Updated: November 27, 2025, 9:01 PM IST
| Mumbai
’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ کے سیزن ۵؍ کے پہلے حصے کے پریمیر کے فوراً بعد نیٹ فلکس دنیا بھر میں کریش ہوگیا۔ ۳۰؍ فیصد بینڈوِڈتھ بڑھانے کے باوجود اسٹریمنگ پلیٹ فارم مداحوں کی غیر معمولی ٹریفک سنبھال نہ سکا۔ صارفین نے ایکس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جبکہ نیٹ فلکس نے کہا کہ مسئلہ پانچ منٹ کے اندر حل کر لیا گیا۔
’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ کے سیزن ۵؍ کا بے چینی سے انتظار صرف مداح ہی نہیں بلکہ کاسٹ ممبران بھی کر رہے تھے۔ لیکن بدھ کی شام (امریکی وقت) جیسے ہی ڈفر برادرز کی مشہور سیریز کا پہلا حصہ نیٹ فلکس پر ریلیز ہوا، اسٹریمنگ پلیٹ فارم غیر معمولی ٹریفک کے دباؤ سے کریش ہوگیا۔ ۳۰؍ فیصد اضافی بینڈوِڈتھ رکھنے کے باوجود نیٹ فلکس آن لائن مداحوں کی بھیڑ کو سنبھالنے میں ناکام رہا۔ سیریز کے پریمیر کے چند لمحوں بعد ہی صارفین کی اسکرینوں پر ’’سمتھنگ وینٹ رونگ‘‘ اور ’’وی آر ہیونگ ٹربل وِد یور ریکویسٹ‘‘ جیسے پیغامات نمودار ہونے لگے، جس کی وجہ سے لاکھوں شائقین شو کے آغاز سے پہلے ہی مایوس ہوگئے۔
واضح رہے کہ ’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ سیزن ۵؍ کا پہلا حصہ بدھ کی شام ۵؍ بجے ہندوستان میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوا، اور فوراً ہی دنیا بھر کے مداحوں نے پلیٹ فارم پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں نیٹ فلکس کی سروس متاثر ہوگئی۔ مداحوں کو اس سیریز کے بے صبری سے انتظار تھا۔ بیک وقت اتنا ٹریفک متوقع تھا۔
یہ بھی پڑھئے: سمیر وانکھیڈے کی عرضی کا دہلی میں کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے: ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ
مداحوں کے غصے اور میمز کی بارش
کچھ صارفین کو پریشانی پیش آئی جبکہ چند خوش نصیب بغیر کسی رکاوٹ کے شو دیکھ سکے۔ متاثرہ مداحوں نے ایکس پر اپنے جذبات کا اظہار کیا کہ ’’نیٹ فلکس فوری طور پر مسئلہ حل کرو۔ مَیں نے تین سال انتظار کیا ہے!‘‘ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’’نیٹ فلکس کریش ہو گیا ہے، میں سب کو بتا دو ں کہ نیٹ فلکس کریش ہو گیا ہے!‘‘ تیسرے صارف نے غصے کا اظہار کیا کہ ’’سارا دن انتظار کیا اور نیٹ فلکس کریش ہوگیا۔‘‘ ایک صارف نے کریش اسکرین شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’نیٹ فلکس ہیز کریشڈ، مجھے رونا آرہا ہے۔ مجھے یہ سیریز ابھی دیکھنی ہے۔‘‘
خیال رہے کہ یہ پیش گوئی پہلے سے کی جا رہی تھی کہ اسٹرینجر تھنگز کے نئے سیزن کی ریلیز کے وقت نیٹ فلکس کریش ہوسکتا ہے۔ ۲۴؍ نومبر کو ایک پوسٹ میں صارف نے لکھا تھا کہ ’’مجھے ڈر ہے کہ بدھ کو نیٹ فلکس کریش ہو جائے گا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۵۰ء میں لوگ پوچھیں گے، کون شاہ رخ خان؟ وویک اوبیرائے
نیٹ فلکس نے مسئلہ کیسے حل کیا؟
دلچسپ بات یہ ہے کہ راس ڈفر نے بدھ کی صبح بتایا تھا کہ نیٹ فلکس نے خصوصی طور پر اسٹرینجر تھنگز ڈے کیلئے بینڈوِڈتھ میں ۳۰؍ فیصد اضافہ کیا ہے تاکہ سروس رکاوٹوں سے بچا جاسکے۔ تاہم، اس کے باوجود شدید ٹریفک نے سروس کو کچھ وقت کیلئے متاثر کیا۔ اس ضمن میں نیٹ فلکس نے ہالی ووڈ رپورٹر کو بتایا کہ ’’کچھ صارفین کو ٹی وی پر مختصر وقت کیلئے مسئلے کا سامنا ہوا لیکن پانچ منٹ کے اندر سروس مکمل بحال کر دی گئی۔‘‘
خیال رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے۔ ۲۰۲۲ء میں اسی ویب سیریز کے سیزن ۴؍ کی آخری دو اقساط ریلیز ہوتے وقت بھی نیٹ فلکس اسی طرح کریش ہوگیا تھا۔ اس وقت بھی لاکھوں صارفین نے بیک وقت اسٹریمنگ کرنے کی کوشش کی تھی۔