• Mon, 02 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم ’’کنگ‘‘ کا پہلا گیت ’تو مل جائے‘ ریلیز، مداحوں کو ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ کی یاد تازہ ہوگئی

Updated: November 02, 2026, 4:03 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’’کنگ‘‘ کا پہلا گیت ’تو مل جائے‘ ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ شاہ رخ خان نے اپنی ۶۱؍ویں سالگرہ کے موقع پر۲؍ نومبر کی نصف شب اس رومانوی گیت کو مداحوں کے لیے پیش کیا۔

Song.Photo:INN
گیت۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’’کنگ‘‘  کا پہلا گیت ’تو مل جائے‘  ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ شاہ رخ خان نے اپنی ۶۱؍ویں سالگرہ کے موقع پر۲؍ نومبر کی نصف شب اس رومانوی گیت کو مداحوں کے لیے پیش کیا۔ اس گیت میں شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی رومانوی جوڑی ایک بار پھر پردۂ سیمیں پر نظر آرہی ہے۔ دونوں فنکاروں کی دلکش کیمسٹری، شاہ رخ خان کا نیا انداز، خوبصورت مقامات اور رومانوی مناظر نے شائقین کی توجہ حاصل کی ہے۔ تاہم گیت کے منظرنامے اور ایکشن کے انداز کو دیکھ کر کئی سوشل میڈیا صارفین کو شاہ رخ خان کی سابقہ کامیاب فلموں ’’پٹھان‘‘ اور’’جوان‘‘ کی یاد آگئی ہے۔ ’تو مل جائے‘ میں شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کو مختلف خوبصورت مقامات پر رومانوی لمحات گزارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ گیت میں دونوں کی قربت، محبت اور دلکش انداز کے ساتھ ساتھ رقص کے مناظر بھی شامل ہیں۔ شاہ رخ خان اس گیت میں ایک عاشق کے روپ میں نظر آرہے ہیں، جبکہ ان کے کردار کا ایکشن سے بھرپور پہلو بھی سامنے آتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ خان ایک سین کیلئے کئی متبادل پیش کرتے ہیں کہ ڈائریکٹر الجھن میں پڑجاتا ہے

گیت کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں محبت اور تشدد کے دو مختلف رنگوں کو یکجا کیا گیا ہے۔ ایک طرف شاہ رخ خان دپیکا کے ساتھ رومانوی لمحات گزارتے دکھائی دیتے ہیں تو دوسری طرف وہ اپنے دشمنوں سے لڑتے اور خطرناک کارروائیاں کرتے نظر آتے ہیں۔ یہی امتزاج فلم کی کہانی میں ایکشن اور رومانس دونوں کی موجودگی کا اشارہ دیتا ہے۔ اس گیت کو موسیقار جوڑی سچن جگر نے ترتیب دیا ہے، جبکہ اس کے بول کمار نے لکھے ہیں۔ گیت کو اریجیت سنگھ، مدھوبنتی باگچی اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار ایڈ شیرن نے اپنی آواز دی ہے۔ اریجیت سنگھ کی رومانوی آواز اور ایڈ شیرن کے انگریزی ریپ نے گیت کو ایک منفرد انداز دیا ہے۔گیت کی کوریوگرافی پیوش اور شاذیہ نے کی ہے۔ موسیقی، گلوکاری اور شاہ رخ خان و دپیکا پڈوکون کی اسکرین پر موجودگی نے اس گیت کو فلم کی تشہیری مہم کا اہم حصہ بنادیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:علامتی پارلیمان میں ’اسپیکر‘ میرا کمار کیلئے پنڈت نہرو کی کرسی رکھی گئی!

گیت کی ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ کئی صارفین نے شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی جوڑی اور ان کی رومانوی کیمسٹری کی تعریف کی ہے، جبکہ بعض مداحوں نے گیت کے ایکشن مناظر، فلم بندی اور موسیقی کے انداز کو ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ سے ملتا جلتا قرار دیا ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ گیت دیکھ کر انہیں ’’پٹھان‘‘ کے مشہور گیتوں اور اس فلم کے ایکشن مناظر کی یاد آگئی، جبکہ بعض نے اسے ’’پٹھان‘‘ اور ’’جوان‘‘ کے انداز کا امتزاج قرار دیا۔ دوسری جانب شاہ رخ خان اور اریجیت سنگھ کی جوڑی کے مداحوں نے گلوکار کی آواز کو گیت کی سب سے بڑی خوبی قرار دیا ہے۔ ایڈ شیرن کی شمولیت کو بھی کئی شائقین نے پسند کیا ہے۔ اس طرح گیت کو جہاں پذیرائی مل رہی ہے، وہیں اس کے انداز پر تنقید بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ فلم’ ’کنگ‘‘ کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کررہے ہیں، جنہوں نے اس سے قبل شاہ رخ خان کے ساتھ بلاک بسٹر فلم ’’پٹھان‘‘ میں کام کیا تھا۔ اس فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ دپیکا پڈوکون، سہانا خان، ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی، انیل کپور، جیکی شراف، ارشد وارثی اور جے دیپ اہلوات سمیت کئی معروف فنکار اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔یہ فلم شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی چھٹی مشترکہ فلم ہوگی۔ اس سے قبل دونوں فنکار ’’اوم شانتی اوم‘‘، ’’چنئی ایکسپریس‘‘،’ ’ہیپی نیو ایئر‘‘،’ ’پٹھان‘‘ اور ’’جوان‘‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔ فلم کی ریلیز ۲۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں متوقع ہے۔ 
 ’تو مل جائے‘ کی ریلیز نے فلم ’’کنگ‘‘ کے حوالے سے شائقین کی توقعات مزید بڑھادی ہیں۔ شاہ رخ خان کا رومانوی اور ایکشن سے بھرپور انداز، دپیکا پڈوکون کے ساتھ ان کی مقبول جوڑی اور اریجیت سنگھ و ایڈ شیرن کی مشترکہ آواز اس فلم کے لیے خاص توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم ریلیز کے بعد باکس آفس پر کس طرح کی کامیابی حاصل کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK