’’سیارہ‘‘ کی کامیاب جوڑی موہت سوری کے ساتھ پھر لوٹے گی؛ وائے ایف آر کی فلم کی پہلی شوٹنگ ممبئی میں، نومبر میں گوا منتقل ہوگا یونٹ، ۲۰۲۷ءمیں ریلیز کا منصوبہ۔
EPAPER
Updated: September 17, 2026, 8:03 PM IST | Mumbai
’’سیارہ‘‘ کی کامیاب جوڑی موہت سوری کے ساتھ پھر لوٹے گی؛ وائے ایف آر کی فلم کی پہلی شوٹنگ ممبئی میں، نومبر میں گوا منتقل ہوگا یونٹ، ۲۰۲۷ءمیں ریلیز کا منصوبہ۔
’’سیارہ‘‘ کی کامیاب جوڑی اہان پانڈے اورانیت پڈا ایک بار پھر ہدایت کار موہت سوری کے ساتھ نظر آئے گی۔یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی اس نئی اور ابھی تک بے نام فلم کی شوٹنگ اکتوبر ۲۰۲۶ء میں ممبئی سے شروع ہونے جارہی ہے، جبکہ نومبر میں فلم کی ٹیم گوا منتقل ہوگی۔ فلم کو ایک پختہ، غیر روایتی اور قدرے منفرد محبت کی کہانی کے طور پر تیار کیا جارہا ہے، جس میں ایکشن کا عنصر بھی شامل ہوگا۔ فلم کی تیاری کا پہلا مرحلہ وائے آر ایف اسٹوڈیوز، اندھیری کے اندرونی سیٹ پر ہوگا۔مڈ ڈے کے مطابق ابتدائی شیڈول میں دونوں مرکزی کرداروں کے تعارف سے متعلق مناظر اور ان کے گھروں کے کچھ مناظر فلمائے جائیں گے۔ اس کے بعد نومبر میں کہانی کا بڑا حصہ گوا منتقل ہوگا۔ اگر منصوبہ طے شدہ رفتار سے آگے بڑھا تو فلم کی شوٹنگ دسمبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فلم روایتی، ہلکی پھلکی رومانوی کہانی کے بجائے زیادہ پختہ اور غیر روایتی رومانوی کہانی پر مبنی ہوگی۔ فلم میں محبت مرکزی موضوع رہے گی، تاہم ایکشن بھی کہانی کا حصہ ہوگا۔ اس طرح یہ منصوبہ موہت سوری کی پچھلی رومانوی فلموں کے مقابلے میں ایک مختلف انداز پیش کرنے کی کوشش کرے گا۔
یہ بھی پڑھئے: ’گووندا جیسا کوئی نہیں، میری ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ادھوری رہ گئی‘: دلجیت
یہ اہان پانڈے اورانیت پڈا کی موہت سوری کے ساتھ دوسری فلم ہوگی۔ تینوں نے ۲۰۲۵ء کی ’’سیارہ‘‘ میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کیا تھا، جس میں اہان اور انیت نے مرکزی کردار ادا کیے اور سُری نے ہدایت کاری کی۔ یش راج فلمز کے مطابق نئی فلم میں اکشے ودھانی بھی بطور پروڈیوسر ٹیم کا حصہ ہیں۔ وائے آر ایف نے اپریل میں اس نئے منصوبے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’سیارہ‘‘ کی ٹیم ایک بار پھر ایک ’’رومانوی کہانی‘‘ کے لیے متحد ہورہی ہے۔ اس وقت فلم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا، تاہم کمپنی نے واضح کیا تھا کہ اہان پانڈے اورانیت پڈا دوبارہ مرکزی جوڑی ہوں گے اور فلم کی عالمی سنیما ریلیز ۲۰۲۷ء میں متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھئے:بگ باس۲۰؍ ویک اینڈ کا وار: سلمان خان نے قاضی توقیر کی جدوجہد کو سراہا
موہت سوری نے اعلان کے وقت اپنی رومانوی فلموں کے بارے میں کہا تھا کہ ’’محبت کو گہرائی سے سمجھنے کی ضرورت ہے‘‘، اور بتایا تھا کہ وہ محبت کو انتہائی جذباتی اور بے قابو کیفیت کے طور پر پیش کرنے کی طرف فطری طور پر مائل ہیں۔ انہوں نے اسی ٹیم کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کو خاص قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس بار خود کو ایک نئے فلم ساز کی طرح محسوس کررہے ہیں۔ پروڈیوسر اکشے ودھانی نے بھی اس تعاون کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا تھا کہ موہت سوری کے ساتھ کام صرف فلم بنانے تک محدود نہیں بلکہ ایسی کیفیت، موسیقی اور لمحات تخلیق کرنے کی کوشش ہے جو فلم ختم ہونے کے بعد بھی ناظرین کے ذہن میں رہیں۔ ان کے مطابق نئی فلم میں ٹیم کچھ زیادہ ’’ایماندار، حساس اورپائیدار‘‘ پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔
دوسری طرف اہان پانڈے اس فلم سے پہلے علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک ایکشن فلم میں نظر آئیں گے۔ Mid-Day کے مطابق موہت سوری کی نئی فلم مکمل کرنے کے بعد ۲۰۲۷ء سُری کے آغاز میں پروڈیوسر رام گوپال ورما کے لیے ایک گینگسٹر ڈراما بھی شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ’’سیارہ‘‘ میں اہان اور انیت کی جوڑی کو نوجوان ناظرین میں خاص مقبولیت ملی تھی۔وائے ایف آر کے مطابق فلم نے ہندوستان میں ۳۳۸؍ کروڑ روہے نیٹ اور دنیا بھر میں تقریباً ۵۸۰؍ کروڑ روپے گراس کمائے، جبکہ اس کے گانے بھی طویل عرصے تک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر مقبول رہے۔ نئی فلم میں دونوں کی واپسی اسی جوڑی کو ایک مختلف اور زیادہ پختہ رومانوی کہانی میں پیش کرے گی۔