Inquilab Logo Happiest Places to Work

انگلینڈ نے دوسرے ہاف میں ۱۰؍کھلاڑیوں سے کھیلتے ہوئے میکسیکو کو ہراکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

Updated: July 07, 2026, 10:18 AM IST | New York

فیفا ورلڈ کپ کا جادو شائقین کے سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ ناک آؤٹ اسٹیج میں اب تک ایسے دلچسپ میچ دیکھنے کو ملے ہیں جنہوں نے شائقین کو حیران کر دیا۔

Bellingham (Left) And Harry Kane Scored For England.Photo:INN
انگلینڈ کیلئے بیلنگہم (بائیں) اور ہیری کین نے گول کئے-تصویر:آئی این این
فیفا ورلڈ کپ کا جادو شائقین کے سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ ناک آؤٹ اسٹیج میں اب تک ایسے دلچسپ میچ دیکھنے کو ملے ہیں جنہوں نے شائقین کو حیران کر دیا۔ راؤنڈ آف۔۱۶؍کے ایسے ہی ایک میچ میں انگلینڈ کی ٹیم میکسیکو کو ہرا کر فیفا ورلڈ کپ  کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔اس دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں انگلش ٹیم نے دوسرے ہاف میں ۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے مشترکہ میزبان میکسیکو کو ۲۔۳؍سے ہرا کر ورلڈ کپ سے باہر کر دیا۔ انگلینڈ نے میچ کے دوران  شاندار جذبے کا مظاہرہ کیا اور میکسیکو کے ہر حملے کو ناکام بنا دیا۔ ان کا نعرہ ’اٹس کمنگ ہوم‘ (It`s coming home) فی الحال زندہ ہے۔ انگلینڈ کے لئے جوڈ بیلنگہم نے ۲؍ گول  کئے جبکہ ایک گول ہیری کین نے کیا۔ دوسری طرف میکسیکو کے لئے ایک گول کوئینونز نے کیا اور ایک گول راؤل جیمنیز نے پنالٹی پر اسکور کیا۔
 
 
دونوں ہی ٹیموں کے اٹیک بہترین مانے جا رہے تھے اس لئے سخت مقابلے کی پوری امید تھی اور ایسا ہی ہوا۔پہلے ہی ہاف میں انگلینڈ نے۳۶؍ویں اور ۳۸؍ویں منٹ یعنی ۲؍ منٹ کے اندر ۲؍ گول داغ دئیے اور اس کے صرف ۴؍ منٹ بعد میکسیکو نے بھی ایک گول کر دیا۔ یعنی ۶؍ منٹ میں کل ۳؍ گول ہو چکے تھے۔انگلینڈ کے لئے یہ دونوں گول جوڈ بیلنگہم نے کئے۔ دونوں گول کے درمیان صرف ۹۹؍ سیکنڈ کا فرق تھا۔ اس کے بعد ۴۲؍ ویں منٹ میں میکسیکو کے کوئینونز نے گول کر کے اسکور دو ایک کر دیا۔ ہاف ٹائم تک یہی اسکور رہا۔
دوسرے ہاف  میںانگلینڈ کو ۵۴؍ ویں منٹ میں اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب ان کے کھلاڑی جاریل کوانسا کو ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔ریویو کے بعدمیکسیکن کھلاڑی کو غلط طریقے سے چیلنج کرنے پر جاریل کوانسا کو ریڈ کارڈ ملا۔ اس کے ساتھ ہی وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ریڈ کارڈ پانے والے انگلینڈ کے چوتھے کھلاڑی بن گئے۔ اس کے بعد انگلش ٹیم میدان میں صرف ۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ رہ گئی۔میچ میں ڈراما یہیں ختم نہیں ہوا۔ ۶۰؍ ویں منٹ میں انگلینڈ کو پنالٹی مل گئی کیونکہ میکسیکو کے گول کیپر راؤل رینگیل نے لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اینتھنی گورڈن کو باکس کے اندر گرا دیا۔ اس پنالٹی پر ہیری کین نے گول کر کے انگلینڈ کو تین ایک سے آگے کر دیا۔ 
 
 
۱۰؍کھلاڑیوں سے کھیلنے کے باوجود انگلینڈ نے زبردست مقابلہ کیا۔ ٹیم مسلسل دباؤ بناتی رہی اور ہزاروں میکسیکن شائقین کی موجودگی کے باوجود میکسیکو کو کڑی ٹکر دی۔تاہم اس کے بعد بھی میچ کی سنسنی کم نہیں ہوئی۔ ۶۹؍ ویں منٹ میں  میکسیکو کو پنالٹی مل گئی۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے اپنے ہی پنالٹی باکس میں  میکسیکو کے کھلاڑی کے خلاف  پر فاؤل کر دیا، جس کے بعد ریفری نے میکسیکو کے حق میں پنالٹی کا فیصلہ دیا۔ راؤل جیمنیز نے اس پر گول کر کے اسکور۲۔۳؍ کر دیا۔ آخری ۲۰؍منٹ میں میکسیکن ٹیم نے اپنا پورا زور لگا دیا اور مسلسل کاؤنٹر اٹیک کرتے رہے لیکن انگلینڈ کے گول کیپر پکفورڈ نے ان کی تمام کوششوں پر پانی پھیر دیا۔ اس طرح ۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے بھی انگلش ٹیم نے میکسیکو کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا -

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK