Inquilab Logo Happiest Places to Work

متھن کی ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ کا سیکویل، ہدایتکار رنبیر کپور یا اللو ارجن کے خواہشمند

Updated: August 15, 2025, 9:01 PM IST | Mumbai

متھن چکرورتی کی ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ (۱۹۸۲ء) کے ہدایتکار بی سبھاش فلم کا سیکویل یا پریکویل بنانے کے خواہشمند ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اس میں مرکزی کردار رنبیر کپور یا اللو ارجن ادا کریں۔

Ranbir Kapoor and Allu Arjun. Photo: INN
رنبیر کپور اور اللو ارجن۔ تصویر: آئی این این

بی سبھاش کی ہدایتکاری میں بنی ۱۹۸۲ء کی متھن چکرورتی کی فلم ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ کا سیکویل بنایا جارہا ہے۔ خیال رہے کہ یہ پہلی ہندی فلم تھی جس نے عالمی سطح پر ۱۰۰؍ کروڑ سے زیادہ کا کاروبار کیا تھا۔ فلم نے روس میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اب ۴۳؍ سال بعد فلمساز اس کا سیکویل بنا رہے ہیں اور فلم لکھنے کیلئے ’’باہو بلی‘‘ اور ’’آر آر آر‘‘ کے مصنف کی وی وجیندر پرساد کی خدمات لی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ بی سبھاش گزشتہ ۲؍ سال سے شیمارو کے ساتھ ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ کے حقوق خریدنے کیلئے قانونی لڑائی لڑ رہے تھے اور بالآخر ۱۲؍  اگست کو مقدمہ جیت چکے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: اداکارہ راکھی نے اپنے رومانوی انداز سے فلمی شائقین کو دیوانہ بنایا

اس تعلق سے بی سبھاش نے مڈڈے کو بتایا کہ ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ میری تخلیق ہے۔ ۲۰۱۱ء میں مَیں نے شیمارو کے ساتھ کچھ محدود ویڈیو اور سیٹیلائٹ حقوق کیلئے ایک کاروباری معاہدہ کیا۔ تاہم، میں نے ہمیشہ اپنی فلم کے تخلیقی حقوق کو برقرار رکھا۔ عدالت نے میرے موقف کی توثیق کی اور میرے حق میں فیصلہ سنایا۔‘‘ اب سبھاش اس کے سیکویل جو پریکویل بھی ہوسکتا ہے، پر کام کررہے ہیں جس میں رقص اور موسیقی پر خاص طور پر توجہ دی جائے گی۔ اس ضمن میں بی سبھاش نے خواہش ظاہر کی کہ ’’مَیں چاہتا ہوں کہ ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ کے سیکویل میں رنبیر کپور یا اللو ارجن مرکزی کردار ادا کریں۔ دونوں ہی بہترین اداکار اور رقاص ہیں۔ میں کی وی وجیندر سے کہوں گا کہ وہ فلم کی کہانی اور اسکرین پلے دوبارہ لکھنا شروع کریں جو انہوں نے شیمارو کے مقدمے کے بعد لکھنا بند کردیا تھا۔ میں فلم کی ہدایتکاری کے فرائض انجام دینا چاہتا ہوں۔ تاہم، کاسٹنگ کے بعد ہی حتمی فیصلہ ہوگا۔ ‘‘
روس میں ’’ڈسکو ڈانسر‘‘ کی مقبولیت کے پیش نظر فلم کے اہم اور بڑے حصے کی شوٹنگ روس میں بھی ہوسکتی ہے تاکہ ۱۹۸۲ء کی مقبولیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیکویل کو بھی غیر معمولی کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK