پہلے سیزن میں جو بطور طلبہ مشکلات سے جوجھ رہے تھے اب افسر بننے کے بعد بھی کئی پریشانیوں کا سامنا کررہے ہیں،اداکاری عمدہ ہے۔
EPAPER
Updated: March 29, 2026, 3:45 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
پہلے سیزن میں جو بطور طلبہ مشکلات سے جوجھ رہے تھے اب افسر بننے کے بعد بھی کئی پریشانیوں کا سامنا کررہے ہیں،اداکاری عمدہ ہے۔
ایسپیرینٹس ۳ (Aspirants 3)
l اسٹریمنگ ایپ :امیزون پرائم(۵؍ایپی سوڈ)
lاسٹار کاسٹ:نوین کستوریا،شیوانکت سنگھ پریہار، سنی ہندوجا،ابھیلاش تھپلیال،نمیتا دوبے، ملیکا پرساد،
lڈائریکٹر:دپیش سمترا جگدیش
lرائٹر:دپیش سمترا جگدیش،انوراگ گوسوامی،انوراگ
lپروڈیوسر:ارونبھ کمار،مرینال پنت،شیوانی سنگھ
lموسیقی:سنگیت ہلدیپور،سدھارتھ ہلدیپور
lسنیماٹوگرافر:سریچت وجین دامودر
lایڈیٹر:تشار منوچا
lپروڈکشن ڈیزائن:بیوا مہاجن
lریٹنگ:***
گزشتہ چند برسوں میں ٹی وی ایف نے خود کو ایسی کہانیاں پیش کرنےمیں ماہر ثابت کیا ہے جن سے ناظرین آسانی سے جڑ جاتے ہیں۔’ایسپیرنٹس‘ اور’کوٹا فیکٹری‘جیسے شوز نے دلوں کو گہرائی سے چھوا، کیونکہ یہ ملک میں مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے نوجوانوں کے خوابوں اور جدوجہد کو بڑی سچائی کے ساتھ پیش کرتے ہیں۔ اب ’ایسپیرنٹس سیزن۳‘ اسی دنیا کو ایک نئے مرحلے میں لے جاتا ہے۔ کہانی اب دہلی کے مکھرجی نگر میں یو پی ایس سی کی تیاری تک محدود نہیںرہتی بلکہ انتظامی طاقت کے ایوانوں تک جا پہنچتی ہے۔ وقت کے ساتھ کرداروں کی امنگیں بدل چکی ہیں، لہجے اور جذبات کی رفتار میں بھی تبدیلی آئی ہے، اس لیے ۲۰۲۱ءمیں شروع ہونے والی یہ سیریز اپنے تیسرے سیزن میں خاصی مختلف محسوس ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سنکلپ: اوٹی ٹی پر نانا پاٹیکر کا پہلا قدم کچھ سوچنے کی دعوت دیتا ہے
کہانی
نئے سیزن کا آغاز انہی تین پرانے دوستوںابھیلاش (نوین کستوریہ)، گوری (شیوانکت سنگھ پریہار) اور ایس کے (ابھیلاش تھپلیال)سے ہوتا ہے، جو اب اپنی اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں پوری طرح مصروف ہیں۔ ابھیلاش ایک ضلع مجسٹریٹ(ڈی ایم)کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، مگر اے ایل سی سندیپ اوہلان (سنی ہندو جا)کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد ان کے خلاف محکمہ جاتی جانچ شروع ہو جاتی ہے۔ یہ جانچ نہ صرف ان کے کریئرکو خطرے میں ڈالتی ہے بلکہ دیپا (تینگم سیلین)، گوری، دھیرج (نمیتا دوبے) اور ایس کے کے ساتھ ان کے ذاتی تعلقات میں بھی تناؤ پیدا کر دیتی ہے۔
تیسرے سیزن میں کہانی ابھلاش کے ماضی میں بھی جھانکتی ہے،جہاں آئی آر ایس کا امتحان پاس کرنے کے باوجود وہ یو پی ایس سی کے آخری موقع کیلئے دوبارہ تیاری کرتے نظر آتے ہیں۔ مکھرجی نگرمیں نئے دوستوں اور حریفوں کے درمیان ان کی جدوجہد جاری رہتی ہے۔ تاہم اس بار کہانی کا مرکزی تصادم پہلے دو سیزن سے مختلف ہے۔ جہاں پہلے سیزن میں خواب، ناکامی اور دوستی کے نازک رشتے محورتھے، وہیں اب کہانی ایک بڑے ٹکراؤ کی شکل اختیار کر لیتی ہے ایسی کشمکش جو اقتدار، انا اور نظام کے اندر موجود نظریاتی اختلافات کےگرد گھومتی ہے۔ اس تصادم کے مرکز میں ابھیلاش اور ان کے پرانے استاد سندیپ بھیا کے درمیان بڑھتی ہوئی رقابت ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہیلو بچوں: فزکس والا کے سفرکی مشکلات پیش کرنےوالی سیریز
ہدایت کاری
سندیپ بھیا کا کردار کبھی اس سیریز کی جذباتی روح ہوا کرتا تھا،ایسا انسان جو ناکامی میں بھی وقار برقرار رکھنے کی مثال تھا۔ سنی ہندوجاکی اداکاری نے اس کردار کو ناظرین کے دلوں میں خاص مقام دیا، کیونکہ اس میں ان بے شمار امیدواروں کی خاموش مضبوطی جھلکتی تھی جو اس نظام میں کامیاب نہیں ہو پائے۔ لیکن اس سیزن میں یہی کردار ایک بالکل نئے روپ میں سامنے آتا ہے۔ ایک قابل احترام استاد اب تقریباًمنفی کردار میں ڈھل چکا ہے، جو ابھیلاش کے خلاف ذاتی دشمنی سےمتاثر نظر آتا ہے۔
اداکاری
اگر کہانی میں کچھ کمزوریاں ہیں تو اداکاری اس کمی کو بڑی حد تک پورا کر دیتی ہے۔ نوین کستوریہ نے ابھلاش کے کردار میں ماضی اور حال دونوں کو بڑی خوبصورتی سےنبھایا ہے،ایک تجربہ کار افسر کا اعتماد اور ایک جذباتی طالب علم کی کمزوری، دونوں کو متوازن انداز میں پیش کیا ہے۔ شیوانکت سنگھ پریہار نے ’گوری‘ کے کردار میں اپنائیت کا احساس برقرار رکھا، اگرچہ اس بار ان کا کردار کچھ پس منظر میں چلا گیا ہے۔ ابھیلاش تھپلیال بطور ’ایس کے‘ جذباتی سہارا اور ہلکی پھلکی مزاح فراہم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سائیکو سیاں: نفسیاتی اتارچڑھائو سے بھرپور محبت کی کہانی
نتیجہ
مجموعی طور پر’ایسپیرنٹس سیزن۳‘ دوستی، خواہشات اور کامیابی کے بعد کی حقیقتوں کی ایک سنجیدہ جھلک پیش کرتی ہے۔ یہ پچھلے سیزنز جیسی جذباتی بلندی شاید نہ چھو سکے، لیکن یہ ضرور دکھاتی ہے کہ امتحان کے کمرے سے باہر نکلنے کے بعد خواب کس طرح بدل جاتے ہیں۔ کہانی کو آگے بڑھانے کی ایک دیانتدار کوشش نظر آتی ہے، مگر باہمی مقابلہ آرائی پر زیادہ زور دینے کے سبب وہ پہلی سی کشش کچھ کم ہو گئی ہے۔