مانوس ڈیزائن کاحامل یہ فون حالانکہ ہارڈ ویئر کے معاملے میں زیادہ متاثر کن نہیں ہے، کمپنی کے دیگر فون کی طرح نظر آنے والا آلہ ہاتھ میں بہتر معلوم ہوتا ہے۔
EPAPER
Updated: September 07, 2026, 12:34 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
مانوس ڈیزائن کاحامل یہ فون حالانکہ ہارڈ ویئر کے معاملے میں زیادہ متاثر کن نہیں ہے، کمپنی کے دیگر فون کی طرح نظر آنے والا آلہ ہاتھ میں بہتر معلوم ہوتا ہے۔
موبائل فون کی دنیا میں موٹرولا کا سفر شاید سب سے زیادہ دلچسپ داستانوں میں سے ایک ہے۔ ذاتی استعمال کے موبائل فون کو عام کرنے والی ابتدائی کمپنیوں میں شامل موٹرولا نے ایک زمانے میں لوگوں کی جیبوں تک موبائل فون پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کمپنی نےحال ہی میں ہندوستان میں موٹو جی میکس پیش کیا ہے، جو اس سے قبل بعض عالمی بازاروں میں دستیاب تھا۔ تاہم ہندوستانی صارفین کی ضروریات اوربجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی نے اس میں کچھ تبدیلیاںکی ہیں۔یہ فون موٹرولا کے آزمودہ ڈیزائن اور بڑی بیٹری پر انحصار کرتا ہے، اگرچہ اس کی خصوصیات میں چند خوش گوار حیرتیں بھی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:گوگل پکسل ۱۱: اے آئی کے سہارے آگے بڑھتا فلیگ شپ فون
ڈیزائن:موٹو جی میکس کے ڈیزائن کے بارے میں بہت زیادہ بات کرنےکو نہیں ہے، کیونکہ موٹرولا نے یہاں غالباً ’’جو چیز ٹھیک چل رہی ہو، اسے بدلنے کی ضرورت نہیں‘‘ کے اصول پر عمل کیا ہے۔ دور سے دیکھنے پریہ شناخت کرنا مشکل ہے کہ آپ کے ہاتھ میں موٹرولا کا کون سا ماڈل ہے۔ البتہ مربع شکل کا کیمرا آئی لینڈ، جو پچھلے فلیٹ پینل کے ساتھ گھلتا ہوا محسوس ہوتا ہے اور جس میں چار کٹ آؤٹس موجود ہیں، فوراً موٹرولا کی ڈیزائن کی پہچان کرا دیتا ہے۔مسئلہ صرف یہ ہے کہ یہ انداز موٹرولا کے کئی دوسرے فونز سے اتنا ملتا جلتا ہے کہ اس ماڈل کی اپنی کوئی الگ شناخت نہیں بنتی۔سامنے سے بھی موٹوجی میکس اپنے نسبتاً سستے بھائی موٹو جی ۳۷؍پاور سے کافی مشابہ دکھائی دیتا ہے۔ موٹی چِن اور ہول پنچ ڈسپلے کٹ آؤٹ دونوں فونز میں تقریباً یکساں ہیں۔تاہم فون کو ہاتھ میں لینے پر تاثر کچھ بدل جاتا ہے۔ اپنی پرانی اور کسی حد تک بورنگ شکل کے باوجود موٹو جی میکس ہاتھ میں نسبتاًبہترمحسوس ہوتا ہے۔ درمیان میں موجود موٹرولا کی برانڈنگ کو چمک دار پلاسٹک فنش دیا گیا ہے، جو ڈیزائن میں ایک الگ بصری تاثر پیدا کرتا ہے۔
ڈسپلے:موٹو جی میکس میں ۶ء۷۲؍انچ کا بڑا ایل سی ڈی ٹچ اسکرین ڈسپلے دیاگیاہے۔اس زمرے میں اب کئی کمپنیاں امولیڈ ڈسپلے پیش کررہی ہیں، اس لیے ایل سی ڈی پینل کا استعمال کسی حد تک مایوس کن محسوس ہوتاہے۔خود موٹرولا کے بھی اسی طبقے میں بعض فون امولیڈڈسپلے، زیادہ ریزولوشن اور اسی طرح کی ریفریش ریٹ کے ساتھ دستیاب ہیں۔موٹو جی میکس کا فل ایچ ڈی پلس پینل اچھے معیار کا ہے اور رنگوں کی پیشکش متاثر کن ہے۔ گیمنگ، ریلز دیکھنے، فلمیں یا ویب سیریز دیکھنے کے دوران مجموعی تجربہ اچھا رہتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:لاوا، وراٹ وی ون۵؍جی: ہندوستانی کمپنی کا قدرے کم قیمت فون
کارکردگی:موٹو جی میکس کاسب سے کمزور پہلو اس کی کارکردگی ہے۔ فون میں آکٹاکور اسنیپ ڈریگن۶؍ایس جنریشن ۴؍پروسیسر استعمال کیا گیا ہے، جو عموماً نسبتاًسستے فونز میں دیکھنے کو ملتا ہے۔روزمرہ استعمال کے دوران بعض اوقات فون میں ہلکی سست روی یاجھٹکے محسوس ہوتے ہیں۔خاص طور پر ملٹی ٹاسکنگ کے دوران اس کی خامیاں نمایاں ہوجاتی ہیں۔
کیمرا:موٹوجی میکس کاسب سے متاثر کن شعبہ بلا شبہ اس کا کیمرا ہے۔ فون میں دیا گیا ۵۰؍میگا پکسل کا بنیادی پچھلا کیمرا خوب صورت تصاویر لیتا ہے۔ تصاویر میں تفصیلات اچھی ہوتی ہیں اور نوائزبھی کم نظر آتا ہے۔خاص طور پر سونی ایل وائی ٹی ۶۰۰؍سینسر کی بدولت مختلف روشنی اور حالات میں رنگوں کو کافی درست انداز میں محفوظ کیا جاتا ہے۔
بیٹری:موٹو جی میکس کا ایک اور مضبوط پہلو اس کی بیٹری ہے۔ قدرے بھاری استعمال، جس میں یوٹیوب پرویڈیوز دیکھنا، اسپاٹیفائی پر موسیقی سننا، تصاویر اور ویڈیوز بنانا اور جی پی ایس کا استعمال شامل ہو، کے باوجود فون نے تقریباً دو دن تک ساتھ دیتی۔ بڑی بیٹری یقینی طور پر اس فون کے اہم ترین مثبت پہلوؤں میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھئے:کنالی: اطالوی نفاست اور مردانہ ملبوسات کی نوے سالہ داستان
چند اہم باتیں
اسکرین ۷۲ء۶؍انچ
پروسیسر اسنیپ ڈریگون ۶؍ایس، جینریشن ۴
سافٹ ویئر اینڈرائڈ ۱۶؍ پر مبنی ہیلو یو آئی
ریم ۶؍جی بی
اسٹوریج ۱۲۸؍ جی بی
کیمرہ ۵۰+۸؍میگا پکسل
سیلفی کیمرہ ۳۲؍میگا پکسل
بیٹری ۷؍ہزار ایم اے ایچ
فاسٹ چارج وائر:۳۰؍ واٹ