موت کا ہمیشہ کھلا ہوا دروازہ‘‘ابتدائے عالم کے دوسرے ہی لمحہ سے شاید کھول دیا گیا ہے اور اب اس کے بند ہونے کے متعلق وثوق سے نہیں کہا جاسکتا کہ کب ہوگا۔ لیکن، یہ امر مسلم ہے کہ لاکھوں ہی اس راہ سے گزر گئے۔ جو باقی ہیں ان سب کو بھی اسی راستے سے گزرنا ہوگا۔
’’موت کا ہمیشہ کھلا ہوا دروازہ‘‘ابتدائے عالم کے دوسرے ہی لمحہ سے شاید کھول دیا گیا ہے اور اب اس کے بند ہونے کے متعلق وثوق سے نہیں کہا جاسکتا کہ کب ہوگا۔ لیکن، یہ امر مسلم ہے کہ لاکھوں ہی اس راہ سے گزر گئے۔ جو باقی ہیں ان سب کو بھی اسی راستے سے گزرنا ہوگا۔ مبہم اور واضح، معین اور غیر معین، ہزاروں باتیں اور لاکھوں دلچسپیاں ہیں جو اس راہگزر سے اس کنارے سے وابستہ بیان کی جاتی ہیں۔ اور صورت حال یہ ہے کہ جو اِدھر سے اُدھر گیا، پھر لوٹ کر نہیں آیا۔ کاش کہ کوئی تو پلٹ کے آتا اور ہمیں اپنے مشاہدہ و سیر کے افسانے سناتا جس سے ہم قطع مسافت (فاصلہ طے کرنے) کی دقتوں، مصائب کی لذتوں اور منازل کی صعوبتوں کا اندازہ کرسکتے۔ کسے معلوم ہے کہ وہاں گرمی ہے یا سردی۔ کیسی مخلوق بستی ہے۔ وہ کچھ کھاتے پیتے ہیں یا نہیں۔ ان کی بولی کیا ہے۔ کس چیز کی قدر کی جاتی ہے۔ وہ کیا شے ہے جس سے سب کو نفرت ہے۔ اگر اس کا کچھ ٹھیک ٹھیک پتہ چل جاتا تو زاد راہ کی فراہمی، سامان کی ترتیب اور مسافرت کے لوازم ِدُنیاوی میں بہت مدد ملتی۔
اب وہی اکابر امم ہیں جنہوں نے اپنے ملکات روحی (روحانی طاقت) اور حدث الہامی (کوئی ایسا نیا واقعہ، خیال، یا خبر ہے جو غیب سے یا الہام کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی طرف سے دل میں پیدا ہو) سے اس راہ کے متعلق کچھ اطلاعیں دی ہیں۔ وہی ہمارا جغرافیہ ہے وہی ہماری تاریخ۔ اس سے تقسیم منازل کا پتہ لگتا ہے۔ اور اسی سے صورت قیام معلوم ہوتی ہے۔ مسافرت کے لوازم اور اس دیار کے رسم و رواج کی کچھ سن گن لگتی ہے تو بھی اسی سے۔ یہی ہمارا دین و ایمان ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایم جان ہیریسن کے ناول ’’دی اینڈ آف ایوری تھنگ‘‘ کی دس دلچسپ باتیں
انسانی حیات کی تکمیل طفلی، شباب اور کہولت (بزرگی) کے تین درجوں پر موقوف ہے۔ جب انسان آخری درجہ طبعی کو طے کرلیتا ہے تو اس کے امتحانِ فراغت کی گھڑی آ جاتی ہے۔ امتحان گاہ تک پہنچنے کیلئے اجل کے دروازے سے گزرنا ناگزیر ہے۔ اور ایک بھی راہروِ آخرت ایسا نہیں جو اس راہ سے نہ گزرا ہو۔ انسان کا اس عالم کے مختصر سے قیام کے بعد جو قدم اس سمت کو اُٹھتا ہے وہ یکسر ’’بیم و رجا‘‘ سے معمور ہوتا ہے اور یہی دھڑکا جان کے ساتھ لگا رہتا ہے کہ دیکھئے کہ پہلی منزل میں کیا کچھ نہ بیت جائے۔ ملک اجنبی ہے، طور و طریق ِقیام سے ناواقفیت ہے، زبان اور آداب سے بیگانگی ہے، پھر مسافر ِغریب کی بے سروسامانی۔ اس کے پاس تو کچھ ہے بھی نہیں۔ ہاں عمل کے چند کھوٹے سکے ہیں جو اس دُنیا میں تو مکر و فریب سے چلتے رہے اور جعل نہ کھلا۔ اب خدا جانے وہاں بھی اس کا چلن ہے یا نہیں۔ اس کے بعد ’’زادِ راہ‘‘ میں سے کچھ اور بھی اگر ہے تو ایک فرد خاب ہے اس کی بھی یہاں جانچ پڑتال نہ ہوسکی۔ اُدھر دیکھئے اس کا کیا لکھا پورا ہوا؟
جانے والوں میں سے ایسے لوگ جنہوں نے اسباب سفر کچھ پہلے سے باندھ رکھا تھا، پھر بھی کچھ نہ کچھ پوچھ گچھ کے ساتھ لے ہی گئے مگر ایسے نادان جو کاروبار اور علائق میں مصروف و منہمک رہے، وہ تو اچانک طلب پر دفعتاً چل کھڑے ہونے پر مجبور تھے، اللہ، ان کے ساتھ کیا گزرے گی؟
ہائے وہ غافل اور مست ِ ہوس انسان جس کی زیست کا سارا زمانہ لہو و لعب میں گزرا، جس کی بساط حیات نسیاں کی گل کاریوں سے حلقۂ فریب بنی رہی۔ اس نے ایک لمحہ کیلئے بھی نہ سوچا کہ اس کی یہ ریشمی ڈوری انجام کار اسی کے گلے کا پھندا بنے گی۔ درہم و دینار کے صرفِ بیجا سے مفرح شربت، سنہرے ساغروں میں اُڑتے رہے۔ اس کی خبر بھی نہ لی کہ اجل کے جام ِ تلخ سے اس کے لب و حلقوم کے ذائقے بدل جائینگے اور اس آب ِ آتشیں کو بھی پینا پڑے گا جس سے قضا کے اسہال لگ جاتے ہیں۔
بُرے اعمال کی فتنہ سامانیاں، وہ بھی وقت تھا جبکہ پری پیکر بھوت کی طرح سر پر سوار تھی۔ مے و مطلب کی جلوہ فرمائیوں سے ہوس و فرط کی آنکھیں چندھیائی ہوئی تھیں، دماغ معطل تھا اور فکر عاقبت کافور، پھر جب عیش کا دورہ ختم ہوا اور بزم شب کی سحر ہوئی تو لیلائے حیات بھی ردا چاک تھی۔ نہ رخنہ کوئی رفو کے قابل تھا اور نہ دھبہ کوئی دھلنے کے لائق۔ نفس کے جس تار کو دیکھئے ٹوٹ جانے پر آمادہ۔ پیرہن زیست کے جس داغ کو دیکھئے چھوٹنے سے بیزار۔ زیست کا احساس ہے کہ روح میں سوئیاں بھونک رہا ہے۔ عمل کی ندامت ہے کہ دل و جگر میں بجلیاں تڑپ رہی ہیں۔ اس رُستخیز بلا میں شباب گریز پا پر جو کچھ نہ گزر جائے کم ہے۔ اب یہ روٹھے کہ منے، روئے کہ مچلے، عشرت کے خمیازے کو جھیلے بغیر چارہ نہیں۔
او منچلے نادان، تیری شوخیاں، سرمستیاں اور بے باکیاں گنہگار نگاہوں میں کس قدر محبوب تھیں مگر تجھے معلوم نہ تھا کہ پایان کار (آخر کار) یہ سب باتیں، یہ ساری ادائیں، بے ادبیوں اور گستاخیوں اور سرکشیوں کا عنوان بن جائیں گی۔ اور قانون ادب کی زبان ان کو ’’معصومیت‘‘ کے نام سے تعبیر کریں گی۔ پھر معصیت اپنے ارتکاب عمل کے بعد لاکھ سرنگوں اور شرمسار اپنے آپ کو پیش کرے اور عالم رنگیں کے نقش و نگار سے ہزار منہ پھیر پھیر کر بیٹھے، پر عصمت کی وہ آب کہاں، معصیت پھر معصیت ہے اور پاداش، اس کا ثمر لازمی ہے، ہاں وہ کروڑ تاسف کیا کرے، مایوسیوں کی ماتم داری اور بیچارگی کی نمائش کرتی رہے مگر اس کی کوئی پرسش اور وقعت نہیں۔ مکافات کے قانون کا فیصلہ اٹل ہے اور لغزش عمل کی سزا بھگتنا ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’میرا تعلق کئی زبانوں سے ہے، جن میں سے ایک اردو بھی ہے، جس سے مجھے عشق ہے‘‘
دنیائے احساس جہاں قدم قدم پر ایمان اور ضمیر کی فرمانروائی ہے، جس کے حضور ہر ذرہ میں تصدیق کی روح پڑی جگمگا رہی ہے، دراصل ایسے ہی قدسی نفوس انسانوں کا ملجا و مامن ہے جو رات اور دن، تاریکی اور روشنی، برائی اور بھلائی میں تعمیر کا وقوف رکھتے ہیں جن کا مبارک کام یہ ہے کہ راہ سے بھٹک جانے والوں کو ٹھکانے تک پہنچائیں، بہک جانے والوں کو سیدھی راہ سجھائیں۔ پھر کون ہے جو مجاہد حق کے اس محمود مسلک کو بہ نظر استحسان نہ دیکھے گا اور کس کی عقل ہے جو حق و صداقت کے اس ممد و معاون محترم وجود کیلئے کوئی’’بخشش‘‘ اور حیلہ نہ تسلیم کرلے۔
لاریب کہ با وقعت و ذی عزت وہی ہستیاں ہیں جو امر بالمعروف کے علمبردار اور نہی عن المنکر کیلئے ہیکل تادیب و سرزنش ہیں۔ احتساب ان کی انسانیت کا اولین فرض، اصلاح مفاسد کا مادہ ان کا مایۂ خمیر اور برائیوں کی پرچول (عادت) ان کی گھٹی۔ جہاں کسی سے جرم صادر ہوا یہ دار و گیر پر مستعد۔ جب کوئی خطا کاری پر بَری ہوا اس کے قلع و قمع پر آمادہ۔ پس شرف اس عالم میں اگر کسی کو ہے تو ان ہی کو، اور آخرت کی بزرگی بھی اگر کسی کے واسطے ہے تو ان ہی کیلئے۔ خطا کار غلطیاں کرتے ہیں، ٹھوکریں کھاتے ہیں اور تماشا دیکھتے برأت کیلئے نت نئی منطق چھانٹتے ہیں۔ قوت تعقل دلیل کی آڑ پیدا کرتی ہے لیکن یہ مسلمہ امر ہے کہ مرتکب ِجرم کی خفت و تذلیل اور سزا و تعزیر لازمی ہے۔ وہ اس دنیا میں بھی ذلیل عمل ہے اور آخرت میں بھی رسوا انجام۔ پس اس کی ایسی ہر تلاش بے کار ہے، اس کی ہر ایسی تاویل بے سود ہے اور اس کی ہر ایسی فریب خوردہ پناہ بے در و دیوار کا ایک مکان ہے جس میں کون راحت سے رہنے کا ارادہ کرے؟
انسانی اعمال کا ہر سیاہہ ہر لحظہ وقف تحریر و نگارش ہے اور افسوس اس کو ایسی منشیانہ قوت لکھتی ہے جس کی عبارت مختصر ہے اور جامع، جس کا انداز رقم محمود ہے اور مسلّم، جس کے آگے مہاجنی ڈھانچے پہنچے مگر سب گرد، جو شارٹ ہینڈ رائٹنگ سے زیادہ زود نویس جس کی سطریں طویل تر احوال کا خلاصہ اور جس کے فقرے طوالت کا نچوڑ ہیں۔ پھر ایسے چابک دست کاتب ِاعمال کے آگے ہمارے روزنامچے کی کیا پیش جائے گی؟
یہ حکمت اندازیاں اور کذب آمیز سخن سازیاں سب دھری رہ جائیں گی۔ اور نفس امارہ نے جس قدر سرقے (سرقہ بمعنی چوری) اور چوریاں کی ہیں ان کو جب میزان تنقید پر رکھا جائے گا تو حساب کی پول کھل جائے گی۔ ہمارے فریب کے جوڑ توڑ اور مکر کے سلسلے ہمارے حق میں زنجیر ملامت اور طوق لعنت بن کر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: کسی اَدب کا اپنی سماعی روایت سے رشتہ منقطع ہوجائے، یہ کوئی چھوٹا سانحہ نہیں ہے
وہ ’’خراب فسق‘‘ جس نے خدائے بزرگ و برتر کی پاک زمین کے گل بوٹوں کو غارتِ پامالی کیا ہے، جس نے چمنستان عالم کے سبزہ آسودہ عصمت کو نفس شریر و گستاخ کی چراگاہ سمجھا ہے کیا وہ مطمئن ہے کہ اس کو تاراج گل اور تباہی غنچہ کا حساب نہ دینا پڑے گا؟ چپہ چپہ گلشن دہر کا، ٹکڑا ٹکڑا باغ دنیا کا جب اپنی مظلومی کی داستان اس کے خلاف سنائے گا تو کیا اس کو چھوڑ دیا جائے گا؟
کیسے مطمئن اور شاد ہیں وہ لوگ جنہوں نے سیدھی اور سچی راہ اختیار کرلی۔ دنیا میں سب سے زیادہ کٹھن منزل موت ہے۔ اور دنیا نے ہزاروں مرتبہ یہ تماشا دیکھ لیا ہے کہ جب کسی رضائے الٰہی کے بندے کو یہ نسبت آتی ہے تو وہ نہایت مسرت، نہایت سکون، نہایت تصدیق کے ساتھ روح کی امانت کو اجل کے سپرد کر دیتا ہے۔ اس کے قلب سے ایک ایمانی روشنی نکلتی ہے جو سکرات کی تلخیوں اور نزع کی پرظلمت تکلیفوں کو بہت جلد راحت و لذت سے بدل دیتی ہے اور یہ مسافر ہنستا کھیلتا اس راہ سے گزر جاتا ہے۔ موت کی ہیبت ناک صورت اپنے طاعت شعار کو ذرا بھی تو ڈراؤنی نہیں معلوم ہوتی۔
بر خلاف اس کے وہ پانی جس کے گھٹ میں میل ہے، وہ مسافر جس کے ہاتھ میں چوری کا سامان ہے کبھی اطمینان کے ساتھ راستہ طے نہیں کرسکتا۔ جب پرسش و تفحص (جستجو، تلاش) کی گھڑی پیش آتی ہے تو اس کے دل کی دھڑکن غیر معمولی طور پر بڑھ جاتی ہے یہ جوان ہمت بھی مشہور ہو مگر ایسی ساعتوں میں بچوں کی طرح بے بس و بے کس نظر آتا ہے۔ خوف کے مارے اس کے حواس خراب ہو جاتے ہیں، وہ ڈر جو سیاہ کاری کی وجہ سے پیدا ہو جاتا ہے انسانی روح کیلئے ایک جونک ہے جو آہستہ آہستہ مسرت و اطمینان کے سارے خون کو چوس لیتی ہے اور وہ خوف جو بر بنائے مآل اندیشی پیدا ہو جائے وہ دنیا میں ہزاروں نیک اعمال کا محرک ہے۔ اور اس سے بڑھ کر تضرع و انکسار کے پیدا ہونے کی کوئی اور صورت نہیں مگر آہ گناہ گار کا خوف، یہ ایسا خوف ہے جو ایڑیاں رگڑوا رگڑوا کر انسان کو ہلاک کر دیتا ہے۔
دنیا میں مذاہبِ نے جو تعلیم اخلاق اور حق پرستی کی دی ہے اس میں اگر فلاح مرکوز ہے تو ابن آدم ہی کی ہے۔ تعجب ہے اگر ایسے الہامی صحیفوں اور آسمانی کتابوں کے ارشاد و ہدایت سے انسان روگردانی اختیار کرے۔ لیکن کچھ بھی ہو، سرشت ابن آدم کی یہی ہے کہ اس کو معلم اخلاق ملے، بادیان راہ حق نصیب ہوئے، اس کو کتابیں راستی اور نیکی کی باتیں اختیار کرنے کے لئے عطا ہوئیں مگر جب یہ اپنی مستی پر آتا ہے تو سب کو پس پشت ڈال دیتا ہے۔ پھر آگے چل کر جب خمار گندم اترتا ہے تب حضرت ہائے وائے پر اتر آتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: زندگی اور فن میں ذہنی تنہائی کا کوئی بدل نہیں
سب سے زیادہ فطرتِ انسانی کے آزمائش و امتحان کی ساعت وہ ہے جبکہ اس کو دنیا میں تاج شاہی بر سر اور عبائے حکومت زیب بر (ا سکا معنی ہم نے پہلو کو سجانے والا سمجھا ہے: مرتب ِ صفحہ) کرنے کا موقع ملے۔ پھر اس نے بھی تخلیق انسانی کے ہر دور میں تجدید رستم ہامان و فرعون اور احیائے سنت نبویؐ و شداد کے منظر دکھلا دیئے ہیں۔ کاش اس کو بن بن کے کھیل بگڑ جانے اور گلشنوں کے پھل پھول کے اجڑ جانے سے کوئی عبرت نصیب ہوتی۔ سرفرازوں کے سر کو ذلت سے جھکتے اور شاہی تاجوں کو خاک میں گرتے دنیا نے بارہا دیکھ لیا ہے مگر نصیحت معلوم۔
دنیا نام مقام عشرت کا نہیں، یہ تو مزرعہ آخرت ہے۔ جیسا بونا ویسا پانا۔ ’’اعمال حسن‘‘ کے بیج خلوص کی زمین کو سونپو تاکہ حاصل کے وقت مراد کے دامن پھل اور پھول سے بھری اور مشام روح کے لئے یہ تحفہ عطر آگیں قابل مسرت و راحت ہو ورنہ یوں تو ہر لغزش عمل اور ہر بہک جانے کی شکل کے لئے ’’مواخذہ‘‘ کی دار و رسن موجود ہے۔