اپنے حالیہ انٹرویو میں اداکار رام کپور نے اوزیمپک کے استعمال کے متعلق پوچھے جانے والے سوال کا جواب دیا۔
EPAPER
Updated: July 05, 2025, 8:04 PM IST | Mumbai
اپنے حالیہ انٹرویو میں اداکار رام کپور نے اوزیمپک کے استعمال کے متعلق پوچھے جانے والے سوال کا جواب دیا۔
بالی ووڈ اداکار رام کپور اپنی نئی ویب سیریز ’’مستری‘‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں جو جیو ہاٹ اسٹار پر نشر ہورہی ہے۔ پروموشن کے دوران، اُن سے ان کے وزن میں ڈرامائی کمی کے متعلق خاص طور پر سوال کیا جاتا ہے جسے وہ ہر مرتبہ نظر انداز کردیتے ہیں۔ مگر اپنے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے نہ صرف اس کا جواب دیا بلکہ سوشل میڈیا پر ان پر تنقید کرنے والوں کو پاگل بھی قرار دیا۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے وزن میں ڈرامائی کمی والی تصاویر جاری کی تھیں جنہیں دیکھنے کے بعد صارفین بحث میں مصروف ہوگئے تھے کہ وہ اوزیمپک لے رہے ہیں۔ یہ دوا ذیابیطس کے مریض استعمال کرتے ہیں جسے وزن کم کرنے کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پرھئے: کرش ۴: رتیک روشن ٹرپل رول ادا کریں گے، ریکھا، پریتی اور پرینکا ساتھ نظر آسکتی ہیں
ہیومنز آف بمبئی کے ساتھ بات چیت میں رام کپور نے آن لائن پر جاری قیاس آرائیوں اور شدید تنقیدوں کا جواب دیا، جہاں بہت سے لوگوں نے سوال کیا کہ آیا یہ تبدیلی ڈسپلن ہے یا اوزیمپک جیسی دواؤں پر منحصر ہے؟ رام کپور نے کہا کہ ’’یہ پاگل پن ہے۔ اگر مَیں نے اوزیمپک لیا ہے تو کیا ہوا؟ ایک ہی زندگی ہے۔ اگر ڈاکٹر نے مشورہ دیا ہے تو لو۔‘‘ انہوں نے ویٹ مینجمنٹ کیلئے ڈاکٹر کے تجویز کردہ حل کے استعمال کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر آپ کا ڈاکٹر آپ کو صحتمند رکھنے کیلئے شارٹ کٹ تجویز کرتا ہے، تو اسے اپنا نا چاہئے۔ آپ اسے کیوں نہیں اپنائیں گے؟‘‘
رام کپور نے ’’شارٹ کٹ‘‘ کے منفی تصور پر کہا کہ ’’لوگ کہتے ہیں کہ وزن کم کرنے کیلئے شارٹ کٹ نہ لیں، قدرتی طور پر کسرت کرکے وزن کم کریں۔ مگر ہر کوئی شارٹ کٹ لیتا ہے۔ اینٹی بائیوٹکس ایک شارٹ کٹ ہیں، تو اوزیمپک کیسے مختلف ہے؟‘‘ انہوں نے اس حقیقت پر مزید زور دیا کہ اوزیمپک آسانی سے دستیاب دوا نہیں ہے۔ آپ اسے ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر حاصل نہیں کر سکتے۔ اگر اس نے آپ کو اوزیمپک تجویز کیا ہے تو آپ ڈاکٹر کی بات سنیں گے یا سوشل میڈیا صارفین کی؟ کرن جوہر، میں، اور بھی دیگر لوگ سوشل میڈیا پر اوزیمپک لینے کی بکواس سے نمٹ رہے ہیں۔ کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہم رد عمل کا اظہار کیوں نہیں کرتے؟ کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا صارفین پاگل ہیں، وہ کچھ نہیں جانتے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’تھاما‘‘ میں کام کرنا میرے لئے چیلنج سے بھرپور تھا: رشمیکا مندانا
اوزیمپک ٹائپ ۲؍ ذیابیطس کے مریضوں کی دوا ہے جو وزن کم کرنے میں معاون ہے۔ یہ بھوک کو کم کرنے، عمل ہضم کو سست کرنے اور خون میں شکر کی سطح کو منظم کرکے کام کرتی ہے۔ تاہم، مشہور شخصیات میں اس کے بڑھتے ہوئے استعمال نے اسے توجہ اور تنازع دونوں کا موضوع بنا دیا ہے۔