Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’دی ڈیول ویرز پراڈا ۲‘‘ کی زبردست اوپننگ، پہلے دن ۵۰؍ ملین ڈالر کا کاروبار

Updated: May 02, 2026, 5:02 PM IST | New York

ہالی ووڈ کی انتہائی متوقع فلم The Devil Wears Prada 2 نے یکم مئی کو ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر مضبوط آغاز کیا ہے۔ میرل اسٹریپ، اینی ہیتھوے اور ایمیلی بلنٹ کی واپسی نے فلم کو عالمی سطح پر توجہ دلائی۔ رپورٹس کے مطابق فلم نے صرف پیڈ پریوی میں ۱۰؍ ملین ڈالر کمائے جبکہ اوپننگ ڈے پر عالمی کمائی تقریباً ۵۰؍ ملین ڈالر رہی۔ ہندوستان میں بھی فلم نے اچھی اوپننگ کی ہے۔

A scene from "The Devil Wears Prada 2." Photo: INN
’’دی ڈیول ویرز پراڈا ۲‘‘ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

فیشن اور سنیما کے امتزاج پر مبنی مشہور فرنچائز کی نئی قسط The Devil Wears Prada 2 نے عالمی سطح پر شاندار آغاز کرتے ہوئے باکس آفس پر اپنی مضبوط موجودگی درج کرا دی ہے۔ یکم مئی ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے نہ صرف پرانے مداحوں کو سنیما گھروں تک کھینچا بلکہ نئی نسل کے ناظرین کو بھی اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔ تقریباً دو دہائیوں بعد آنے والی اس سیکوئل میں میرل اسٹریپ، اینی ہیتھوے اور ایمیلی بلنٹ جیسے بڑے نام دوبارہ ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں، جس نے فلم کی ہائپ کو مزید بڑھا دیا ہے۔ دی ہالی ووڈ رپورٹر کے مطابق، فلم نے پیڈ پریویو میں ۱۰؍ ملین ڈالر سے زیادہ کی کمائی کی، جو ۲۰۲۶ء کی بڑی اوپننگز میں شمار کی جا رہی ہے۔ یہ کارکردگی اسے اسی وقت ریلیز ہونے والی فلموں، جیسے ’’مائیکل‘‘ اور ’’پروجیکٹ ہیل میری‘‘ کے قریب لے آئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سیامی کھیر ۱۲؍سال بعد سیف علی خان کے ساتھ کام کریں گی

بین الاقوامی سطح پر فلم نے پہلے دن تقریباً ۵۰؍ ملین ڈالر کا بزنس کیا، جبکہ صرف امریکہ میں جمعہ کو تقریباً ۳۳؍ ملین ڈالر کی کمائی رپورٹ ہوئی۔ ماہرین کے مطابق اگر یہی رفتار برقرار رہی تو فلم کا افتتاحی ویک اینڈ ۲۰۰؍ ملین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے، جو اسے سال کی بڑی کامیابیوں میں شامل کر سکتا ہے۔ ہندوستانی باکس آفس پر بھی فلم کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی۔ ٹریڈ پورٹل ساکنک کے مطابق فلم نے ایڈوانس بکنگ میں ۷ء۱؍ کروڑ روپے کمائے، جبکہ ریلیز کے بعد پہلے دن یہ کمائی بڑھ کر تقریباً ۵۷ء۶؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ ۲۹؍ فیصد اوسط آکیوپینسی کے ساتھ یہ ایک مضبوط آغاز سمجھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایک ہالی ووڈ فلم کے لیے۔

یہ بھی پڑھئے: آمدنی کے معاملے میں بالی ووڈ کی سب سے بڑی ہٹ فلم کون سی ہے؟

فلم کی کامیابی میں ایک اہم عنصر نوستالجیا بھی ہے۔ اصل فلم کے مداحوں کے لیے اس میں متعدد حوالہ جات اور ’’ایسٹر ایگز‘‘ شامل کیے گئے ہیں، جو کہانی کو پرانی یادوں سے جوڑتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ میٹ گالا ۲۰۲۶ء سے پہلے ریلیز ہونے کا وقت بھی فلم کے حق میں جا رہا ہے، کیونکہ فیشن سے متعلق موضوعات ان دنوں عالمی سطح پر زیر بحث ہوتے ہیں۔ دوسری جانب ’’مائیکل‘‘ کو اس فلم سے سخت مقابلہ مل رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس فلم کی کمائی دوسرے ہفتے میں ۵۴؍ فیصد تک گر گئی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ’’دی ڈیول ویرز پراڈا ۲‘‘ نے باکس آفس پر برتری حاصل کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: موشمی چٹرجی نے ہر کردار کو پوری شدت کے ساتھ نبھایا

دلچسپ بات یہ ہے کہ ۲۰۲۶ء میں باکس آفس مقابلہ مزید سخت ہو گیا ہے، جہاں ’’دی سپر ماریو گیلسکی مووی‘‘ پہلے ہی ۴۰۰؍ ملین ڈالر عبور کر چکی ہے، جبکہ ہندوستانی فلم ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ بھی عالمی سطح پر بڑی کمائی کر رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر فلم کی رفتار برقرار رہی تو یہ نہ صرف ۲۰۰؍ ملین اوپننگ ویک اینڈ بلکہ ممکنہ طور پر ایک بلین ڈالر کلب میں بھی شامل ہو سکتی ہے۔ تاہم، اس کا دارومدار آنے والے ہفتوں میں ناظرین کے ردعمل اور مقابلے کی شدت پر ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK