طاقت، پراسراریت، انداز اور سنسنی سے بھرپور اس نئے ٹیزر کا مرکز یش ہیں جبکہ اس میں ان طاقتور خواتین کی بھی جھلک دکھائی گئی ہے جو کہانی کو ایک منفرد رخ دیتی ہیں۔
EPAPER
Updated: July 01, 2026, 4:04 PM IST | Mumbai
طاقت، پراسراریت، انداز اور سنسنی سے بھرپور اس نئے ٹیزر کا مرکز یش ہیں جبکہ اس میں ان طاقتور خواتین کی بھی جھلک دکھائی گئی ہے جو کہانی کو ایک منفرد رخ دیتی ہیں۔
فلم ’’ٹاکسک: اے فیئری ٹیل فار گرون اپس‘‘ رواں سال کی سب سے زیادہ منتظر فلموں میں شامل ہے۔ ریلیز کی تاریخ قریب آنے کے ساتھ ہی فلمسازوں نے ایک نیا ٹیزر جاری کیا ہے، جس میں یش کو ’’لیڈیز اینڈ لیڈیز‘‘ کے درمیان مرکزی کردار میں پیش کیا گیا ہے۔ بدھ کے روز جاری کیے جانے والے اس ٹیزر میں فلم کی تاریک دنیا کی خواتین کرداروں کا تعارف بھی کرایا گیا ہے۔
طاقت، اسرار، اعتماد اور ایڈرینالین سے بھرپور یہ ویڈیو یش کے گرد گھومتاہےجبکہ ان خواتین کی بھی جھلک پیش کرتی ہے جو اس کہانی کی بنیاد ہیں۔ یش کے علاوہ ٹیزر میں نین تارا، کیارا اڈوانی، تارا ستاریا، رکمنی وسنتھ اور ہما قریشی بھی دکھائی دیتی ہیں۔
’’ ٹاکسک ‘‘کا نیا ٹیزر
یش کی پراثر آواز کے ساتھ ٹیزر کا آغاز ایک منفرد وارننگ سے ہوتا ہے، جو صرف بچوں ہی کے لیے نہیں بلکہ ان کے والدین، دادا دادی اور پردادا پردادی تک کے لیے ہے۔ پہلے ٹیزر کے برعکس، اس بار کہانی کا مرکز یش ہیں، مگر ساتھ ہی فلم کی خواتین کرداروں کا بھی تعارف کروایا گیا ہے۔یہ تمام خواتین الگ الگ دنیا سے تعلق رکھتی ہیں اور اپنی اپنی شناخت رکھتی ہیں۔ ایک کیبرے ڈانسر ہے، دوسری بارٹینڈر جبکہ تیسری موٹر سائیکل چلاتی نظر آتی ہے۔ ٹیزر اس بات کا اشارہ دیتا ہے کہ ناظرین کو اس فلم میں کچھ بالکل غیر متوقع دیکھنے کو ملے گا۔پہلے ہی منظر سے ویڈیو اپنی باغیانہ سوچ کا اظہار اس انتباہ کے ساتھ کرتی ہے:’’بچو... دور رہو۔ والدین... اپنے بچوں کو دور رکھیں۔ دادا دادی... اپنے پوتے پوتیوں کو بھی دور رکھیں۔ پردادا پردادی... اگر دیکھنا چاہتے ہیں تو اپنے ذمہ پر۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:’’ میں واپس آؤں گا‘‘ اور’’الفا‘‘ کی کامیابی خواب کی تعبیر ہوگی: شروَری
نین تارا، کیارا اڈوانی، تارا ستاریا، رکمنی وسنتھ اور ہما قریشی ہر منظر میں اپنی بھرپور موجودگی کا احساس دلاتی ہیں اور ایسے کرداروں کی جھلک پیش کرتی ہیں جو جتنے طاقتور ہیں اتنے ہی پیچیدہ بھی۔ نین تارا کی مضبوط شخصیت، کیارا کی مسحور کن مگر کسی حد تک اداس کیفیت، تارا کی بے فکری اور زندہ دلی، رکمنی کی شدید اور جارحانہ توانائی اور ہما قریشی کی پُراثر اور مضبوط جھلک، سب مل کر ’’ٹاکسک‘‘ کی دنیا کو مزید دلچسپ بنا دیتے ہیں۔ اس تجسس کو مزید بڑھاتی ہے ایک خاتون کی آواز میں پیش کیا گیا وائس اوور، جو کہانی کو عورت کے نقطۂ نظر سے بیان کرتا ہے اور اس میں راز، طاقت اور بغاوت کی نئی پرتیں شامل کرتا ہے۔
’’ٹاکسک: اے فیئری ٹیل فار گرون اپس‘‘ اپنے شاندار مناظر، منفرد ایکشن اور پراسرار ماحول کے ذریعے ایک ایسی خطرناک دنیا کو وسعت دیتی ہے جہاں سے نظریں ہٹانا ممکن نہیں۔ فلم ایک ایسا سنیما تجربہ پیش کرنے کا وعدہ کرتی ہے جو روایتی حدود سے ہٹ کر ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’روایتی شوز کو ختم کرنے کیلئے میں نے اپنا پروڈکشن ہاؤس شروع کیا ہے‘‘
گیتو موہن داس کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں اداکار اور پروڈیوسر یش مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ ان کے ساتھ نین تارا، کیارا اڈوانی، تارا ستاریا، رکمنی وسنتھ اور ہما قریشی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔ فلم کی شوٹنگ بیک وقت کنڑ اور انگریزی زبان میں کی گئی ہے، جبکہ اسے ہندی، تیلگو، تمل اور ملیالم زبانوں میں بھی ڈب کیا جائے گا۔ کے وی این پروڈکشنز اورمونسٹر مائنڈ کریئشنز کے اشتراک سے تیار کی گئی یہ فلم ۲۶؍ اگست ۲۰۲۶ء کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں شاندار انداز میں ریلیز کی جائے گی۔