Updated: May 06, 2026, 10:06 PM IST
| Mumbai
ودیا بالن اور عرفان خان کی کی تقریباً ۲۵؍ سال پرانی فلم The Last Tenant (دی لاسٹ ٹیننٹ) آخرکار یوٹیوب پر ریلیز کر دی گئی ہے۔ فلم کو ہدایت کار سارتھک داس گپتا نے لکھا اور ڈائریکٹ کیا تھا، لیکن فوٹیج گم ہونے کی وجہ سے یہ دو دہائیوں تک ریلیز نہ ہو سکی۔ بعد میں فلم کی وی ایچ ایس کاپی ملنے پر اسے بحال کیا گیا۔ یہ فلم عرفان خان کی برسی پر خراجِ عقیدت کے طور پر جاری کی گئی ہے اور ریلیز کے تین دنوں میں تقریباً دو لاکھ ویوز حاصل کر چکی ہے۔
عرفان خان اور ودیا بالن۔ تصویر: آئی این این
سنیما شائقین کے لیے ایک جذباتی اور خوشگوار لمحہ اس وقت سامنے آیا جب ودیا بالن اور مرحوم عرفان خان کی تقریباً ۲۵؍ سال پرانی فلم The Last Tenant آخرکار یوٹیوب پر ریلیز کر دی گئی۔ اس فلم کو سارتھک داس گپتا نے لکھا تھا اور اس کی ہدایتکاری کے فرائض انجام دیئے تھے جبکہ پروڈکشن نینا اور سارتھک داس گپتا نے کی تھی۔ فلم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ودیا بالن کے ابتدائی کریئر کے دنوں کی یادگار ہے، جب وہ فلمی دنیا میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ ہدایت کار سارتھک داس گپتا کے مطابق، فلم دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک اس لیے منظر عام پر نہ آ سکی کیونکہ اس کا اصل فوٹیج گم ہوگیا تھا۔ بعد میں انہیں فلم کی وی ایچ ایس کاپی ملی، جس کے بعد اسے بحال کرکے ریلیز ممکن بنائی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: کام کرنے کے طریقے پر سائی مانجریکر نے کہا:ٹرینڈ نہیں بلکہ مضبوط کہانیوں پر میری توجہ
سارتھک نے فلم کی ریلیز کو اپنے لیے ایک جذباتی تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے یہ فلم بنائی، اس وقت وہ فلم انڈسٹری میں مکمل نئے تھے۔ ان کے مطابق نہ انہوں نے کسی کے ساتھ اسسٹنٹ کے طور پر کام کیا تھا، نہ کسی فلم اسکول سے تعلیم حاصل کی تھی، اور نہ ہی اس دور میں آج کی طرح یوٹیوب ٹیوٹوریلز یا آن لائن وسائل موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ خالص جذبے اور وجدان کی بنیاد پر انہوں نے فلم سازی کا سفر شروع کیا تھا، اور اب برسوں بعد اس فلم کا ریلیز ہونا ایک بھولے ہوئے خواب کے دوبارہ زندہ ہونے جیسا محسوس ہوتا ہے۔
دوسری جانب ودیا بالن نے بھی فلم کی ریلیز پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ The Last Tenant کو آخرکار ناظرین تک پہنچتے دیکھنا ایک غیر حقیقی احساس ہے۔ ان کے مطابق وہ اس وقت اپنے کریئر کے ابتدائی مرحلے میں تھیں اور اپنی راہ تلاش کر رہی تھیں۔ ودیا نے خاص طور پر عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے بہت خاص لمحہ تھا، کیونکہ یہی وہ واحد موقع تھا جب انہیں عرفان خان کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے کا موقع ملا۔
یہ بھی پڑھئے: فلم پروڈیوسر آربی چودھری سڑک حادثے میں چل بسے
فلم کی ریلیز عرفان خان کی برسی کے موقع پر کی گئی ہے، جس نے اس منصوبے کو مزید جذباتی بنا دیا ہے۔ عرفان خان کو ہندوستانی سنیما کے عظیم ترین اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے، اور ان کے مداحوں کے لیے یہ فلم ایک نایاب تحفہ بن کر سامنے آئی ہے۔ فلم کو سارتھک کی کمپنی The Salt Incکے تحت یوٹیوب پر جاری کیا گیا، جہاں صرف تین دنوں میں اس کے ویوز تقریباً دو لاکھ تک پہنچ گئے۔ یہ ریلیز نہ صرف ایک کھوئی ہوئی فلم کی واپسی ہے بلکہ یہ اس دور کی یاد بھی تازہ کرتی ہے جب کئی فنکار اپنی شناخت بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔