہا کہ وہ کبھی بھی گلوکار پلاش مچھل سے نہیں ملی ہیں اور دونوں کے درمیان رابطہ صرف ایک ماہ تک رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’چیٹس کا تبادلہ ۲۹؍ اپریل سے ۲۵؍ مئی تک ۲۰۲۵ء تک ہوا۔ میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میں ان سے کبھی نہیں ملی اور نہ ہی کبھی ان کے ساتھ کسی قسم کے تعلق میں رہی۔‘‘ ڈی کوسٹا نے مزید کہا کہ انہوں نے اس معاملے کو پہلی بار جولائی میں سامنے لایا تھا، مگر اس وقت پلاش کے بارے میں لوگوں کو زیادہ معلومات نہیں تھیں، اسی وجہ سے ان کی بات کو توجہ نہ مل سکی۔ انہوں نے کہا کہ کوریوگرافر سے متعلق افواہیں سامنے آنے کے بعد انہیں لگا کہ اپنی حقیقت بیان کرنے کا یہ مناسب وقت ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۵۰ء میں لوگ پوچھیں گے، کون شاہ رخ خان؟ وویک اوبیرائے
اپنی وضاحت میں انہوں نے واضح کیا کہ’’میں وہ کوریوگرافر نہیں ہوں جس کا ذکر ان افواہوں میں کیا جا رہا ہے۔ میں کبھی کسی دوسری عورت کو تکلیف نہیں پہنچا سکتی اس لئے میں نے سچ سامنے لانا ضروری سمجھا۔‘‘ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ جھوٹی معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور ان کی تصاویر استعمال نہ کریں۔ ادھر دھوکہ دہی سے متعلق تنازع کے دوران پلاش مچھل کی سابق گرل فرینڈ بروا شاہ کو پروپوز کرنے کا ایک پرانا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہوا ہے۔ ان تمام افواہوں کے درمیان پلاش کی کزن نیتی ٹاک بھی ان کی حمایت میں سامنے آئیں، جنہوں نے ۳۰؍ سالہ موسیقار پر لگنے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔واضح رہے کہ ابھی تک پلاش مچھل اور اسمرتی مندھانا کی جانب سے اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب اسمرتی مندھانا نے اپنے سوشل میڈیا پروفائلز سے شادی، منگنی اور پروپوزل سے متعلق تمام پوسٹس، ریلز اور تصاویر ڈیلیٹ کر دی ہیں۔ اسمرتی کی قریبی دوست اور ہندوستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی جمائمہ روڈریگز نے بھی اپنی پروفائل سے منگنی کی تمام ویڈیوز اور تصاویر ہٹا دی ہیں۔