اس ویب سیریز کے ذریعہ مشہور ریپر ’کنگ‘ نے بھی اداکاری کے میدان میں قدم رکھا ہے، کرداروں کی بیک اسٹوری پر بھی کافی محنت کی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: May 10, 2026, 12:22 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس ویب سیریز کے ذریعہ مشہور ریپر ’کنگ‘ نے بھی اداکاری کے میدان میں قدم رکھا ہے، کرداروں کی بیک اسٹوری پر بھی کافی محنت کی گئی ہے۔
لُکھّے (Lukkhe)
اسٹریمنگ ایپ: امیزون پرائم ویڈیو(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: پلک تیواری،شیوانکت سنگھ،کرتیکا بھردواج، راشی کھنہ، عائشہ رضا مشرا،نکول روشن سہدیو، ببیتا کپور۔
ڈائریکٹر: ہیمانک گور
رائٹر: دیبوجیت داس پرکیاستھا،اگریم جوشی
پروڈیوسر: راجیش بہل،وپل امرتلال شال،وپل ڈی شاہ
موسیقار: بھارگ کالے، کرن کنچن،کنگ
سنیماٹو گرافر: پرو دندونا
پروڈکشن ڈیزائن: ویویک رچیل بنجا
ریٹنگ: ***
یہ بھی پڑھئے: گلوری: کھیل، قتل، سنسنی اور دیگر عناصر کو سمیٹ کر بنائی گئی ویب سیریز
تقریباً ۱۰؍برس قبل’اڑتا پنجاب‘ریلیز ہوئی تھی۔ انوراگ کشیپ کی اس فلم نے پنجاب میں پھیلتی منشیات، ریپ کلچر، جرائم اور سیاست کےخوفناک گٹھ جوڑ کو نہایت مؤثر انداز میں پردۂ سیمیں پر پیش کیا تھا۔اب ہدایت کار ہمانک گورکی ویب سیریز’لکھّے‘بھی اسی تاریک دنیا میں داخل ہوتی ہے، جہاں ریپ کلچر صرف موسیقی تک محدودنہیں رہتا بلکہ منشیات، تشدد، جرائم اور ناکام نظام کی اندھی گلیوں سے گزرتا ہے۔ لیکن اس پوری کہانی کے مرکز میں جو سب سے زیادہ تباہ کن شے بن کر ابھرتی ہے، وہ ہے’بدلہ‘۔
کہانی
کہانی پنجاب میںابھرتے ہوئے ریپ کلچر اور منشیات کی تاریک دنیا کے درمیان پھنسے ایک نوجوان ہاکی کھلاڑی لکی(لکھویر سرن)کی ہے۔ اپنے دوست امن کی موت کے بعد لکی کو منشیات استعمال کرنے کے الزام میں ایک ری ہیب سینٹر بھیج دیا جاتا ہے، جہاں اس کی ملاقات صنوبر عرف صنّو(پلک تیواری)سے ہوتی ہے، جو اپنے بکھرے ہوئے ماضی اور ذہنی زخموں سے لڑ رہی ہے۔ دونوں کے درمیان آہستہ آہستہ محبت پروان چڑھنے لگتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مٹکا کنگ: ممبئی کے پرانے دور میں لے جانے والی ویب سیریز ہے
لیکن لکی کی زندگی اس وقت مزید الجھ جاتی ہے جب اسے معلوم ہوتاہے کہ سنّو دراصل مشہور ریپر ایم سی بدنام(کنگ)کی بہن ہے۔ ایم سی بدنام کا اپنے حریف ریپر او جی(شیوانکت سنگھ پریہار)کے ساتھ ایک پرانا اور خونی تنازع چل رہا ہے، جس کے پیچھے انا، انتقام اور منشیات کا کالا کاروبار چھپا ہوا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ایم سی بدنام ہی وہ ریپر ہے، جو موسیقی کے پردے میں نوجوانوں تک ’ڈیمن‘ نامی خطرناک ڈرگ پہنچا رہا ہے۔اسی دوران پولیس افسر گربانی کور (راشی کھنہ) لکی کو ایم سی بدنام کے گروپ میں مخبر بنا کر بھیجتی ہے تاکہ ’ڈیمن‘ نامی اس خوفناک منشیات کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا جا سکے۔ اسی ڈرگ کے نشے میں گرفتار ہو کر گربانی کی بہن بھی خودکشی کر چکی تھی۔لکی گینگ میں داخل توہو جاتا ہے، لیکن اب وہ ایک ایسے کھیل میں پھنس چکا ہے جہاں وہ ایم سی بدنام کا اعتماد حاصل کر لیتا ہے، مگر اس کےبدلے اسے دوستی، محبت، خاندان اور سچ سب کچھ داؤ پر لگانا پڑ سکتاہے۔ ایک طرف صنّو کیلئےاس کی محبت ہے، دوسری طرف امن کی موت کا بدلہ اور ڈرگ مافیا کو ختم کرنے کا مشن۔ریپ بیٹلز، گینگ وار اور دھوکے بازی کے درمیان لکی کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ انصاف کا راستہ چنے گا یا اسی دنیا کا حصہ بن جائے گا جسے ختم کرنے نکلا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: معاملہ لیگل ہے۲: عدالتی معاملات مزاحیہ انداز میں پیش کرنے کی کوشش
ہدایت کاری
ہدایت کار ہمانک گورکی اس ویب سیریز کا آغاز نہایت تیز رفتار انداز اور ایک بڑے حادثے کے ساتھ ہوتا ہے۔ جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے، ویسے ویسے کرداروں کی تہیں اور ان کے اندر چھپے جذبات کھلتے چلے جاتے ہیں۔ بھائی بہن کا رشتہ اس سیریز کو مضبوطی فراہم کرتا ہے۔ ہدایت کار نے مرکزی کرداروں کی بیک اسٹوری پر بھی خاصی محنت کی ہے۔مثال کے طور پر ایم سی بدنام اور اس کی بہن سنّو ایک دردناک ماضی کابوجھ اٹھائے ہوئے ہیں، جبکہ لکی اپنے جگری دوست امن کی موت کے احساسِ جرم سے باہر نہیں نکل پا رہا۔پولیس افسرگربانی ایک طرف اپنے محکمے میں خاتون ہونے کی مشکلات سے لڑ رہی ہے، تو دوسری طرف بستر پر پڑے والد اور مردہ بہن کے غم کو بھی سہہ رہی ہے۔یہاں تک کہ ریپر او جی بھی اپنے استحصال زدہ بچپن کے صدمے سے پریشان دکھائی دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیریز کا تقریباً ہر کردار حقیقی اور انسانی محسوس ہوتا ہے۔
اداکاری
اداکاروں کی زبردست پرفارمنس اس سیریز کا سب سے بڑا مثبت پہلوہے۔ لکی کے کردار میں لکھویر سارن نے نہایت سادہ مگر مؤثر اداکاری کی ہے۔ وہ منشیات اور جرائم کی افراتفری کے درمیان ایک سکون کا احساس پیدا کرتے ہیں۔اپنے اداکاری کے آغاز میں کنگ ایک ایسے پرتشدد، جذباتی اور انتقام کی آگ میں جلتے ریپر ’بدنام‘ کے کردار کے ساتھ انصاف کرتے نظر آتے ہیں۔پلک تیواری اس سیریز میں ایک خوشگوار حیرت کے طور پر سامنے آتی ہیں۔ انہوں نےصنّو کے کردار میں جان ڈال دی ہے، جبکہ راشی کھنہ نے پولیس افسر اور بیٹی، دونوں کردار بخوبی نبھائے ہیں۔ ایکشن مناظر میں بھی وہ خوب جچتی ہیں۔او جی کے کردارمیں شیوانکت سنگھ نےمتاثر کیا ہے، جبکہ پیڈی کے کردار کو کرتیکا بھردواج نے مضبوطی بخشی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کاٹان: وجے سیتوپتی کی اداکاری سے سجی سنسنی خیز مرڈرمسٹری
نتیجہ
اگر آپ زبردست اداکاری، جذباتی گہرائی اور کرائم ڈرامے سےبھرپور کہانیوں کے شوقین ہیں تولکھے کوامیزون پرائم ویڈیوپر دیکھ سکتے ہیں۔