• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’گھر میں کھانے کو کچھ نہ ہوتا تو میں غلہ توڑ کر پیسے دیتی تھی‘‘

Updated: November 23, 2026, 4:04 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

مدنپورہ کی ۷۷؍سالہ مہرالنساء محمد عمر انصاری نے چھوٹی عمر میں ہی امورِ خانہ داری کی تربیت حاصل کرلی تھی ، گھریلو کام کے لاوہ والدہ کے ساتھ چرخہ بھرنےکاکام کرتی تھیں، آج بھی وہ علی الصباح اُٹھ کر پانی بھرنےکےعلاوہ کھانا پکانےمیں بہوئوںکی مددکرتی ہیں۔

Mehr-un-Nisa Muhammad Umar Ansari. Photo: INN
مہرالنساء محمد عمر انصاری۔ تصویر: آئی این این

مدنپورہ، گھیلابائی اسٹریٹ ،مستری کی چال کی ۷۷؍سالہ مہرالنساء محمد عمر انصاری کی پیدائش  ۱۹۴۹ء میں ہوئی تھی ۔ محمد عمر رجب روڈ پر واقع صفرابادی میونسپل اُردو اسکول سے چوتھی جماعت تک پڑھائی کی۔ اُس دور میں لڑکیوں کو زیادہ پڑھانا معیوب تصور کیا جاتا تھا ، اس کے ساتھ ہی مالی مشکلات بھی تھیں، جس کی وجہ سے وہ زیادہ پڑھائی نہیں کرسکیں ۔۱۰؍سال کی عمر میں والدہ کے ساتھ گھرمیں چرخہ بھرنا شروع کیا ۔ اماں نے ان کا علاحدہ چرخہ مقرر کر دیا تھا ۔ گھر کے کام کے ساتھ چرخہ بھرنا اہم مصروفیت تھی ۔اماں نے بچپن ہی میں چاول اور دال چننے کے علاوہ چائے وغیرہ پکانا سکھا دیا تھا ۔اس کے علاوہ رات کو چال کے مشترکہ نل پر گھر بھر کا کپڑا  دھوتی تھیں۔۲۰؍سال کی عمر میں شادی ہوئی ۔۴؍بچےہیں، جن میں ۲؍بیٹے اور ۲؍بٹیاںشامل ہیں ۔ بال بچوںکی پرورش میں پوری زندگی گزری ۔

آج بھی ۵؍ بجے صبح اُٹھ کرسب سے پہلے پانی بھرتی ہیں ۔پانی بھر کر فجرکی نماز اور تلاوت کرتی ہیں، بعداز یں چال میںکچھ دیر چہل قدمی کر کے پھر سو جاتی ہیں ۔صبح۱۰؍ بجے دوبارہ اُٹھتی ہیں ۔ ناشتہ وغیرہ کرنے کے بعد کھانا پکانےمیں بہوؤں کی مدد کرتی ہیں ۔ترکاری وغیرہ کاٹ کر دے دیتی ہیں ۔ظہر کی نماز پڑھ کر کچھ دیر کیلئے لیٹ جاتی ہیں ۔ عصر اور عشاءکی نمازوں کے بعد درو دشریف کاوردکرتی ہیں۔ عشائیہ کےبعد کچھ دیر تک پوتی پوتوں کے ساتھ باتیں کرکےپھر بسترکارخ کرلیتی ہیں۔   

یہ بھی پڑھئے: کیا مصنوعی ذہانت طلبہ میں اخلاقیات کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے؟

مہرالنساء کےطالب علمی کے زمانے میں شہری انتظامیہ کی جانب سےاسکولوںمیں کمزور بچوں کیلئے دودھ، چاکلیٹ اورپھل آتا تھا۔ دودھ بہت گاڑھا اورملائی والا ہوتا تھا۔ دودھ آنے پرجن کمزور بچوں کا نام رجسٹرڈ میں ہوتا تھا ، انہیں دودھ پینے کیلئے بھیجا جاتا تھا۔ مہرالنساء کا نام کمزور طلبہ میں شامل نہیں تھا۔ ایسے میں جب کبھی کمزور بچوںکی فہرست میں سے کوئی غیرحاضر ہوتاتو اس کی جگہ ٹیچر کسی اور بچے کو دودھ پینے کیلئے بھیج دیتے تھے۔ اس طرح  مہرالنساء کو بھی کئی بار دودھ پینے کا موقع ملاتھا ۔

مہرالنساء نے شروع ہی سے کفایت شعاری والی زندگی گزاری۔ والدین انہیں روزانہ خرچ کیلئے ایک پیسہ دیتے تھے ۔ ان کے علاوہ گھر آنے والے مہمانوں سے بھی کچھ پیسے مل جاتے تھے، وہ ان پیسوںکو خرچ نہیں کرتی تھیںبلکہ غلے میںانہیں جمع کرتی تھیں۔ اس کا علم ان کے والدین کو بھی تھا۔ ان کے والد سانچہ چلاتے تھے ۔ کبھی کبھی ایسا ہوتا تھاکہ بازار لانے کیلئے پیسہ نہیں ہوتا تھا ۔ ایسے موقع پر مہرالنساءغلہ توڑکر جمع پیسہ والد کو بازار کیلئے دے دیتی تھیں ۔ اس طرح گھر میں کھانا پکانے کا انتظام کر لیا جاتا تھا، بعدازیں رقم کا انتظام ہونے پر ابو ان کا پیسہ لوٹا دیتے تھے ۔

یہ بھی پڑھئے: اگر اعلیٰ سطحی سرکاری افسران کی ملازمت میں مسلسل توسیع ہوتی رہے تو اس کی جانچ ہونی چاہئے

مہرالنساء بچپن میں اپنی ہمسایہ سہیلیوں کے ہمراہ اسکول کے بعد خوب کھیلتی تھیں ۔ان کی ہم جولی سہیلیوں میں  حنیفہ ، زاہدہ ، ان کی ہم نام مہرالنساء اور نور جہاں وغیرہ شامل تھیں۔متعدد قسم کے کھلونوں سے کھیلنے کے علاوہ گڑیا گُڈے کی شادی کرانا ان کا محبوب کھیل تھا ۔ ان کی شادی کیلئے بڑی دھوم دھام سے تیاری کی جاتی ۔اس دورمیں مستری چال کے نیچے ایک درزی ہوا کرتے تھے۔ان سے کپڑے کی کترن لے کر دولہا دلہن کے جوڑے کی سلائی خود کرتی تھیں ۔ اس کے علاوہ دیگر سازو سامان کا انتظام کر کے بری نکالی جاتی تھی۔ بری کا سامان تھالیوں میںسجاکر ، تھالیاں سر پر رکھ کر چال میں گشت کیا جاتا تھا۔ایک سہیلی کی گڑیا تودوسری سہیلی کا گڈا ہوتا۔ ایک مرتبہ گڑیاگُڈے کی شادی کے موقع پر ان سہیلیوں نے پیسہ جمع کر کے چاول خرید لایا تھا جبکہ چال کے ایک صاحب نے اسی دن بکرا کاٹا تھا، انہوں نے اپنی طرف سے انہیں گوشت دے دیا تھا۔ ایک سہیلی کی امی نےگوشت اور چاول سے انہیں پلائو پکاکر دیا تھا۔ نکاح کے بعد دعوت کا اہتمام کیا گیا۔اس طرح گڑیاگُڈ ے کابیاہ رچاکرسبھی سہیلیاں خوش ہوتی تھیں ۔پہلے کی لڑکیاں بڑی ہو جانے پربھی مختلف قسم کے کھیل مثلاً لنگڑی اور رسی وغیرہ کھیلتی تھیں ،اب لڑکیاں اس طرح کا کھیل نہیں کھیلتی ہیں۔اس کی ایک وجہ پڑھائی کا دبائو اور دوسری وجہ موبائل کا بے جا استعمال ہے ۔ 

اُس دور میں گھروں میں پانی کا نل نہیں تھا ۔ خواتین اور لڑکیاں چال یا بلڈنگ کے باہر مشترکہ نل پر برتن اور کپڑا دھوتی تھیں ۔پینے اور استعمال کا پانی بھی لوگ ہنڈے سے اسی نل سے بھرا کرتے تھے۔مستری کی چال کے گھروں میں بھی نل نہ ہونے سے مشترکہ نل پر لوگ جاکر برتن اور کپڑا دھوتے تھے۔ پانی بھرنے، برتن اور کپڑا دھونےکے درمیان مختلف وجوہ پر روزانہ جھگڑا ہوتا تھا ۔ قطار میں آگے پیچھے ہونے پرخوب ہنگامہ ہوتا ۔ مہرالنساء بھی وہاں برتن اورکپڑا دھونے جاتی تھیں لیکن انہوں نے کبھی کسی سے جھگڑا نہیں کیا ۔پانی بھرنے کیلئے اگر کوئی ان سے کہتا، اپنا ہنڈا، ہٹائو تو خاموشی اسے پہلے پانی بھرنے کا موقع دیتیں،  بحث نہیں کرتی تھیں ۔ 

   والدکے ڈر سے مہرالنساء فلم دیکھنے نہیں جاتی تھیں ۔ ان کی  بڑی بہن نے انہیں پہلی مرتبہ اپنے گھر بلا کر فلم دکھائی تھی۔ اس وقت مہرالنساء کی عمر تقریباً  ۱۵؍سال رہی ہوگی ۔ بائیکلہ میں فلم گنگا جمنالگی تھی۔ فلم کے ایک منظر میں ہیرو اور ویلن کے درمیان ہونے والی فائٹنگ اور فائرنگ دیکھ کر ڈر گئیں اور چلانے لگیں ۔ سمجھ رہی تھیں کہ سچ میں گولی چل  رہی ہے ۔ بڑی مشکل سے انہیں سنبھالا گیا تھا۔  بعد میں خاوند کے ساتھ بھی فلمیں دیکھیں ۔

اس دور میں گلی محلوں میں اکثر ۲؍گروپ میں لڑائی ہوا کرتی تھی۔ ایک دوسرے پر لوگ چاقو، چھری اورلاٹھی سے حملے کرتےتھے۔ سوڈے کی بوتلیں چلتی  اور ٹیوب لائٹ پھینکی جاتی تھیں ۔ مہرالنساء نے ان لڑائیوں کو اپنی چال سے دیکھا ہے۔اکثر رات کے وقت جھگڑا ہوتاتھا۔ ایسے میں بچے اگر باہر ہوتے تو والدین اور متعلقین کی حالت خراب ہو جاتی تھی۔

مہرالنساء ایک مرتبہ شادی سے قبل والدین کے ساتھ اور ایک بار شادی کے بعد خاوند کے ہمراہ حاجی ملنگ درگاہ گئی تھیں ۔ دونوں ہی مرتبہ لکڑی کے سہارے بلند پہاڑ سرکرنے کا تجربہ بہت دلچسپ رہا۔ راستے میں سامنے آنے والے بندروں کو لکڑی سے بھگانے اور پھر آگے بڑھنے کالطف اندوز سفر یاد ہے ۔ وہاں جاکر ایک دو دن قیام کرنا۔ کھانا پکانا، زیارت کرنا اور کھیل کود کی مصروفیت سے خوب محظوظ ہوتی تھیں۔ اس دور میں وہاں جو پھول فروش تھے ،وہ زائرین کو پھول کی خریداری پر اپنا مکان رہائش کیلئے مفت میں دیتے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹی وی کے نام نہاد صحافی چاپلوسی کا ریکارڈ بنانے پر تلے ہیں

مہرالنساء کےوالد نے ایک طوطا پالا تھا۔وہ ان کے گھر والوں سے اس قدر مانوس ہوگیا تھاکہ سبھی افراد کا باقاعدہ نام لے کر مخاطب کرتا تھا۔ کوئی ہمسایہ کسی چیز کی طلب لےکر آتا، تو وہ کہتا تھا، نہیں ہے، چلے جائو۔ مہرالنساء اسے نل پر نہلانے کیلئے لے جاتی تھیں، وہاں موجود لوگوں سے بھی وہ ہٹنے کیلئے کہتا تھا ۔ اس کی پیاری بات اور انداز سے متاثر ہو کر لوگ مہرالنسا سے کہتے تھے، پہلے اسے نہلا دو پھرہم اپنا کام کریں گے۔

مہرالنساء کے دور میں شادی بیاہ کا اہتمام دھوم دھام سے کیا جاتا تھا۔ دال گوشت اور چاول سے مہمانوںکی ضیافت کی جاتی تھی ۔ چاول اور دال محلے کی خواتین چنتی تھیں ۔شادی والے گھر سے پڑوسیوں اور متعلقین کے گھروں میں مہندی بھیجی جاتی تھی تاکہ خواتین مہندی لگاسکیں۔ قوالی کا اہتمام کیا جاتا تھا ۔ گلی میں منڈپ باندھ کر قوالی کا پروگرام رات بھر جاری رہتا ۔مستری چال کے یعقوب بھائی چال میں ہی فلم دکھانے کا انتظام کرتے تھے۔ سفید پردہ باندھ کر بلیک اینڈ وائٹ فلم دکھاتے تھے ۔پہلے غریبی تھی، لوگوں کےپاس زیادہ پیسہ نہیں تھا لیکن لوگ بہت پیار و محبت سے ساری خوشیاں آپس میںبانٹ کر سکون سے رہتے تھے۔ لالچ نہیں تھا۔ آج لوگوں کے پاس پیسہ بہت ہے لیکن سکون نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK