Updated: September 24, 2026, 10:02 PM IST
| Mumbai
کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی دھرما پروڈکشنز ان دنوں فینٹسی، ہارر اور مافوق الفطرت کہانیوں پر مبنی فلموں کے دائرے کو وسیع کرتی نظر آ رہی ہے۔ کارتک آرین کی آنے والی فینٹسی کامیڈی فلم’ ’ناگ زیلا‘‘ کے بعد اب دھرما پروڈکشنز نے ایک اور بڑے اور منفرد منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔
کارتک، راج کمار اور پرتیبھا۔ تصویر:آئی این این
کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی دھرما پروڈکشنز ان دنوں فینٹسی، ہارر اور مافوق الفطرت کہانیوں پر مبنی فلموں کے دائرے کو وسیع کرتی نظر آ رہی ہے۔ کارتک آرین کی آنے والی فینٹسی کامیڈی فلم’ ’ناگ زیلا‘‘ کے بعد اب دھرما پروڈکشنز نے ایک اور بڑے اور منفرد منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق راج کمار راؤ اور ’’لاپتہ لیڈیز‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ پرتیبھا رنتا کو نئی فینٹسی ہارر فلم’’وش کنیا‘‘ کے مرکزی کرداروں کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ویر داس کو’ ’فُل والیوم‘‘ کے لیے تیسری بار انٹرنیشنل ایمی میں نامزدگی ملی
’’وش کنیا‘‘ کی سب سے خاص بات یہ بتائی جا رہی ہے کہ پرتیبھا رنتا فلم میں ٹائٹل کردار یعنی ’’وش کنیا‘‘ کے روپ میں نظر آئیں گی۔ فلم کی کہانی کو فی الحال انتہائی خفیہ رکھا گیا ہے، تاہم دستیاب اطلاعات کے مطابق یہ عام روایتی ہارر فلم سے مختلف ہوگی اور اس میں ایک وسیع جادوئی اور مافوق الفطرت دنیا تخلیق کی جائے گی۔’ ’وش کنیا‘‘ ایک ایسی خیالی دنیا پیش کرنے کی کوشش کرے گی جس کے اپنے قوانین، کردار اور مافوق الفطرت طاقتیں ہوں گی۔ تاہم فلم کی اصل کہانی، کرداروں کی تفصیلات اور پلاٹ سے متعلق اہم معلومات ابھی منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔
’’وش کنیا‘‘ میں راج کمار راؤ اور پرتیبھا رنتا پہلی مرتبہ ایک ساتھ اسکرین شیئر کرتے دکھائی دیں گے۔ دونوں اداکار اپنی مختلف نوعیت کی اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں، اس لیے اس غیر معمولی فینٹسی ہارر کہانی میں ان کی جوڑی نے فلم کے حوالے سے تجسس بڑھا دیا ہے۔پرتیبھا رنتا نے کرن راؤ کی فلم’’لاپتہ لیڈیز‘‘ سے بالی ووڈ میں نمایاں شناخت بنائی تھی۔ اس کے بعد وہ دھرما پروڈکشنز کی نفسیاتی تھرلر’’اکیوسڈ‘‘میں بھی نظر آئیں، جس میں کونکنا سین شرما بھی شامل تھیں۔ ’’وش کنیا‘‘ دھرما پروڈکشنز کے ساتھ ان کا دوسرا منصوبہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے:جیانی انفانٹینو تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے: امریکی عدالتی کمیٹی
دوسری جانب راج کمار راؤ بھی دھرما پروڈکشنز کے ساتھ اس سے قبل’’مسٹر مسز ماہی ‘‘ میں کام کر چکے ہیں، جس میں ان کے ساتھ جھانوی کپور نظر آئی تھیں۔’ ’وش کنیا‘‘ اس بینر کے ساتھ ان کا دوسرا پروجیکٹ ہوگا۔ ’’وش کنیا‘‘ کی ہدایت کاری سونل جوشی کریں گی۔ سونل جوشی نے ۲۰۲۳ء میں شلپا شیٹی کی فلم’’سُکھی‘‘ سے بطور ڈائریکٹر بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ اس سے قبل وہ وجے کرشنا آچاریہ کی’’دھوم ۳‘‘اور امتیاز علی کی ’’تماشہ ‘‘ اور’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ جیسی فلموں میں اسسٹنٹ کے طور پر کام کر چکی ہیں۔وہ عمران ہاشمی کی نیٹ فلکس سیریز ’’بارڈ آف بلڈ‘‘ سے بھی وابستہ رہی ہیں۔ ’’وش کنیا‘‘ کے ذریعے سونل جوشی ایک بڑے پیمانے کی فینٹسی ہارر دنیا تخلیق کرنے کی کوشش کریں گی۔ رپورٹس کے مطابق ’’وش کنیا‘‘ کی شوٹنگ ۲۰۲۶ء کے آخر تک شروع ہونے کی توقع ہے۔ بعض رپورٹس میں دسمبر تک فلم کے فلور پر جانے کی بات کہی گئی ہے۔ تاہم دھرما پروڈکشنز کی جانب سے فی الحال فلم کی باضابطہ ریلیز تاریخ، مکمل کاسٹ یا کہانی کی تفصیلات کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔