اس مرتبہ بھی سیریز کا اہم پہلو اس کا ایکشن ہےجبکہ خاندانی پس منظر اور جذباتی پہلوئوں کو بھی بھر پور جگہ دی گئی ہے جو اسے بہتر بناتی ہے۔
EPAPER
Updated: May 17, 2026, 5:12 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس مرتبہ بھی سیریز کا اہم پہلو اس کا ایکشن ہےجبکہ خاندانی پس منظر اور جذباتی پہلوئوں کو بھی بھر پور جگہ دی گئی ہے جو اسے بہتر بناتی ہے۔
سیٹاڈل (Citadel)
اسٹریمنگ ایپ: امیزون پرائم ویڈیو(۷؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: پرینکا چوپڑا،رچرڈ میڈن، ایشلی کمنگز، اسٹینلی ٹکی، لیزلی مین ولے،جیک رینر،میرلے ڈینگرج،
ڈائریکٹر: جو رسو،گریگ یائیتانیس،ڈیوڈ ویل
رائٹر: جوش ایپل بام،بریان اوہ،ڈیوڈ ویل،کنیڈی ایڈمونڈ
پروڈیوسر: اینڈریس اینگلیڈ،جیوفری ہالے،مرتضیٰ کاتھاوالا
موسیقار: جیف رسو
سنیماٹو گرافر: نیوٹن تھامس سیگل
ایڈیٹر: ٹم پورٹر
ریٹنگ: ***
یہ بھی پڑھئے: لُکھّے: ریپ کلچر، منشیات اور جرائم کی دنیا کی جھلک پیش کرنے والی کہانی
سیٹاڈل کاپہلا سیزن جب ۲۰۲۳ءمیںریلیز ہوا تھا تو اس نےدنیا بھر میں زبردست سرخیاں بٹوری تھیں۔پرینکا چوپڑا اور رچارڈ میڈن کی یہ اسپائی ایکشن سیریزخاص طور پر اس کے بھاری بھرکم بجٹ کی وجہ سےبھی خوب چرچا ہے۔ رسو برادرز کی تیار کردہ اس سیریزکےپہلے سیزن میں صرف ۶؍اقساط تھیں، مگر تقریباً ۳۰۰؍ ملین امریکی ڈالر کے پروڈکشن بجٹ نےاسے دنیا کی مہنگی ترین ویب سیریز میں شامل کردیا تھا۔اب تقریباً۳؍برس بعد اس کا دوسرا سیزن پیش کیا گیا ہے، جس میں ۷؍ ایپی سوڈشامل ہیں۔ اس بار بھی پرینکا چوپڑا ایجنٹ نادیہ سنگھ کےکردار میں واپس آئی ہیں جبکہ رچرڈ میڈن میسن کین کے طور پر دوبارہ نظر آتے ہیں۔اس کے علاوہ اسٹینلی ٹکی نےبرنارڈ اورلک کے کردارمیں ایک مرتبہ پھر اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔ نئے سیزن میں ایکشن کا دائرہ پہلے سے کہیں زیادہ وسیع اور خطرناک محسوس ہوتا ہے، اگرچہ کہانی کی جذباتی گہرائی بعض مقامات پر کمزور پڑ جاتی ہے۔
کہانی
سیریزکی شروعات ہی ایک زبردست ایکشن سیکوئنس سے ہوتی ہے،جو ناظر کو فوراً اپنی گرفت میں لے لیتاہے۔اس منظر میں ایک باغی سی آئی اے ایجنٹ ہچ، جس کا کردار جیک رینرنے ادا کیا ہے، ارب پتی پاؤلو براگا کے تعاقب میں دکھائی دیتا ہے۔ پاؤلو براگا کا کردار گیبریئل لیون نےنبھایا ہے۔ براگا نے برنارڈ اورلک کو اغوا کرلیاہے اور اسے ایک ’مائنڈ کنٹرول پروگرام‘ حوالے کرنے پر مجبور کرتا ہے، جس کے ذریعے وہ اپنے ذاتی مفادات کیلئے روسی صدر کے قتل جیسے خطرناک منصوبے کو عملی جامہ پہنا سکتا ہے۔دوسری جانب نادیہ سنگھ اپنی کھوئی ہوئی یادداشتوں کی واپسی سے ذہنی کشمکش کا شکار ہے۔ اسی دوران وہ اور میسن کین ایک مرتبہ پھر جاسوسی کی خونی دنیا میں دھکیل دیے جاتے ہیں۔ جیسے ہی وہ مینٹی کور سےبچنے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں ایک عالمی سازش کا سراغ ملتا ہے جس کے نتائج پوری دنیا کیلئے تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں۔اس بارکرداروں کی ذاتی زندگی اور ان کے جذباتی تضادات کو بھی زیادہ جگہ دی گئی ہے۔ خاص طور پر نادیہ اور اس کی بیٹی آشا کے درمیان تعلق اس سیزن کے سب سے متاثر کن پہلوؤں میں شامل ہے۔ نادیہ اپنی بیٹی کو صرف خطرات سے بچانا نہیں چاہتی بلکہ اس کی معصومیت بھی برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ ایک موقع پر جب دشمن ان پر حملہ کرتے ہیں تو آشا اپنی ماں سے کہتی ہے کہ اگر وہ سکھائے تو وہ حملہ آور کو مار سکتی ہے۔ بعد میں نادیہ اسے کشور کمارکا مشہور گیت ’آ چل کہ تجھے‘سناتی ہے، جیسے وہ اپنی بیٹی کو ایک محفوظ اور پُرسکون دنیا میں لے جانا چاہتی ہو۔ یہ منظر پورے سیزن کے سب سے جذباتی اور خوبصورت لمحات میں شمار کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گلوری: کھیل، قتل، سنسنی اور دیگر عناصر کو سمیٹ کر بنائی گئی ویب سیریز
ہدایت کاری
سیریز میں نادیہ اور اس کی ماں کے درمیان کشیدہ تعلقات کو بھی دکھایا گیا ہے۔ساتھ ہی ’سیٹاڈل:ہنی بنی‘کی جھلک بھی کہانی کا حصہ بنتی ہے۔اس کے مقابلے میں میسن اور اس کی ماں کے پیچیدہ تعلقات کو زیادہ اسکرین ٹائم ملا ہے، جبکہ نادیہ کے جذباتی سفر کو اتنی گہرائی نہیں دی گئی جتنی دی جاسکتی تھی۔ اس مرتبہ بھی سیریز کی طاقت اس کا ایکشن ہے۔ لڑائی کے مناظر نہایت اسٹائلش، تیز رفتاراور شاندار انداز میں فلمائے گئے ہیں۔ سیریز کا اسکیل پہلے سیزن سےکہیں بڑا محسوس ہوتا ہے۔ اگرچہ کئی مقامات پر کہانی کا رخ پہلے ہی اندازہ ہوجاتاہے اور کچھ ٹوئسٹ زیادہ حیران نہیں کرتے، مگر رفتار برقرار رہتی ہے۔
اداکاری
اداکاری کے محاذ پر پرینکا چوپڑا نے اس بار پہلے سے زیادہ مضبوط کارکردگی پیش کی ہے۔ نادیہ کا کردار اس مرتبہ کئی پرتوں پر مشتمل ہے، وہ ایک ایجنٹ بھی ہے، ایک ماں بھی، ایک دھوکہ کھائی ہوئی عاشقہ بھی اور اندر سے ٹوٹی ہوئی عورت بھی۔ پرینکا نے ان تمام جذبات کو مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔ ایکشن سینز میں بھی ان کی پرفارمنس بھرپور نظر آتی ہے۔رچرڈمیڈن بھی اپنے کردار میں جچے ہیں جبکہ اسٹینلے ٹوچی، میٹ بیری اور جیک رینر نےاپنی موجودگی سے سنجیدہ کہانی میں ہلکے پھلکے لمحات شامل کئے ہیں۔ دوسری جانب گیبریل لیون نے ایک خطرناک ولن کے طور پر اپنی الگ چھاپ چھوڑی ہے۔ چاہے لوگوں کے ذہنوں پر قابو پانے کے مناظر ہوں یا دھمکی آمیز گفتگو، وہ ہر منظر میں خوف پیدا کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: معاملہ لیگل ہے۲: عدالتی معاملات مزاحیہ انداز میں پیش کرنے کی کوشش
نتیجہ
مجموعی طور پر سیٹاڈل کادوسرا سیزن ایک دلچسپ اور تیز رفتار اسپائی تھرلر ہے۔ اس میں شاندار ایکشن، مضبوط پروڈکشن ویلیو اور بہتر کردار نگاری موجود ہے۔