ماڈل اور اداکار مزمل ابراہیم نے اپنی پہلی فلم ’’دھوکہ‘‘ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت میری ہدایتکار (پوجا بھٹ) نے مجھے بہت اذیت دی۔ ٹارچر کیا، گالیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اداکار کو کتے کی طرح ہونا چاہئے۔
EPAPER
Updated: September 18, 2025, 7:00 PM IST | Mumbai
ماڈل اور اداکار مزمل ابراہیم نے اپنی پہلی فلم ’’دھوکہ‘‘ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت میری ہدایتکار (پوجا بھٹ) نے مجھے بہت اذیت دی۔ ٹارچر کیا، گالیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اداکار کو کتے کی طرح ہونا چاہئے۔
مزمل ابراہیم نے بمشکل بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا کہ بقول ان کے ان کا خواب ایک بھیانک خواب میں بدل گیا۔ کشمیری ماڈل اور اداکار جنہوں نے گلیڈریگس مین ہنٹ مقابلہ جیتنے اور ہٹ میوزک ویڈیوز میں اداکاری کے بعد شہرت حاصل کی، اپنے پہلے فلمی تجربے کو گہرے زخموں کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ پوجا بھٹ کی فلم ’’ دھوکہ‘‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’میں اس وقت صرف ۲۱؍ سال کا تھا۔ یہ میری پہلی فلم تھی مگر سیٹ کے ماحول نے مجھے ہلا کر رکھ دیا تھا اور برسوں بعد بھی اس کے اثرات سے نمٹ رہا ہوں۔‘‘ ہندی رش سے بات چیت میں انہو ںنے کہا کہ ’’مجھے زہریلے ماحول کا تجربہ نہیں تھا۔ مجھے گالیاں دینے کی عادت نہیں تھی۔ یہ میرے لئے بہت تکلیف دہ تجربہ تھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: مشہور اداکار ابھشیک بنرجی کی بیس سال بعد تھیٹر میں واپسی
مزمل نے بتایا کہ دباؤ میں کام کرنا ناگزیر تھا کیونکہ وہ اپنے خاندان کو کشمیر سے ممبئی لائے تھے۔ اور ایسے میں کام چھوڑنا دانشمندی نہیں تھی۔ وہ کہتے ہیں کہ اندر سے ٹوٹ جانے کے باوجود انہوں نے مشکلات کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’تمام تر اذیتوں کے باوجود، میرے پاس کوئی آپشن نہیں تھا کیونکہ میں اپنے خاندان کا واحد کمانے والا تھا۔ میں اس بارے میں صرف اس لئے بات نہیں کر پا رہا ہوں کہ وہ طاقتور لوگ ہیں۔‘‘
جبکہ ’’دھوکہ‘‘ کو مکیش بھٹ کی حمایت حاصل تھی، مزمل کا کہنا ہے کہ ان کے مسائل صرف ڈائریکٹر کے ساتھ تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہیش بھٹ نے فلم کی زیادہ تر شوٹنگ کی جبکہ پوجا بھٹ کے چارج سنبھالنے پر مسائل پیدا ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’ہدایتکار نے مجھے تکلیف دی۔ لیکن ٹیم بہت اچھی تھی۔ بھٹ صاحب نے مجھے ’’دھوکہ‘‘ کے بعد تقریباً تین فلموں کی پیشکش کی تھی لیکن سیٹ پر میرے سابقہ تجربے کی وجہ سے مَیں نے کوئی بھی فلم نہیں کی۔ حتیٰ کہ میں نے ’’راز ۲‘‘ بھی ٹھکرا دی جبکہ پوجا بھٹ اس کی ہدایتکار بھی نہیں تھیں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: دپیکا پڈوکون کو ’’کالکی‘‘ کے سیکویل سے نکال دیا گیا
مزمل کے مطابق فلموں کو مسترد کرنا ان کے حق میں بہتر نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میری ہدایتکار (پوجا بھٹ) نے میرے خلاف میڈیا کو استعمال کیا اور میرے بارے میں افواہیں شیئر کیں۔ انہوں نے مجھے نیچا دکھانے کیلئے ’’ویمن کارڈ‘‘ کھیلا۔ ان کا فلسفہ تھا کہ `اداکار کو کتے کی طرح ہونا چاہئے، اگر میں بیٹھنے کو کہوں تو بیٹھوں، کھڑے ہونے کہوں تو کھڑے ہو جاؤ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ میرے بارے میں منفی مضامین شائع کئے گئے جس سے میری ساکھ کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ان تمام چیزوں نے مجھے خوفزدہ کیا۔ یہ بہت اذیت ناک اور ذہنی طور پر ختم کرنے والا وقت تھا۔ اس تجربے نے بے خوابی کو جنم دیا۔ میں اب بھی اس کا شکار ہوں۔‘‘