Inquilab Logo Happiest Places to Work

این چندرا نے سماجی موضوعات پر فلمیں بنا کر شہرت پائی

Updated: April 05, 2026, 11:15 AM IST | Mumbai

بالی ووڈ میں این چندرا کو ایک ایسے فلم ساز کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے سماجی مسائل پر فلمیں بنا کر شائقین کےدرمیان اپنی خاص شناخت بنائی ہے۔

N Chandra, the creator of many excellent films. Photo: INN
کئی بہترین فلموں کے خالق این چندرا۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ میں این چندرا کو ایک ایسےفلم ساز کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے سماجی مسائل پر فلمیں بنا کر شائقین کےدرمیان اپنی خاص شناخت بنائی ہے۔این چندرا کا اصل نام چندر شیکھرنارویکرتھا اور ان کی پیدائش۴؍اپریل ۱۹۵۲ءکو ممبئی میں ہوئی تھی۔ان کی ماں ممبئی میونسپل کارپوریشن میں بطور کلرک کام کرتی تھیں جبکہ ان کے والدفلم سینٹر میں لیباریٹری انچارج کے طور پر کام کیا کرتے تھے۔این چندرانےگریجویشن کی تعلیم ممبئی یونیورسٹی سے پوری کی۔ اس کے بعد وہ ہدایت کار سنیل دت کے ساتھ بطور اسسٹنٹ ایڈیٹر کام کرنے لگے۔ بطور ایڈیٹر انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز ۱۹۶۹ء میںآئی فلم ریشما اور شیراسےکیا۔ اس درمیان انہوں نےپران مہرا، وامن بھوسلے کے ساتھ بھی بطور اسسٹنٹ ایڈیٹر کام کیا۔اس کے بعد وہ ہدایت کار گلزار کے ساتھ جڑگئےاور بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کرنے لگے۔این چندرا نے بطور ہدایت کار اپنے فلمی کریئر کا آغاز ۱۹۸۶ءمیں آئی فلم انکش سے کیا۔ سماجی پس منظرپر مبنی اس فلم کی کہانی کچھ ایسے بے روزگار نوجوانوں پر مبنی تھی جو کام نہ ملنےپر معاشرےسے ناراض ہیں اور الٹی سیدھی راہ پرچلتے ہیں۔ ایسے میں ان کےمحلے میں ایک خاتون اپنی بیٹی کے ساتھ رہنے کیلئے آتی ہے جو انہیں صحیح راستے پر چلنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ فلم انکش باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’رامائن‘‘ ٹیزر پر نقل کے الزامات، ہالی ووڈ مناظر سے مماثلت، تنقیدیں

۱۹۸۷ءمیں این چندرا کے کریئر کی ایک اور اہم فلم ’پرتی گھات‘ ریلیزہوئی۔ مجرمانہ سیاست کے پس منظرپربنی یہ فلم بدعنوان سیاست کو بے نقاب کرتی ہے۔۱۹۸۸ءمیں ریلیز ہوئی فلم تیزاب این چندراکےفلمی کریئر کی سب سے بہترین اور سوپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ فلم میں انیل کپور اور مادھوری دکشت نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔یہ فلم بھی سماجی برائیوں کی عکاسی کرتی نظر آتی ہے۔بہترین گیت موسیقی اور اداکاری سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نے نہ صرف این چندرا کو بلکہ اداکار انیل کپور اور اداکارہ مادھوری دکشت کو بھی شہرت کی بلندیوںپر پہنچا دیا۔ آج بھی اس فلم کے سدا بہار نغمے ناظرین اور سامعین بے حد پسند کرتے ہیں۔

۱۹۹۱ءمیں آئی فلم نرسمہا این چندرا کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ فلم میں نرسمہا کا کردار سنی دیول نےادا کیا تھا جبکہ باپ جی کا کرداراوم پوری نے۔۱۹۹۲ءسے۲۰۰۰ءتک کا وقت این چندرا کےفلمی سفرکیلئے برا ثابت ہوا۔ ان کی فلمیں حملہ، یگاندھر، تیجسونی، بے قابو، وجود، شکاری جیسی کئی فلمیں باکس آفس پر ناکام ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’مصاحبین کا کلچر‘‘ نشانے پر،پریہ درشن نے کہا اسرانی کو ان سے کم معاوضہ ملتا تھا

۲۰۰۲ءمیں آئی فلم اسٹائل کی کامیابی کے بعد این چندراایک بار پھراپنی کھوئی ہوئی شناخت بنانے میں کامیاب رہے۔ ۲۰۰۳ء میں این چندرا نے اپنی فلم اسٹائل کا سیکوئل ایکس کیوز می کے نام سے بنایا ،جس میں انہوں نےایک بار پھر فلم میں شرمن جوشی اور ساحل خان کی سپرہٹ جوڑی کو لیا لیکن کمزور اسکرپٹ کی وجہ سے اس بار فلم ٹکٹ کھڑکی پرناکام ہو گئی۔این چندرا نے بے زبان ، وہ سات دن، دھرم اور قانون،محبت،میرا دھرم، پرتیگھات اور تیزاب جیسی فلموں کی ایڈیٹنگ کی اوراس کے علاوہ انہوں نے انکش، پرتیگھات، تیزاب، نرسمہا جیسی ہٹ فلموں میں بطور اسکرپٹ رائٹر کام کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK