Inquilab Logo Happiest Places to Work

گلوری: کھیل، قتل، سنسنی اور دیگر عناصر کو سمیٹ کر بنائی گئی ویب سیریز

Updated: May 03, 2026, 2:00 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہ دراصل ایک انویسٹیگیٹو کرائم تھرلر ہے، جو باکسنگ کے پردے میں چھپی ہوئی ہے،دویندوشرما اور دیگر نے اداکاری اچھی کی ہےجو دیکھنے لائق ہے۔

Savinder Vicky and Pulkit Samrat can be seen in a scene from the web series `Glory`. Photo: INN
ویب سیریز ’گلوری‘ کے ایک منظر میں سوویندر وکی اور پلکت سمراٹ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

گلوری (Glory)
اسٹریمنگ ایپ: نیٹ فلکس(۷؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: دیویندو شرما،جنت زبیر رحمانی، سوویندر وکی، سیانی گپتا، پلکت سمراٹ،اشوتوش رانا، ذاکر حسین،سکندر کھیر
ڈائریکٹر: کرن انشومن، کنشک ورما
رائٹر: کرمنیہ آہوجا،کرن انشومن، ویبھو وشال
پروڈیوسر: کرن انشومن، موہت شاہ،عارف میر
پروڈکشن ڈیزائن: ابھیجیت گوئنکا،سونم سنگھ
پروڈکشن منیجر: نکھل بدھوار،اروشی اجمیرا،الیکس فرنانڈس
اسسٹنٹ ڈائریکٹر: شریہ مکھرجی،اسنیہ ہکو، سوانند ڈیڈولکر
ریٹنگ: ***

یہ بھی پڑھئے: مٹکا کنگ: ممبئی کے پرانے دور میں لے جانے والی ویب سیریز ہے

او ٹی ٹی کی دنیا میں کھیل کے پس منظر پر بننے والی سیریزیں اب بھی گنی چنی ہی ہیں۔ ایسے میں کرکٹ اور میچ فکسنگ پر مبنی ایمی نامزد سیریز ’انسائڈ ایج‘کےخالق’کرن انشومن‘اب اپنی نئی سیریز ’گلوری‘کے ساتھ باکسنگ رنگ میںاترے ہیں۔ مگر یہاں اصل لڑائی صرف رنگ تک محدود نہیں رہتی،جہاں مکے چلتے ہیں، وہیں اس کےباہر خنجر، بارود اور سازشوں کی گونج سنائی دیتی ہے۔ یوں یہ سیریز دراصل ایک انویسٹیگیٹو کرائم تھرلر ہے، جو باکسنگ کے پردے میں چھپی ہوئی ہے۔ تقریباً ۵۰؍تا ۵۵؍منٹ کے۷؍ایپی سوڈ پر مشتمل یہ کہانی دکھاتی ہے کہ انسان اپنے خواب اور عزائم کی تکمیل کے لیے کس حد تک جا سکتا ہے۔

کہانی 

کہانی ہریانہ باکسنگ کلب کے کوچ رگھوبیر سنگھ (سووندر وکی) کے اس جنون کے گرد گھومتی ہے کہ وہ ہندوستان کے لیے اولمپک گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کریں۔ ان کے دادا نے کبھی یہ کارنامہ انجام دیاتھا، مگر وہ خود اس کامیابی کو دہرا نہ سکے۔ یہی ادھورا خواب اب ان کی زندگی کا واحدمقصد بن چکا ہےکہ بطور کوچ وہ وہی عظمت حاصل کریں جو بطور کھلاڑی نہ پا سکے۔اسی مقصد کے تحت وہ اپنے بیٹوں دیویندر(دیویندو شرما)اور رویندر(پلکت سمراٹ)کوتیار کرتے ہیں، مگر حالات ایسے پلٹتے ہیں کہ دونوں ہی اس راستے سے ہٹ جاتے ہیں۔ دونوں بھائی اپنے ماضی کے زخموں اور اندرونی کشمکش کے ساتھ جیتے ہیں۔ ایسے میں رگھوبیر ایک نئے شاگرد نہال سنگھ کو اولمپکس کے لیے تیار کرنے لگتے ہیں۔

لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور ہوتا ہے۔ نہال، جو رگھوبیر کی بیٹی گڑیا(جنت زبیر)سےمحبت کرتا ہے، اچانک قتل کر دیا جاتا ہے، اور اس حملے میںگڑیا بھی زخمی ہوجاتی ہے اور بعد میں وہ بھی جان کی بازی ہار جاتی ہے۔ شبہ کی سوئیاں مختلف سمتوں میں گھومتی ہیںمخالف باکسنگ کلب کے مالک وجّو سانگوان(اشوتوش رانا)، کھاپ پنچایت کے سربراہ ڈانڈا (یشپال شرما)اور مافیا سرغنہ ککّی یادو(سکندر کھیر)پر۔ مگر اصل مجرم کون ہے؟ اور رگھوبیر کے خواب کا انجام کیا ہوتا ہے؟ یہ جاننے کیلئے سیریز دیکھنی ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: معاملہ لیگل ہے۲: عدالتی معاملات مزاحیہ انداز میں پیش کرنے کی کوشش

 ہدایت کاری

کرن انشومن نے کہانی کو پرکشش بنانے کے لیے تمام ضروری عناصر جمع کیے ہیں۔ ایک طرف باکسنگ مقابلوں کا سنسنی خیز ماحول، تو دوسری طرف ابتدا ہی میں قتل کا معمہ جو تجسس کو جنم دیتا ہے۔ اس کے ساتھ جذباتی سطح پر باپ بیٹے کے رشتے، خوابوں کی ٹوٹ پھوٹ اور اندرونی دراڑیں کہانی کو ایک گہرائی دینے کی کوشش کرتی ہیں۔

دیویندر اور رویندرکے کرداروں کا سفر ناظر کو اپنے ساتھ جوڑتا ہے، مگر اسکرین پلے کئی سمتوں میں پھیل کر اپنی گرفت کھو دیتا ہے۔ خاص طور پر ککّی اور ڈانڈا سے جڑے سب پلاٹس کہیں نہ کہیں غیر ضروری محسوس ہوتے ہیں، جیسے محض طوالت بڑھانے کے لیے شامل کیے گئے ہوں۔ باکسنگ مقابلوں کے نتائج بھی کچھ حد تک پیش گوئی کے قابل نظر آتے ہیں۔تاہم آخری ۲؍ اقساط میں کہانی اچانک اپنی رفتار واپس حاصل کر لیتی ہے۔ پری کلائمکس خاصا مضبوط ہے اور اگلے سیزن کے لیے کئی دروازے کھلے چھوڑ دیے گئے ہیں۔

اداکاری

اداکاری کے میدان میں سیریزنےخود کو سنبھال لیا ہے۔ دیویندو شرمااپنے مخصوص انداز کے ساتھ ایک بار پھر توجہ حاصل کرتے ہیں،جبکہ پلکت سمراٹ بھی بھرپور توانائی کے ساتھ نظر آتے ہیں۔ دونوں نے اپنے کرداروں میں جان ڈال دی ہے۔

سوویندر وکی کا کردار بظاہر بہت مضبوط ہے، مگر اس میں وہ گہرائی پوری طرح محسوس نہیں ہوتی جو ان کے سابقہ کاموں میں دکھائی دی تھی۔سیانی گپتااورکشمیرا پردیشی نے بھی اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے، خاص طور پر کشمیرا کا پراسرار کردار چونکاتا ہے۔

اشوتوش رانا،سکندر کھیر اور یشپال شرمامختصر کرداروں میں مناسب اثر چھوڑتے ہیں۔ تکنیکی پہلوؤں میں بیک گراؤنڈ اسکور اور ماحول کی ترتیب کہانی کے مطابق ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کاٹان: وجے سیتوپتی کی اداکاری سے سجی سنسنی خیز مرڈرمسٹری

نتیجہ

اگر آپ کو کرائم، کھیل اور انسانی خواہشات کی الجھی ہوئی کہانیاں پسند ہیں، تو گلوری ایک دلچسپ تجربہ ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر دیویندو شرما اور پلکت سمراٹ کی مضبوط اداکاری کے باعث۔ورنہ، یہ وہ کہانی ہے جو مکمل ہونے سے پہلے ہی اگلے موڑ کی طرف اشارہ کر دیتی ہےجیسے ابھی کچھ باقی ہو، کچھ ان کہی باتیں، جو آنے والے وقت کے سپرد ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK